1 بنیمین کی سزا تب تمام بنی اِسرائیل نِکلے۔ اَور ساری جماعت دان سے لے کر بیر سبع تک اَور مُلک جِلعاد تک ایک تن ہو کر مصِفاہَ میں خُداوند کے حضُور اِکٹھّی ہُوئی۔ 2 اَور تمام قوم کے سردار اَور اِسرائیل کے تمام قبیلوں کے لوگ خُدا کی اُمّت کے مجمع میں چار لاکھ پِیادے تلوار چلانے والے حاضِر ہُوئے۔ 3 اَور بنی بِنیمِین نے سُنا کہ بنی اِسرائیل نے مصِفاہ پر چڑھائی کی۔ اَور بنی اِسرائیل نے کہا۔ ہم سے بیان کرو۔ کہ یہ شرارت کیوں کر ہُوئی؟ 4 تب اُس لاوی مَرد نے جو مَقتُول عورت کا شوہر تھا۔ جَواب میں کہا۔ کہ مَیں اَور میری حرم بِنیمِین کےجبعہ میں رات رہنے کے لئے داخِل ہُوئے۔ 5 توجبعہ کے لوگ مُجھ پر آپڑے۔ اَور جس گھر میں مَیں تھا اُسے رات کے وقت گھیر لِیا۔ اَور چاہا۔ کہ مُجھے قتل کریں۔ اَور میری حرم کو ذلِیل کِیا۔ یہاں تک کہ وہ مَر گئی۔ 6 مَیں نے اپنی حرم کو لے کر ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا۔ اَور اُنہیں اِسرائیل کی مِیرَاث کی ساری سَرزمین میں بھیجا۔ کیونکہ اُنہوں نے اِسرائیل میں بَدی اَور شرارت کی۔ 7 دیکھو۔ اَے بنی اِسرائیل! تُم سب یہاں پر اپنی صلاح اَور مشورت دو۔ 8 تب وہ سب لوگ ایک تن ہو کر اُٹھے۔ اَور کہا۔ کہ کوئی اپنے خَیمہ کو روانہ نہ ہوگا۔ اَور کوئی اپنے گھر کو نہ جائے گا۔ 9 اَور اَب ہم جبعہ سے یہ کام کریں گے۔ ہم اُس کے خلاف قُرعہ سے جائیں گے۔ 10 ہم بنی اِسرائیل کے سب قبیلوں میں سے سَو میں سے دس آدمی اَور ہزار میں سے سَو اَور دس ہزار میں سے ایک ہزار لیں گے۔ جو لوگوں کے لئے رسَد لائیں۔ تاکہ ہم بِنیمِین کےجبعہ میں داخِل ہو کر اِس شرارت کے مُطابِق جو اُنہوں نے اِسرائیل میں کی۔ اُن کے ساتھ سلُوک کریں۔ 11 اِسرائیل کے سب آدمی اِتفاقِ رائے سے ایک تن ہو کر اُس شہر کے مُقابِل جمع ہُوئے۔ 12 اَور بنی اِسرائیل کے قبیلوں نے بِنیمِین کے سب خاندانوں کے پاس لوگ بھیج کر کہا۔ کہ یہ کیا شرارت ہَے جو تُمہارے درمیان کی گئی؟ 13 تُم اُن لوگوں یعنی اُن خبِیث اشخاص کو جوجبعہ میں ہَیں ہمارے حوالہ کردو۔ تاکہ ہم اُنہیں قتل کریں۔ اَور اِسرائیل میں سے شرارت کو مَٹا ڈالیں تب بنی بِنیمِین نے اپنے بھائیوں بنی اِسرائیل کی بات ماننے سے اِنکار کِیا۔ 14 اَور بنی بِنیمِین شہروں سےجبعہ میں جمع ہُوئے تاکہ باہر نِکل کر بنی اِسرائیل سے لڑائی کریں۔ 15 اَور اُس روز بنی بِنیمِین جو شہروں سے جمع ہُوئے چھبیس ہزار تلوار چلانے والے مَرد تھے ماسِوائےجبعہ کے لوگوں کے۔ 16 اُن سب لوگوں میں سات سَوچُنے ہُوئے جوان تھے۔ جو دو ہَتھّے تھے۔ جِن میں سے ہر ایک فلاخن سے بال پر بِلا خطا پتھّر مار سکتا تھا۔ 17 اَور اِسرائیل کے آدمی بِنیمِین کے علاوہ شُمار میں چار لاکھ تلوار چلانے والے جوان سب صاحبِ جنگ تھے۔ 