1 کنعانیوں سے جنگ اَور یشوع کی وفات کے بعدیُوں ہُوا۔ کہ بنی اِسرائیل نے خُداوند سے سوال کرکے کہا۔ کہ کِنعانیوں کے ساتھ جنگ کرنے کو ہم میں سے کون پہلے چڑھے گا؟ 2 تو خُداوند نے فرمایا۔ کہ یہوداہ چڑھے گا۔ کیونکہ مَیں نے مُلک اُس کے قبضے میں کردِیا۔ 3 تب یہوداہ نے اپنے بھائی شمعُون سے کہا کہ میری مِیرَاث میں تُو میرے ساتھ چل۔ تاکہ ہم کنعانیوں سے جنگ کریں۔ اَور مَیں تیرے ساتھ تیری مِیرَاث میں چلوں گا۔ چُنانچہ شمعُون اُس کے ساتھ گیا۔ 4 تب یہوداہ نے چڑھائی کی۔ اَور خُداوند نے کِنعانیوں اَور فرِزّیوں کو اُن کے ہاتھ میں دے دِیا۔ تو اُنہوں نے بزق میں اُن کے دس ہزار آدمی قتل کِئے۔ 5 اَور اُنہوں نے اَدُونی بزق کو بزق میں پایا۔تو اُس سے لڑے۔ اور کِنعانیوں اور فرِزّیوں کو مارا۔ 6 تب اَدُونی بزق بھاگ گیا۔ اَوراُنہوں نے اُس کا تَعاقُب کِیا۔ اَور اُسے گرِفتار کرکے اُس کے ہاتھوں اَور پاؤں کے انگُوٹھے کاٹ ڈالے۔ 7 تب اَدُونی بزق نے کہا۔ کہ ستّر بادشاہ جِن کے ہاتھوں اَور پاﺅں کے انگُوٹھے کاٹے گئے تھے۔ میرے دسترخوان کے نیچے سے ٹُکڑے چُن کر کھاتے تھے۔ تو جیسا مَیں نے کِیا ویسا ہی خُدا نے مُجھے بدلہ دِیا۔ تب وہ اُسے یرُوشلیم میں لائے۔ جہاں وہ مَر گیا۔ 8 اَور بنی یہوداہ نے یرُوشلیم سے لڑائی کرکے اُسے لے لِیا۔ اَور تلوار کی دھار سے اُسے مارا اَور شہر کو آگ سے جَلا دِیا۔ 9 بعد اُس کے بنی یہوداہ اُن کِنعانیوں سے جو کوہِستان اَور جنوب اَور نشیب میں بستے تھے لڑائی کرنے کو اُترے۔ 10 اَوریہوداہ اُن کِنعانیوں کے خلاف جو حبِرون میں بستے تھے، نِکلا۔ اَور حبِرون کا پہلا نام قِریَت اَربع تھا۔ اَور اُنہوں نے سیسی اَور اَخیمان اَور تلمی کو مارا۔ 11 اَور وہاں سے وہ دبیر کے باشِندوں کے خلاف گئے۔ اَور دبیر کا پہلا نام قِریَت سِفر تھا۔ 12 تب کالب نے کہا۔ کہ جو کوئی قرِیَت سِفر کو مارے اَور اُسے لے لے۔ تو مَیں اُسے اپنی بیٹی عَکسَہ بِیاہ دُوںگا۔ 13 تو کالب کے چھوٹے بھائی قنز کے بیٹے غتنی ایل نے اُسے لے لِیا۔ تب کالب نے اپنی بیٹی عَکسَہ کا بِیاہ اُس سے کردِیا۔ 14 اَور ایسا ہُوا۔ کہ جب وہ اُس کے پاس آئی۔ تو اُس نے اُسے اُبھارا۔ کہ اپنے باپ سے کھیت مانگے۔ تب وہ گدھے پر سے اُتری۔ تو کالب نے اُس سے کہا تُجھے کیا ہُوا؟ 15 تو اُس نے کہا۔ کہ مُجھے برکت دے۔ کہ تُو نے خُشک زمین مُجھے عطاکی۔ تو مُجھے پانی کے چشمے بھی عطا کر۔ تب کالب نے اُوپر اَور نیچے کے چشمے اُسے دیئے۔ 16 اَور مُوسیٰ کے سُسرال قِینی کی اولاد کھجُوروں کے شہر سے بنی یہوداہ کے ساتھ یہوداہ کے بِیابان کو جو عراد کےجنوب میں ہے، چڑھی اَور جا کر عمالیِقیوں کے ساتھ بسی۔ 17 اَوریہوداہ اپنے بھائی شمعُون کے ساتھ گیا۔ تو اُنہوں نے کِنعانیوں کو جو صَفت میں رہتے تھے، مارا۔ اَور اُنہیں نیست ونابُود کردِیا۔ اَور شہر کا نام حُرمہ رکھّا۔ 