1 بنیمین کا جرم اَور اُن دِنوں میں جب اِسرائیل کا کوئی بادشاہ نہ تھا، ایسا ہُوا کہ ایک لاوی مَرد نے جو کوہِ اِفرائیم کے پرلے سِرے پر رہتا تھا۔یہوداہ کے بَیت لحم سے ایک عورت کو اپنی حرم بنایا۔ 2 اَور اُس کی حرم اُس سے ناراض ہو کریہوداہ کے بَیت لحم میں اپنے باپ کے گھر چلی گئی۔ اَور وہاں پر چار مہینے رہی۔ 3 تب اُس کا شوہر اُٹھا اَور اُس کے پیچھے گیا۔ تاکہ اُس کے دِل کو خُوش کرے۔ اَور اپنے پاس اُسے پِھر لے آئے۔ اُس نے اپنے ساتھ ایک نوکر اَور دو گدھے لئے۔ تو وہ اُسے مِلی۔ اَور اپنے باپ کے گھر میں اُسے لے آئی۔ جب اُس عورت کے باپ نے اُسے دیکھا۔ تو اُس کی مُلاقات سے خُوش ہُوا۔ 4 اَور اُس کے سُسر نے اُسے روک رکھّا۔ تو وہ اُس کے پاس تین دِن تک ٹھہرا۔ اَور اُنہوں نے کھایا اَور پِیا اَور وَہیں رہے۔ 5 اَور چوتھے روز صُبح سویرے وہ روانہ ہونے کے لئے اُٹھے۔ تو عورت کے باپ نے اپنے داماد سے کہا۔ کہ کُچھ روٹی کھا کر تازہ دَم ہو اَور تب تُم چلے جاؤ۔ 6 تب وہ بیٹھے۔ اَور مل کر کھایا اَور پِیا۔ اَور لڑکی کے باپ نے اُس آدمی سے کہا۔ اگر تیری نِگاہ میں اچھّا ہو۔ تو رات بھر ہمارے پاس رہ اَور اپنے دِل کو خُوش کر۔ 7 اَور پِھر جب وہ مَرد روانہ ہونے کو کھڑا ہُوا۔ تو اُس کے سُسر نے پِھر اُس کی مِنّت کی۔ تو وہ رات پِھر وہاں رہا۔ 8 اَورپانچویں دِن وہ صُبح سویرے چلنے لگا۔ تو اُس کے سُسر نے اُس سے کہا۔ کُچھ تازہ دَم ہولے۔ اَور دِن کے زوال تک ٹھہر۔ اَور اُن دونوں نے کھانا کھایا۔ 9 پِھر جب وہ مَرد اَور اُس کی حرم اَور اُس کا نوکر روانہ ہونے کو اُٹھے۔ تو لڑکی کے باپ یعنی اُس کے سُسر نے اُس سے کہا۔ کہ دِن ڈھل کے غرُوب ہونے پر ہَے۔ تُم یہاں رات کو رہو۔ دیکھو دِن ختم ہونے پر ہَے۔ تُم رات یہیں کاٹو۔ اَور اپنے دِل کو خُوش کرو۔ اَور کَل سویرے اُٹھ کر اپنی راہ لو۔ اَور اپنے گھر کو چلے جاؤ۔ 10 مگر وہ آدمی رات رہنے کے لئے راضی نہ ہُوا۔ بلکہ اُٹھا اَور چل پڑا۔ اَوریبُوس یعنی یرُوشلیم کے مُقابِل پُہنچا۔ اَور اُس کے ساتھ دو زِین کَسے ہُوئے گدھے اَور اُس کی حرم تھی۔ 11 جب وہ یبُوس کے نزدِیک تھے۔ تو دِن بُہت ڈھل گیا۔ اَور نوکر نے اپنے مالِک سے کہا۔ کہ ہم یبوسیوں کے اِس شہر کومُڑیں اَور رات یہیں کاٹیں۔ 12 اُس کے مالِک نے اُس سے کہا۔ کہ ہم بیگانے شہر کو جہاں بنی اِسرائیل میں سے کوئی نہیں۔ نہیں مُڑیں گے۔ بلکہ جبعہ کی طرف چلیں گے۔ 13 اَور اُس نے اپنے نوکر سے کہا۔ چل۔ ہم اِن جگہوں میں سے کِسی میں جائیں۔ اَورجبعہ میں یا رامہ میں رات کاٹیں۔ 14 تو وہاں سے گُزر کے وہ چلتے گئے۔ اَور سُورج اُن پر ڈُوبا اَور وہ بِنیمِین کےجبعہ کے نزدِیک تھے۔ 15 تو وہ اُدھر کو مُڑے اَور اُس میں داخِل ہُوئے۔ تاکہ جبعہ میں رات رہیں۔ تو شہر کے چوک میں بیٹھ گئے۔ کیونکہ کوئی نہ تھا۔ جو اُنہیں اپنے گھر لے جائے۔ تاکہ وہ رات رہیں۔ 16 اَور دیکھو ایک پِیر مَر داپنے کھیت کے کام سے فارِغ ہو کر شام کے وقت وہاں آیا۔ اَور وہ کوہِ افِرائیم میں سے تھا۔ اَورجبعہ میں آبسا تھا۔ اَور اُس مقام کے باشِندے بِنیمِینی تھے۔ 17 تو اُس پِیر مَرد نے اپنی نظر اُٹھا کے دیکھا۔ کہ ایک مُسافِر شہر کے چوک میں ہَے۔ تو اُس نے اُس سے کہا۔ تُو کہاں جائے گا اَور کہاں سے آیا ہَے؟ 18 اُس نے اُس سے کہا۔ ہم یہوداہ کے بَیت لحم سے آئے ہَیں اَور کوہِ اِفرائیم کے پرلے سِرے کو جاتے ہَیں۔ مَیں وَہیں کا ہُوں۔ اَوریہوداہ کے بَیت لحم کو گیا تھا اَور اَب اپنے گھر کو جاتاہُوں ۔ اَوریہاں کوئی نہیں۔ جو مُجھے اپنے گھر میں لے جائے۔ 19 اَور ہمارے پاس ہمارے گدھوں کے لئے دانہ اَور گھاس ہَے۔ اَور میرے اَور تیری لونڈی کے اَور اُس جوان کے لئے جو تیرے خادِم کے ساتھ ہَے۔ روٹی اَور مَے بھی ہَے اَور ہمیں کِسی چیز کی ضرُورت نہیں۔ 20 تو اُس پِیر مَرد نے اُس سے کہا۔ تیری سلامتی ہو۔ تیری سب ضرُورتیں میرے ذِمّے ہوں۔ اَور تُو چوک میں رات کو نہ رہ۔ 21 اَور وہ اُسے اپنے گھر لے آیا۔ اَور اُس کے گدھوں کو گھاس ڈالی۔ اَور اُنہوں نے اپنے پاؤں دھوئے اَور کھایا اَور پِیا۔ 22 اَور جب وہ اپنے دِلوں کو خُوش کررہے تھے۔ تو شہر کے لوگوں میں سے بعض خبِیث اشخاص نے اُس گھر کو گھیر لِیا۔ اَور دروازہ کو کھٹکھٹانا شرُوع کِیا۔ اَور گھر کے مالِک پِیر مَرد سے کہا۔ کہ اُس آدمی کو جو تیرے گھر کے اندر آیا ہے، باہر نِکا ل۔ تاکہ ہم اُس سے صحبت کریں۔ 23 تب وہ آدمی یعنی صاحبِ خانہ اُن کے پاس باہر نِکلا اَور اُن سے کہنے لگا، نہیں اَے میرے بھائیو! شرارت نہ کرو۔ جب کہ وہ آدمی میرے گھر کے اندر آیا ہے۔ تو تُم یہ بَدی نہ کرو۔ 24 دیکھو! میری ایک کُنواری بیٹی اَور اُس کی حرم ہَیں۔ مَیں تُمہارے پاس اُن دونوں کو نِکا ل لاتا ہُوں۔ تُم اُنہیں ذلِیل کرو۔ اَور جو کُچھ تُمہاری آنکھوں میں اچھّا ہو۔ اُن سے کرو۔ لیکن اِس مَرد کے ساتھ ایسا مَکرُوہ کام نہ کرو۔ 25 مگر اُن لوگوں نے اُس کی بات نہ مانی۔ تو وہ مَرد اپنی حرم کوپکڑ کے اُن کے پاس باہر لے آیا۔ اَور وہ اُس سے صُحبت کرتے رہے۔ اَور ساری رات صُبح تک اُس کے ساتھ بَدذاتی کرتے رہے۔ اَور صُبح پَوپَھٹنے کے قریب اُسے چھوڑ دِیا۔ 26 تو وہ عورت صُبح ہونے کے قریب آئی۔ اَور اُس مَرد کے گھر کے دروازہ پر جہاں کہ اُس کا مالِک تھا ، گری اَور روشنی ہونے تک وَہیں پڑی رہی۔ 27 صُبح کے وقت اُس کا مالِک اُٹھا اَور گھر کا دروازہ کھولا۔ اَورباہر نِکلا تاکہ اپنی راہ پر روانہ ہو۔ تو دیکھو! اُس کی حرم گھر کے دروازہ پر پڑی ہوئی ہَے۔ اَور اُس کے دونوں ہاتھ دہلیز پر ہَیں۔ 28 تو اُس نے اُس سے کہا۔ اُٹھ۔ آچلیں۔ پر کُچھ جَواب نہ پایا۔ تب اُس نے معلُوم کرکے کہ وہ مری ہُوئی ہَے اُسے اپنے گدھے پر لاد لِیا۔ اَور وہ مَرد اُٹھا اَور اپنے مکان کو روانہ ہُوا۔ 29 اَور اُس نے گھر پُہنچ کر چُھری لی۔ اَور اپنی حرم کو پکڑکے اُس کی ہَڈّیوں سمیت اُس کے بارہ ٹُکڑے کاٹے اَور اِسرائیل کی تمام سَرحدوں میں بھیج دیئے۔ 30 تو ہر ایک جس نے یہ دیکھا۔ کہا۔ کہ جس دِن سے کہ بنی اِسرائیل مِصر سے نِکلے۔ ہمارے آج کے دِن تک کبھی ایسا نہ ہُوا۔ اَور نہ دیکھا گیا۔ پس غور کرو اَور صلاح کر کے بتاؤ۔