18 تب وہ اُٹھے اَور بَیت ایل کو چڑھے۔ اَور اُنہوں نے خُداوند سے پُوچھا اَور کہا۔ کہ بنی بِنیمِین سے لڑائی کرنے کے لئے ہم میں سے کون پہلے چڑھائی کرے۔ خُداوند نے کہا۔یہوداہ پہلے جائے۔ 19 اَور بنی اِسرائیل صُبح کو اُٹھے۔ اَورجبعہ کے مُقابِل ڈیرے لگائے۔ 20 اَور اِسرائیل کے مَرد بِنیمِین کے ساتھ لڑائی کرنے کے لئے باہر نِکلے۔ اَور بنی اِسرائیل نےجبعہ کے نزدِیک جنگ کے لئے صف آرائی کی۔ 21 اَور بنی بِنیمِین جبعہ سے باہر نِکلے۔ تو اُس دِن اِسرائیل میں سے بائیس ہزار مَرد مارے گئے۔ 22 تب اِسرائیل کے آدمی اپنی طاقت اَور اپنے شُمار پر بھروسا کرکے پہلے دِن کے مقام پر جہاں صف باندھی تھی۔ پِھر جنگ کرنے کو صف آرا ہُوئے۔ 23 اَور بنی اِسرائیل اُوپر گئے اَور خُداوند کے آگے شام تک روتے رہے اَور خُداوند سے سوال کرکے کہا۔ کیا ہم اپنے بھائی بنی بِنیمِین کے ساتھ پِھر جنگ کرنے کو جائیں؟ تو خُداوند نے اُن سے کہا۔ اُن پر چڑھ جاؤ۔ 24 لہٰذا دُوسرے دِن بنی اِسرائیل بنی بِنیمِین سے لڑائی کرنے کے لئے نزدِیک آئے۔ 25 تو بنی بِنیمِین جبعہ سے اُن کے خلاف نِکلے اَور بنی اِسرائیل میں سے پِھر اَٹھارہ ہزار سب تلوار چلانے والے جوان مارے گئے۔ 26 تب بنی اِسرائیل کے سب لوگ اُوپر کو گئے اَور بَیت ایل میں آئے اَور روئے اَور خُداوند کے سامنے وہاں پر کھڑے ہوئے۔ اَور اُنہوں نے پُورا دِن روزہ رکھّا۔ اَور خُداوند کے سامنے سوختنی قُربانیاں اَور سلامتی کے ذَبیحے گُزرانے۔ 27 اَور بنی اِسرائیل نے خُداوند سے پُوچھا۔ کیونکہ خُدا کے عہد کا صندُوق اُن دِنوں میں وہیں تھا۔ 28 اَور فِینحاس بن اِلیعزر بِن ہارُون اُن ایّام میں اُس کے آگے کھڑا رہتا تھا۔ اَور اُنہوں نے کہا۔ کہ کیا ہم اپنے بھائی بنی بِنیمِین کے ساتھ جنگ کرنے کو پِھر باہرنِکلیں یا کہ بس کریں؟ تو خُداوند نے کہا۔ کہ چڑھ جاؤ۔ کیونکہ کَل مَیں اُنہیں تُمہارے ہاتھ میں دے دُوںگا۔ 29 تب بنی اِسرائیل نےجبعہ پر اُس کی ہر طرف کمِین والوں کو بٹھایا۔ 30 اَور بنی اِسرائیل تیسرے دِن بنی بِنیمِین کے خلاف چڑھے اَورجبعہ کے نزدِیک پہلے دو دِنوں کی طرح صف آرائی کی۔ 31 تو بنی بِنیمِین اُن لوگوںپر نِکلے۔ اَور اپنے دُشمنوں کو بھاگتے ہُوئے دیکھ کر اُن کے پیچھے شہر سے دُور تک کھنچ گئے۔ اَور دو شاہراہوں پر جِن میں سے ایک بَیت ایل کو اَور دُوسری میدان میں سےجبعہ کو جاتی تھی، اُنہوں نے لوگوں کوپہلی دو دفعہ کی طرح قتل کرنا شرُوع کِیا۔ تو اِسرائیل میں سے قریباً تیس آدمی مارے گئے۔ 32 تو بنی بِنیمِین نے کہا۔ کہ جیسے پہلے ہُوا۔ وہ ہمارے سامنے سے شِکسَت کھاتے ہیں۔ لیکن بنی اِسرائیل نے کہا۔ آؤبھاگیں۔ اَور اُنہیں شہر سے شاہراہوں پر کھینچ لائیں۔ 33 اَور اِسرائیل کے سب آدمی اپنی جگہوں سے اُٹھے اَور بَعل تمر میں صف آرا ہُوئے۔ اَور کمِین میں بیٹھے ہُوئے اِسرائیل اپنی جگہ جبعَہ کے میدان سے ٹوٹ پڑے۔ 34 اَور تمام اِسرائیل میں سے دس ہزار چُنے ہُوئے جوان ایک طرف سےجبعہ پر آئے۔ اَور سخت لڑائی ہُوئی۔ اَور بنی بِنیمِین نہ جانتے تھے کہ اُن پر بَلا نازِل ہونے والی ہے۔ 35 تب خُداوند نے بنی بِنیمِین کو اِسرائیل کے سامنے سے شِکسَت دی۔ اَور بنی اِسرائیل نے اُس روز بِنیمِین میں سے پچیس ہزار ایک سَو تلوار چلانے والے جوان قتل کِئے۔ 36 اَور بنی بِنیمِین نے معلُوم کِیا۔ کہ وہ مَغلُوب ہُوئے۔ اَور اِسرائیل کے آدمیوں نے بنی بِنیمِین کو بھاگنے دِیا۔ کیونکہ اُنہیں کمِین والوں پر جوجبعہ کے گِرد بیٹھے تھے، بھرو سا تھا۔ 37 تب کمِین والے جلدی سےجبعہ پر آپڑے اَور اُس کے اندر داخِل ہُوئے اَور پھیل گئے اَور سارے شہر کو تلوار کی دھار سے مارا۔ 38 اَور اِسرائیل کے آدمیوں اَور کمِین والوں میں یہ نِشان تھا۔ کہ وہ شہر سے بُہت سادُھواں اُٹھائیں گے۔ 39 اَور جب اِسرائیل کے لوگ لڑائی میں پیچھے ہَٹے۔ تو بِنیمِین نے مارنا شرُوع کِیا۔ اَور اِسرائیل کے لوگوں میں سے تیس آدمی قتل کردیئے۔ کیونکہ اُنہوں نے کہا۔ کہ وہ ہمارے سامنے سے شِکسَت کھاتے ہیں۔ جیسا کہ پہلی لڑائی میں ہُوا۔ 40 اَور شہر سے شُعلہ دُھوئیں کے ستُون کی طرح بُلند ہونے لگا۔ تو بِنیمِین نے اپنے پیچھے کی طرف نِگاہ کی۔ تو دیکھا کہ تمام شہر گویادُھوئیں میں آسمان کو جاتا تھا۔ 41 تب اِسرائیل کے مَرد اُن پر لَوٹ کرپڑے۔ اَور بِنیمِین کے آدمی گھبرا کر بھاگ اُٹھے۔ کیونکہ اُنہوں نے دیکھا کہ اُن پر بَلا نازِل ہُوئی۔ 42 اَور اُنہوں نے اِسرائیل کے مَردوں کے سامنے سے پِیٹھ پھیر کر بِیابان کی راہ لی۔ پر لڑائی نے اُن کا تَعاقُب کِیا۔ اَور وہ بھی جو شہر میں تھے۔ اُن پر آپڑے۔ اَور اُنہیں ہلاک کِیا۔ 43 تو اُنہوں نے بِنیمِین کو گھیر لِیا۔ اَور اُن کا تعاقب کیا۔ اَور جبعَہ کے مُقابِل تک سُورج چڑھنے کی سِمت کو اُنہیں آسانی سے پامال کِیا۔ 44 چُنانچہ بِنیمِین میں سے اَٹھارہ ہزار دلیر بَہادُر مَرد مارے گئے۔ 45 اَور وہ پِھر کے رِمّون چٹان کی طرف بِیابان میں بھاگ گئے۔ اَور اُنہوں نے اُن میں سے رستوں میں پانچ ہزار آدمی پکڑے۔ اَور جِدوم تک اُن کے پیچھے گئے۔ اَور اُن میں سے دو ہزار آدمی اَور مارے۔ 46 اُس روز بِنیمِین میں سے کُل پَچیس ہزار آدمی قتل ہُوئے۔ یہ سب تلوار چلانے والے بَہادُر مَرد تھے۔ 47 اَور اُن میں سے چھ سَو مَرد پِھر رِمّون کی چٹان کی طرف بِیابان کی راہ میں بھاگ گئے۔ اَور وہ رِمّون کی چٹان میں چار مہینے رہے۔ 48 اَور اِسرائیل کے مَرد پِھر بنی بِنیمِین پر لَوٹ کر پڑے اَور سب آدمیوں کو اَور چوپایوں کو جو شہر میں تھے اَور جس کِسی کو وہاں پایا۔ اُنہوں نے تلوار کی دھار سے قتل کِیا۔ اَور اُن کے سب شہر کو آگ سے جَلادِیا۔