باب

1 میکا ہ کے بت اُن دِنوں میں اِسرائیل کا کوئی بادشاہ نہ تھا۔ اَور اُن دِنوں میں دان کا قبیلہ رہنے کے لئے مِیرَاث ڈُھونڈتاتھا۔ کیونکہ اُس وقت تک بنی اِسرائیل کے قبیلوں کے درمیان اُسے مِیرَاث کا حِصّہ نہیں مِلا تھا۔ 2 تو بنی دان نے اپنے خاندانوں میں سے پانچ دلیر بَہادُر آدمی اپنی سَرحد صُرعَہ اَور استال سے مُلک کی جاسُوسی کرنے اَور اُس کی بابت دریافت کرنے کو بھیجے۔ اَور اُن سے کہا۔ کہ جاؤ اَور مُلک کی بابت دریافت کرو۔ اَور وہ کوہِ اِفرائیم میں مِیکاہ کے گھر آئے اَور وہاں رات کاٹی۔ 3 اَور جب وہ مِیکا ہ کے گھر میں تھے۔ تو اُنہوں نے جوان لاوی کی آواز پہچانی۔ تو اُس طرف کو پِھرے۔ اَور اُس سے کہا۔ کہ تُجھے یہاں کون لایا۔ اَور تُو یہاں کیا کرتا ہے۔ اَور تیرا یہاں پر کیا ہَے؟ 4 تو اُس نے اُن سے کہا۔ کہ مِیکا ہ نے مُجھ سے ایسا ایسا کِیا۔ اَور اُس نے مُجھے اُجرت پر رکھّا۔ تو مَیں اُس کا کاہِن بنا۔ 5 تو اُنہوں نے اُس سے کہا۔ ہمارے لئے خُداوند سے پُوچھ۔ تاکہ ہم جانیں کہ جس رستے میں ہم جارہے ہَیں۔ کیا ہم کامیاب ہوں گے؟ 6 تو کاہِن نے اُن سے کہا۔ سلامتی سے جاؤ۔ کیونکہ تُمہارا یہ سفر خُداوند کے سامنے ہَے۔ 7 تب وہ پانچوں آدمی چلے اَور لیس میں آئے۔ اَور وہاں کے لوگوں کو دیکھا کہ بے خوف صِیدُانیوں کی عادات کے مُطابِق اَمن اَور خاطِرجمعی سے رہتے ہَیں۔ اَور اُن کے مُلک میں کوئی نہ تھا۔ جو اُن کی مُخالِفت کرے۔ اَور نہ کوئی جو اُن پر حُکمرانی کرے۔اَور وہ صِیدُانیوں سے دُور تھے۔ اَور اُن کا اَرام سے کوئی تعلُق نہ تھا۔ 8 چُنانچہ وہ اپنے بھائیوں کے پاس صُرعَہ اَوراستال میں واپس آئے۔ تو اُن بھائیوں نے اُن سے کہا۔ کیا خبر لائے ہو؟ 9 تو اُنہوں نے اُن سے کہا۔ ہمارے ساتھ اُٹھو۔ کہ ہم اُن پر چڑھائی کریں۔ کیونکہ ہم نے اُس مُلک کو دیکھا۔ وہ بُہت اچھّا مُلک ہَے۔ اَور تُم بیٹھ رہے ہو۔ پس چلنے میں دیر نہ کرو۔ اَب چلو اَور اُس مُلک پر قبضہ کرو۔ 10 کیونکہ جب تُم چلو گے۔ تو ایک آسُودہ قوم کے وسیع مُلک میں داخِل ہوگے۔ اَور خُداوند نے اُسے تُمہارے ہاتھ میں دے دِیا ہَے۔ وہ ایسی جگہ ہَے۔ کہ دُنیاکی سب چیزوں میں سے وہاں پر کِسی کی کمی نہیں۔ 11 تب دان کے قبیلہ میں سے صُرعَہ اَوراستال سے چھ سَو مَرد لڑائی کے ہتھیار لگا کر روانہ ہُوئے۔ 12 اَور وہ چڑھے۔ اَوریہوداہ کے قرِیَت یعریم میں ڈیرا لگایا۔ اِس لئے وہ جگہ آج کے دِن تک مَحَنے دان کہلاتی ہے۔ اَور قرِیَت یعریم کی پچھلی طرف ہَے۔ 13 اَور وہاں سے گُزر کے کوہِ اِفرائیم میں پُہنچے اَور مِیکا ہ کے گھرآئے۔ 14 تب اُن پانچ مَردوں نے جو لیس کے مُلک کی جاسُوسی کرنے گئے تھے۔ اپنے بھائیوں سے کلام کرکے کہا۔ کیا تُم جانتے ہو۔ کہ اِن گھروں میں افود اَور ترافیم اَور ایک بُت تراشا ہُوا اَور ایک بُت گھڑا ہُوا ہَے؟ لہٰذا اَب تُم سوچو۔ کہ تُمہیں کیا کرنا ہے؟ 15 تب وہ اُس طرف کو مُڑے۔ اَور مِیکا ہ کے مکان کے اندر جوان لاوی کے گھر میں آئے اَور اُسے سلام کِیا۔ 