1 یشوع کی وفات کے بعد اِسرائیل کی حالت اَور خُداوند کا فرِشتہ جِلجال سے بَوکیم کو آیا اَور کہا۔ مَیں تُمہیں مِصر سے نِکال لایا اَور اُس مُلک میں تُمہیں داخِل کِیا۔ جس کی بابت مَیں نے تُمہارے باپ دادا سے قسم کھائی تھی۔ اَور مَیں نے کہا۔ کہ مَیں اپنا عہد تُمہارے ساتھ کبھی نہ توڑُوں گا۔ 2 اَور تُم اُس مُلک کے باشِندوں کے ساتھ عہد نہ باندھو۔ اَور اُن کے مذَبحوں کو ڈھا دو۔مگر تُم نے میری بات نہ سُنی۔ تُم نے یہ کیوں کِیا؟ 3 تو اِس لئے مَیں نے بھی کہا۔ کہ مَیں اُنہیں تُمہارے سامنے سے نِکا ل نہ دُوں گا۔ بلکہ وہ تُمہاری پسلیوں میں ہوں گے۔ اَور اُن کے مَعبُود تُمہارے لئے پھندا ہوں گے۔ 4 جب خُداوند کے فرِشتے نے سارے بنی اِسرائیل سے یہ بات کہی۔ تو لوگ اپنی آوازیں بُلند کرکے روئے۔ 5 اَور اُنہوں نے اُس جگہ کا نام بوکیم رکھّا اَور وہاں پر خُداوند کے لئے قُربانی چڑھائی۔ 6 جب یشوع نے لوگوں کو رُخصت کِیا تھا۔ تو بنی اِسرائیل میں سے ہر ایک مَرد اپنی مِیرَاث کو گیا تھا۔ تاکہ زمین پرقبضہ کرے۔ 7 اَور لوگ یشوع کے سب ایّام میں خُداوند کی عِبادَت کرتے رہے۔ اَور اُن بزُرگوں کے ایّام میں بھی جو یشوع کے بعد تھے۔ اَور جِنہوں نے خُداوند کے سارے عظیم کام جو اُس نے اِسرائیل کے لئے کِئے، دیکھے تھے۔ 8 اَور خُداوند کا بندہ یشوع بن نُون ایک سَو دس برس کی عُمر کا ہو کر فوت ہُوا۔ 9 اَور کوہِ جعس کے شِمال کی جانِب کوہِ اِفرائیم میں اپنی مِیرَاث کی زمین کے تمنت حرس سارح میں دفن کِیا گیا۔ 10 اَور اُس پُشت کے تمام لوگ بھی اپنے باپ دادا سے جا مِلے۔ اَور اُن کے بعد دُوسری پُشت پیدا ہوئی۔ جِنہوں نے نہ خُداوند کو اَور نہ جو کُچھ اُس نے اِسرائیل کے لئے کِیا تھا، جانا۔ 11 تو بنی اِسرائیل نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور بعلیم کی بندگی کی۔ 12 اَور اُنہوں نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کو جس نے اُنہیں مُلکِ مِصر سے نِکا لا تھا، ترک کِیا۔ اَور گرِدو نواح کے لوگوں کے مَعبُودوں اَور اجنبی مَعبُودوں کے پیچھے چلے۔ اَور اُنہیں سجدَہ کِیا۔ اَور خُداوند کو غُصّہ دِلایا۔ 13 اَور اُنہوں نے خُداوند کو چھوڑ دِیا۔ اَور بعلیم اَورعستارات کی بندگی کی۔ 14 تو خُداوند کا غضب اِسرائیل پر بھڑکا اَور اُس نے اُنہیں غارت گروں کے حوالے کِیا۔ جِنہوں نے اُنہیں غارت کِیا۔ اَور اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ جو اُن کے اِردگِرد تھے، بیچا۔ اَور اُنہیں طاقت نہ رہی کہ وہ اپنے دُشمنوں کے سامنے ٹھہریں۔ 15 تو ایسا ہُوا۔ کہ جہاں کہیں وہ نِکلے۔ خُداوند کا ہاتھ اُن کی ہلاکت کے لئے اُن کے خلاف تھا۔ جیسا کہ خُداوند نے کہا تھا۔ اَور جیسا کہ خُداوند نے قَسم کھائی تھی۔ تو وہ نہایت پست حال ہوئے۔ 16 اَور جب خُداوند نے قاضِیوں کو بَرپا کِیا تاکہ اُنہیں غارت گروں کے ہاتھ سے خُلاصی دیں۔ 17 تو اُنہوں نے قاضِیوں کی بھی نہ سُنی ۔ مگر دُوسرے مَعبُودوں کی پیروی کرکے بَدکاری کی۔ اَور اُنہیں سجدَہ کِیا۔ اَور وہ اُس راہ سے جس پر اُن کے باپ دادا خُداوند کے حُکموں کی فرمانبرداری میں چلتے تھے۔ بُہت جلد پِھر گئے اَور اُن کی طرح کے کام نہ کِئے۔ 18 اَور جب خُداوند اُن کے لئے قاضِیوں کو بَرپا کرتا۔ تو خُداوند قاضِی کے ساتھ ہوتا۔ اَور قاضِی کے تمام ایّام میں اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ سے چھُڑاتا تھا۔ کیونکہ خُداوند ظالِموں اَور دُکھ دینے والوں کے باعِث اُن کے رونے پر رحم کرتا تھا۔ 19 اَور جب قاضِی مَر جاتا تو وہ پِھر برگشتہ ہوتے اَور دُوسرے مَعبُودوں کی پیروی کر کے اپنے باپ دادا سے بھی زیادہ بگڑ جاتے اَور دُوسرے مَعبُودوں کی بندگی اَور اُنہیں سجدَہ کرتے تھے۔ وہ نہ اپنے بَداعمال سے اَور نہ اپنی سخت دِلی ہی سے باز آئے۔ 20 تب خُداوند کا غضب اِسرائیل پر بھڑکا اَور اُس نے کہا۔ چُونکہ اُن لوگوں نے میرے عہد کو جو مَیں نے اُن کے باپ دادا سے باندھا تھا ، توڑ ڈالا۔ اَور میری آواز کے سُننے والے نہ ہوئے۔ 21 تو مَیں بھی اُن قوموں میں سے جِنہیں یشوع اپنی وفات کے وقت چھوڑ گیا۔ کِسی کو اُن کے آگے سے دفع نہ کرُوں گا۔ 22 تاکہ مَیں اُن سے اِسرائیل کو آزماﺅں کہ آیا وہ خُداوند کی راہ کو مانیں گے۔ اَور اُس میں چلیں گے۔ جیسے کہ اُن کے باپ دادا مانتے تھے۔ یا نہیں؟ 23 اِس لئے خُداوند نے اُن قوموں کو چھوڑا اَور اُنہیں جلد نہ نِکا لا۔ اَور نہ اُنہیں یشوع کے ہاتھ کے حوالے کِیا۔