18 اَوریہوداہ نے غزّہ اَور اُس کی نواحی اَور اسقلون اَور اُس کی نواحی اَور عِقرون اَور اُس کی نواحی کو اپنے قبضہ میں نہ لِیا۔ 19 اَور خُداوندیہوداہ کے ساتھ تھا۔ چُنانچہ اُنہوں نے کوہِستان پر قبضہ کِیا۔ مگر وادی کے باشِندوں کو نِکال نہ سکا۔ کیونکہ اُن کے پاس لوہے کی گاڑیاں تھیں۔ 20 اَور اُنہوں نے حبِرون کالب کو دے دِیا۔ جیسا کہ مُوسیٰ نے کہا تھا۔ تو اُس نے وہاں سے عناق کے تین بیٹوں کو نِکا ل دِیا۔ 21 اَور بنی بِنیمِین نے اُن یبُوسیوں کو جو یرُوشلیم میں رہتے تھے، نہ نِکا لا۔ اِس لئے یبوسی آج کے دِن تک بنی بِنیمِین کے ساتھ یرُوشلیم میں بستے ہیں۔ 22 اَور یُوسف کے گھرانے نے بھی بَیت ایل پر چڑھائی کی۔ اَور خُداوند اُن کے ساتھ تھا۔ 23 اَور یُوسف کے گھرانے نے بَیت ایل کی جاسُوسی کرنے کے لئے آدمی بھیجے۔ اَور اُس شہر کا نام پہلے لُوز تھا۔ 24 اَور جاسُوسوں نے ایک آدمی کو شہر میں سے نِکلتے دیکھا۔ اَور اُس سے کہا۔ کہ ہمیں شہر میں داخِل ہونے کی راہ بتا اَور ہم تُجھ پر مہربانی کریں گے۔ 25 تو اُس نے اُنہیں شہر میں داخِل ہونے کی راہ بتائی۔ تب اُنہوں نے شہر کو تلوار کی دھار سے مارا۔ پر اُس آدمی کو اَور اُس کے سارے گھرانے کو چھوڑ دِیا۔ 26 اَور وہ آدمی حتِیّوں کی سَر زمین میں گیا۔ اَور وہاں ایک شہر بنایا۔ اَور اُس کا نام لُوز رکھّا۔ اَور اُس کا یہ نام آج تک ہے۔ 27 اَور مَنسّی نے بَیت شان اَور تعَناک کے ساتھ اُن کے قصبوں کو اپنے قبضے میں نہ لِیا۔ اَور نہ ہی دور اَور ابلیعام اَور مَجّدو اَور اُن کے قصبوں کے باشِندوں کو نِکا لا۔ لہٰذاکِنعانی اُس مُلک میں بستے رہے۔ 28 اَور جب بنی اِسرائیل نے زور پکڑا تو اُنہوں نے کِنعانیوں کو باج گُزار بنایا۔ پر اُنہیں نِکا ل نہ دِیا۔ 29 اَور اِفرائیم نے بھی اُن کِنعانیوں کو جو جزر میں بستے تھے۔ نہ نِکا لا۔ تو کِنعانی اُن کے درمیان جزر میں بستے رہے۔ 30 اَور زُبُولون نے بھی قِطرون اَور نہلال کے باشِندوں کو نہ نِکالا تو کِنعانی اُن کے درمیان بستے رہے۔ اَور اُن کے باج گُزار ہوئے۔ 31 َور آشر نے عکّو اَور صیدُا اَو احلاَب اَور اکزیب اَور حلِبہ اَور افیق اَور رحوب کے باشِندوں کو نہ نِکا لا۔ 32 اَور آشری اُن کِنعانیوں کے درمیان جو مُلک میں رہتے تھے، بسے۔ کیونکہ اُنہوں نے اُنہیں نہ نِکا لا۔ 33 اَور نفتالی نے بَیت شمس اَور بَیت عنات کے باشِندوں کو نہ نِکا لا۔ لیکن کِنعانیوں کے درمیان جو مُلک میں رہتے تھے، بسے اَور بَیت شمس اَور بَیت عنات کے باشِندے اُن کے باج گُزار ہُوئے۔ 34 اَور اَموریوں نے بنی دان کو پہاڑ میں تنگ کِیا۔ اَور اُنہیں وادی میں اُترنے نہ دِیا۔ 35 اَور اَموری کوہِ حرس اَور ایّالون اَور سعَلبیم میں بستے رہے اَور جب یُوسف کے گھرانے کا ہاتھ زور آور ہُوا تو اُنہیں باج گُزار بنالِیا۔ 36 اَور ادومیوں کی سَرحد عقربیم کی چڑھائی سے یعنی سیلا سے آگے آگے کو تھی۔