16 اَور بنی دان کے چھ سَو مَرد جو لڑائی کے ہتھیار لگائے ہُوئے تھے پھاٹک کے مدَخِل کے پاس کھڑے رہے۔ 17 اَور وہ پانچوں آدمی جِنہوں نے مُلک کی جاسُوسی کی تھی، چڑھے اَور وہاں داخِل ہُوئے۔ اَور گھڑا ہُوا بُت اَور افوُد اَور ترافیم اَور ڈھالا ہُوا بُت لے لِیا۔ اَور کاہِن اُن چھ سَو مَردوں کے پاس کھڑا تھا۔ جو ہتھیاروں سے مُسلّح پھاٹک کے مدَخِل پر تھے۔ 18 اَور جب یہ مِیکا ہ کے گھر میں داخِل ہُوئے۔ اَور گھڑا ہُوا بُت اَور افُود اَور ترافیم اَور ڈھالا ہُوا بُت لے چلے تو کاہِن نے اُن سے کہا۔ تُم یہ کیا کرتے ہو؟ 19 اُنہوں نے اُس سے کہا۔ خاموش! اپنا ہاتھ اپنے مُنہ پر رکھّ۔ اَور ہمارے ساتھ چل۔ اَور ہمارا باپ اَور کاہِن بن۔ کیا تیرے لئے ایک آدمی کے گھر کا کاہِن ہونا اچھّا ہَے بہ نِسبت اِس کے کہ تُو بنی اِسرائیل میں ایک قبیلے اَور ایک خاندان کا کاہِن ہو۔ 20 تب کاہِن کا دِل خُوش ہوگیا۔ تو اُس نے افود اَور ترافیم اَور گھڑا ہُوا بُت اُٹھایا۔ اَور لوگوں کے درمیان آیا۔ 21 تب وہ پِھرے اَور چل پڑے اَور بچّوں اَور مواشی اَور سب قیمتی چیزوں کو اپنے آگے آگے رکھّا۔ 22 جب وہ مِیکا ہ کے گھر سے کُچھ دُور گئے۔ تو وہ لوگ جو مِیکا ہ کے گھر کے نزدِیک کے گھروں میں رہتے تھے ،جمع ہوئے۔ اَور بنی دان کا پیچھا کِیا۔ 23 اَور اُنہوں نے بنی دان کو للکارا۔ تو اُنہوں نے اپنے مُنہ پھیر کے مِیکا ہ سے کہا۔کہ تُجھے کِیا ہُوا کہ تُو چِلّاتا ہے؟ 24 اُس نے کہا کہ تُم نے میرے خُدا کو جو مَیں نے بنایا تھا۔ اَور میرے کاہِن کو لے کر چل پڑے ہو۔ تو میرے لئے کیا باقی رہا۔ اَور تُم مُجھے کہتے ہو۔ کہ تُجھے کیا ہُوا؟ 25 بنی دان نے اُس سے کہا۔ کہ تیری آواز ہمارے درمیان سُنی نہ جائے۔ تانہ ہو۔ کہ غُصّہ وَر مَرد تُم پر حملہ کریں۔ اَور تیری جان اَور تیرے گھرانے کی جانیں ہلاک ہوں۔ 26 اَور بنی دان اپنی راہ چلے گئے۔ اَور جب مِیکا ہ نے دیکھا کہ وہ مُجھ سے زور آور ہَیں تو وہ مُڑا اَور اپنے گھر کو واپس گیا۔ 27 اَور اُنہوں نے جو کُچھ مِیکا ہ نے بنایاتھا۔ اَور کاہِن جو اُس نے رکھّا تھا، لِیا۔ اَور لیس کی طرف اُن لوگوں پر آپڑے۔ جو اَمن چین سے رہتے تھے۔ اَور اُنہیں تلوار کی دھار سے مارا۔ اَور اُن کا شہر آگ سے جَلادِیا۔ 28 اَور اُنہیں کوئی چُھڑانے والا نہ تھا۔ کیونکہ اُن کا شہر صِیدُا سے دُور تھا۔ اَور وہ اَرام سے کُچھ تعلُق نہ رکھتے تھے۔ اَور اُن کا شہر بَیت رحوب کی وادی میں تھا۔ اَور اُنہوں نے شہر بنالِیا۔ اَور اُس میں رہنے لگے۔ 29 اَور اُنہوں نے اُس شہر کا نام دان اپنے باپ دانکے نام پر رکھّا۔ جو اِسرائیل سے پیدا ہُوا تھا۔ اَور اُس شہر کا نام اُس سے پہلے لیس تھا۔ 30 اَور بنی دان نے اپنے لئے مِیکا ہ کا کاہِن رکھّا۔ اَور یونتن بِن جِیرسوم بِن مُوسیٰ اَور اُس کے بیٹے اُس سَرزمین کی اسیری کے دِن تک دانیوں کے قبیلے کے کاہِن رہے۔ 31 اَور اُن سب دِنوں میں جب تک کہ خُدا کا گھرسیلا میں تھا۔ وہ مِیکا ہ کا گھڑا ہُوا بُت اُن کے پاس رہا۔