1 مِیکا ہ کا بت خانہ اَور کوہِ اِفرائیم میں ایک مَرد تھا۔ جس کا نام مِیکا ہ تھا۔ 2 اُس نے اپنی ماں سے کہا۔ کہ وہ گیارہ سَو مِثقال چاندی جو تیرے پاس سے لئے گئے تھے اَور جِن کی بابت تُو نے لعنت بھیجی جو میرے کان تک پُہنچی۔ میرے پاس ہَیں۔ وہ مَیں نے لئے تھے۔ تو اُس کی ماں نے کہا۔ اَے میرے بیٹے! خُداوند تُجھے برکت دے۔ 3 تو اُس نے چاندی کے وہ گیارہ سَو مِثقال اپنی ماں کو واپس دے دیئے۔ تو اُس کی ماں نے کہا۔ کہ مَیں نے یہ چاندی خُداوند کے لئے مخصُوص کی تھی۔ کہ اپنے ہاتھ سے اپنے بیٹے کو دے دُوں۔ تاکہ وہ اُس سے ایک گھڑا ہُوا اَور ایک ڈھالا ہُوا بُت بنائے۔ لہٰذا اَب مَیں تُجھے دے دیتی ہُوں۔ 4 جب اُس نے وہ چاندی اپنی ماں کو واپس دے دی۔ تُو اُس کی ماں نے چاندی میں سے دو سَو مِثقال لے کر ایک کاریگر کو دیئے۔ تُو اُس سے اُس نے ایک گھڑا ہُوا اَور ایک ڈھالا ہُوا بُت بنایا۔ اَور یہ دونوں مِیکا ہ کے گھر میں تھے۔ 5 اَور مِیکا ہ نے مَعبُودوں کے لئے ایک گھر علیٰحدہ کِیا۔ اَور اُس نے افود اَور ترافیم بنائے۔ اَور اپنے ایک بیٹے کا ہاتھ پاک کِیا۔ تو وہ اُس کے لِئے کاہِن بنا۔ 6 اَور اُن دِنوں میں اِسرائیل کا کوئی بادشاہ نہ تھا۔ اَور ہر ایک شخص جو اُس کی نظر میں اچھّا لگتا، وُہی کرتاتھا۔ 7 اَوریہوداہ کے بَیت لحم میں یہوداہ کے قبیلہ سے ایک جوان تھا، جو لاوی تھا۔ اَور وہ وہاں رہتا تھا۔ 8 چُنانچہ وہ یہوداہ کے بَیت لحم کے شہر سے روانہ ہُوا۔ کہ کہیں اَور رہنے کے لئے جگہ پائے۔ تو وہ سفر کرتا ہُوا کوہ ِاِفرائیم میں مِیکا ہ کے گھر آیا 9 مِیکا ہ نے اُس سے کہا۔ تُو کہاں سے آیا ہے؟ اُس نے کہا۔ مَیں یہوداہ کے بَیت لحم میں سے ایک لاوی ہُوں۔ اَور نِکلا ہُوں۔ کہ جہاں کہیں جگہ پاؤں، وَہیں رہُوں۔ 10 تو مِیکا ہ نے اُس سے کہا۔ تُو میرے پاس رہ۔ اَور میرا باپ اَور میرا کاہِن ہو اَور مَیں تُجھے دس مِثقال چاندی سالانہ اَور ایک جوڑا کپڑے اَور کھانا دُوں گا۔ 11 اَور لاوی اُس آدمی کے ساتھ رہنے کو راضی ہُوا۔ او روُہ جوان اُس کے پاس اُس کے بیٹوں میں سے ایک کی مانند تھا۔ 12 اَور مِیکا ہ نے اُس لاوی کے ہاتھ کو پاک کِیا۔ تو وہ جوان اُس کا کاہِن بنا۔ اَور مِیکاہ کے گھر میں رہا۔ 13 تب مِیکا ہ نے کہا۔ اَب مَیں نے جانا۔ کہ خُداوند میرے ساتھ نیکی کرے گا۔ کیونکہ میرا کاہِن لاویوں میں سے ہَے۔