1 مدیان پر فتح تب یُربعل یعنی جِدعون اَور سب لوگ جو اُس کے ساتھ تھے، صُبح کو اُٹھے، اَور عینِ حرود کے پاس ڈیرے لگائے۔ اَور مِدیانیوں کے ڈیرے جبعہ مورہ کے شِمال کی طرف وادی میں تھے۔ 2 تب خُداوند نے جِدعون سے کہا۔ کہ تیرے ساتھ کے لوگ اِتنے زیادہ ہیں۔ کہ مَیں مِدیان کو اُن کے ہاتھ میں نہیں کرسکتا۔ ایسا نہ ہو کہ اِسرائیل میرے سامنے اپنے اُوپر فخر کرکے کہے کہ ہمارے ہاتھ نے ہمیں بچایا۔ 3 اِس وقت تُو سب لوگوں کے کانوں میں اِعلان کر دے۔ اَور کہہ دے۔ کہ جو کوئی ترساں اَور لرزاں ہو۔ وہ لَوٹے۔ اَور کوہِ جِلعاد سے چلا جائے۔ تو لوگوں میں سے بائیس ہزار واپس گئے۔ اَور دس ہزار باقی رہے۔ 4 تب خُداوندنے جِدعون سے کہا۔ کہ لوگ ہنُوز زیادہ ہیں۔ لہٰذا تُو اُنہیں پانی کی طرف نیچے لا۔ اَور مَیں وہاں اُنہیں آزماؤں گا۔ اَور جس کی بابت مَیں کہُوں۔ کہ یہ تیرے ساتھ جائے تو وہ تیرے ساتھ جائے گا۔ اَور جس کی بابت مَیں کہوں۔ کہ وہ نہ جائے۔ تو وہ نہ جائے گا۔ 5 چُنانچہ وہ اُن لوگوں کو پانی کے پاس نیچے لایا۔ اَور خُداوند نے جِدعون سے کہا۔ کہ سب جو پانی کو اپنی زُبان سے چپڑ چپڑ کرکے پِیئیں۔ جیسا کہ کُتّا پِیتاہے۔ اُنہیں تُو ایک طرف کھڑا کر۔ اَور ایسا ہی اُنہیں جو پینے کے لئے گُھٹنوں کے بَل جُھکیں۔ 6 چُنانچہ جِنہوں نے اپنی ہتھیلی سے پانی مُنہ کو لا کر چپڑ چپڑ کرکے پِیا۔ تین سَو آدمی تھے۔ اَور باقی سب لوگ پانی پِینے کو اپنے گُھٹنوں کے بَل جُھکے۔ 7 تو خُداوند نے جِدعون سے کہا۔ کہ اِن تین سَو آدمیوں سے جِنہوں نے چپڑچپڑ کرکے پانی پِیا۔ مَیں تُجھے رِہائی دُوں گا۔ اَور مِدیان کو تیرے ہاتھ میں کر دُوں گا۔ اَور باقی سب لوگ اپنے اپنے مکان کو واپس چلے جائیں۔ 8 لہٰذا اُنہوں نے لوگوں کے گھڑے اپنے ہاتھ میں لئے۔ اَور نرسِنگے اُٹھائے۔ اَور باقی بنی اِسرائیل میں سے اُس نے ہر ایک کو اُس کے خَیمے میں بھیجا۔ اَور تین سَو آدمیوں کو اپنے ساتھ رکھّا۔ اَور مِدیانیوں کے ڈیرے اُن کے نیچے وادی میں تھے۔ 9 اَور اُس رات کو ایسا ہُوا۔ کہ خُداوند نے اُسے فرمایا۔ اُٹھ اَورلشکر گاہ کو جا۔ کہ مَیں نے اُنہیں تیرے ہاتھ میں دے دِیا ہَے۔ 10 اَور اگرتُو نیچے اُترنے سے ڈرتاہے۔ تو تُو اپنے غُلام فُوراہ کو ساتھ لے کرلشکر گاہ کواُتر۔ 11 اَور جو کُچھ وہ کہتے ہَیں، تُو سُن۔ اَور اُس کے بعد تیرے ہاتھوں میں قُوّت آئے گی اَورتُو لشکر گاہ کو اُترے گا۔ تب وہ اَور اُس کا غُلام فُوراہ لشکر گاہ میں کِنارے کے سِپاہیوں کی طرف اُترے۔ 12 اَور مِدیانی اَور عمالیقی اَور تمام اہلِ مشرق وادی کے درمیان ٹِڈّی کی مانند کثرت سے اُترے ہُوئے تھے اَور اُن کے اُونٹوں کا کُچھ شُمار نہ تھا۔ کیونکہ وہ کثرت سے سمُندر کے کِنارے کی ریت کی طرح تھے۔ 13 جب جِدعون آیا۔ تودیکھو۔ وہاں ایک آدمی تھا۔ جو اپنے ساتھی سے اپنا خواب بیان کررہا تھا۔ اَور اُس نے کہا۔ مَیں نے ایک خواب دیکھا۔ کہ جَو کی روٹی کی ایک ٹِکیا مِدیانیوں کے لشکر میں آگِری اَور ایک خَیمہ کو لگی تو اُسے ایسا دَھکّا مارا کہ وہ گِر گیا۔ اَور اُسے اُلٹا دِیا۔ اَور وہ خَیمہ زمین پر بِچھ گیا۔ 14 تو اُس کے ساتھی نے اُسے جَواب دِیا۔ اَور کہا۔ بس یہ جِدعون بِن یوآس اِسرائیلی کی تلوار ہے۔ کہ جس کے ہاتھ میں خُدا نے مِدیانیوں کو اَور سب لشکر گاہ کو کردِیا ہے۔ 15 جب جِدعون نے خواب کا بیان اَورتعبِیر سُنی تو اُس نے سجدَہ کِیا۔ اَور اِسرائیل کے لشکر گاہ کوواپس آیا۔ اَور کہا۔ اُٹھو۔ کہ خُداوند نے مِدیانیوں کے لشکر گاہ کو تُمہارے ہاتھوں میں دے دِیا ہَے۔ 16 اَور اُس نے تین سَو آدمیوں کے تین غول کِئے۔ اَور ہر ایک کے ہاتھ میں ایک نرسِنگا اَور ایک خالی گھڑا دِیا۔ اَورہر گھڑے کے اندرمشعل تھی۔ 17 اَور اُس نے اُن سے کہا۔ کہ جیسا مُجھے کرتے دیکھو۔ ویسا ہی تُم بھی کرو۔ اَور دیکھو مَیں لشکر گاہ کے کِنارے کے اندر داخِل ہوجاؤں گا۔ تو جیسا مَیں کرُوں گا۔ ویسا ہی تُم بھی کرو۔ 18 اَور جس وقت مَیں اَور سب جو میرے ساتھ ہیں، نرسِنگا پُھونکیں۔ تو تُم بھی لشکر گاہ کے گِرد تمام طرف نرسِنگے پُھونکو۔ اَور للکارو۔ خُداوند اَور جِدعون کے لئے۔ 19 پس جِدعون اَور سَو مَرد جو اُس کے ساتھ تھے لشکر گاہ کے کِنارے پر درمیانی پَہرے کے شرُوع میں آئے۔ اَور اُسی وقت پَہرے دار کھڑے ہُوئے تھے۔ تو اُنہوں نے نرسِنگے پُھونکے۔ اَور گھڑوں کو جو اُن کے ہاتھوں میں تھے ایک دُوسرے پر مارا۔ 20 اَور غولوں نے نرسِنگے پُھونکے اَور گھڑے توڑے۔ اَور مشعلیں اپنے بائیں ہاتھوں میں اَور نرسِنگے اپنے دہنے ہاتھوں میں پُھونکنے کے لئے پکڑے۔ اَور للکارے۔ خُداوند اَورجِدعون کی تلوار۔ 21 اَور ہر ایک آدمی اپنی جگہ میں لشکر گاہ کے گِرد کھڑا ہُوا۔ تو سارا لشکر گھبراگیا۔ اَور چِیخوں سے شور مچایا۔ اَور بھاگ نِکلا۔ 22 اَور تین سَو مَرد اپنے نرسِنگے پُھونکتے رہے۔ اَور سارے لشکر گاہ میں خُداوند نے ہر ایک کی تلوار اُس کے ساتھی پر چلوائی۔ اَور لشکر بیت سطّہ کوصَریرات کی طرف ابیل محولہ کے کِنارے تک جو طبات کے سامنے ہَے، بھاگا۔ 23 اِسرائیلی مَرد نفِتالی اَور آشر اَور تمام مَنسّی سے اِکٹھے ہو کر نِکلے۔ اَور اُنہوں نے مِدیانیوں کا تَعاقُب کِیا۔ 24 اَور جِدعون نے تمام کوہِ اِفرائیم پر قاصِد بھیجے اَور کہا۔ کہ مِدیانیوں کے مُقابِلے میں باہر نِکلو۔ اَور اُن کے خلاف گھاٹوں پر بَیت برہ اَور یردن تک قبضہ کر لو۔ تب اِفرائیم کے سب مَردجمع ہُوئے۔ اَور بَیت برہ اَور یردن تک گھاٹوں پر قبضہ کِیا۔ 25 اَور اُنہوں نے مِدیانیوں کے سرداروں میںسے دو سردار عوریب اَور زئیب کو پکڑا اَور عوریب کو عوریب کی چٹان پر اَور زئیب کو زئیب کے کولُھو کے پاس قتل کِیا اَور اُنہوں نے مِدیانیوں کو رگیدا۔ اَور عوریب اَور زئیب کے سروں کو یردن کے پار جِدعون کے پاس لائے۔