باب

1 سمسون کی پہلیاں اَور سمِسون تمنت کی طرف نیچے اُترا۔ اَورفلِستِین کی بیٹیوں میں سے اُس نے ایک لڑکی دیکھی۔ 2 اَور وہ اُوپر آیا۔ اَور اپنے ماں باپ کو خبر دی اَور کہا۔ کہ مَیں نے تمنت میں فِلستیوں کی بیٹیوں میں سے ایک لڑکی دیکھی ہَے۔ تُم اُسے میری بیوی ہونے کے لئے لو۔ 3 اُس کے ماں باپ نے اُس سے کہا۔ کہ کیا تیرے بھائیوں کی بیٹیوں میں اَور میری ساری قوم میں کوئی لڑکی نہیں۔ کہ تُو جاتا ہَے۔ اَور نامختُون فِلستیوں میں سے بیوی لیتا ہَے؟ تو سمِسون نے اپنے باپ سے کہا۔ کہ اُسی کو میرے واسطے لے۔ کیونکہ وہ میری آنکھوں میں اچھّی لگی ہَے۔ 4 اَور اُس کے باپ اَور اُس کی ماں نے نہ جانا۔ کہ یہ خُداوند کی طرف سے ہَے۔ کہ وہ فِلستیوں کے خلاف بہانہ ڈُھونڈتاہَے۔ اَور اُس وقت فِلستی اِسرائیل پر حُکمران تھے ۔ 5 تب سمِسون اَور اُس کا باپ اَور اُس کی ماں تمنت کی طرف اُترے۔ اَور جس وقت تمنت کے تاکستان میں پُہنچے۔ تو دیکھو ایک جوان شیر اُس کے سامنے آکر گر جا۔ 6 تو رُوحِ خُداوند کا اُس پر نُزُول ہُوا۔ اَور اُس نے اُسے ایسے پھاڑا جس طرح بکری کے بچّہ کو پھاڑا جاتاہے۔حالانکہ اُس کے ہاتھ میں کُچھ نہ تھا۔ مگر یہ جو کُچھ اُس نے کِیا۔ اپنے باپ کو اَور اپنی ماں کو نہ بتایا۔ 7 پِھر وہ نیچے اُترا۔ اَور اُس لڑکی سے باتیں کِیں۔ تو وہ سمِسون کی آنکھوں میں اچھّی لگی۔ 8 اَور کُچھ دنوں کے بعد وہ اُسے لینے گیا۔ تو شیر کی لاش دیکھنے کو مُڑا۔ تو دیکھو۔ شیر کے مُنہ میں شہد کی مکھّیوں کا ہجُوم اَور شہد تھا۔ 9 اُس نے اُسے ہاتھ میں لِیا اَور کھاتا ہُوا چلا۔ اَوراپنے ماںباپ کے پاس آیا۔ اَور اُنہیں دِیا۔ تو اُنہوں نے بھی کھایا۔ مگر اُس نے اُنہیں نہ بتایا کہ شیر کی لاش سے اُس نے شہد لِیا تھا۔ 10 اَور اُس کا باپ اُس لڑکی کے ہاں نیچے گیا اَور وہاں پر سمِسون نے ضِیافت کی۔ کیونکہ نَوجوانوں کا یہ دستُور تھا۔ 11 چُونکہ لوگ اُس سے ڈرتے تھے۔ وہ اُس کے ساتھ رہنے کے لئے تیس رفیق لائے۔ 12 تب سمِسون نے اُن سے کہا۔ کہ مَیں تُم سے ایک پہیلی پُوچھتا ہُوں۔ اگر تُم ضِیافت کے سات دِنوں میں اُسے بُوجھ لو۔ اَور مُجھے بتا دو۔ تو مَیں تُمہیں تیس قمیض اَور تیس جوڑے کپڑے دُوں گا۔ 13 اَور اگر تُم اُسے بُوجھ نہ سکو۔ تو تُم تیس قمیض اور تیس جوڑے کپڑے مُجھے دو۔ تو اُنہوںنے کہا۔ کہ اپنی پہیلی ڈال تاکہ ہم سُنیں۔ 14 تو اُس نے اُن سے کہا ۔کہ کھانےوالے میں سے تو کھانا نکلا اور زبردست میں سے مِٹھاس نکلی اَور وہ تین دِن تک اِس پہیلی کوحل نہ کرسکے۔ 15 جب چوتھا دِن ہُوا۔ تو اُنہوں نے سمِسون کی بیوی سے کہا۔ اپنے شوہر کو پھُسلا۔ کہ اپنی پہیلی ہما رے لئے حل کردے۔ نہیں تو ہم تُجھے اَور تیرے باپ کے گھر کو آگ سے جَلادیں گے۔ کیا تُم نے ہمیں اِسی لئے بُلایا ہے۔ کہ ہم سے سب کُچھ لے لو؟ 16 تب سمِسون کی بیوی اُس کے پاس روئی۔ اَور کہا۔ کہ تو مُجھ سے نفرت کرتاہے۔ اَور مُجھے پیار نہیں کرتا۔ تُو نے میری قوم کے لوگوں کے پاس ایک پہیلی ڈالی۔ اَور مُجھے وہ نہیں بتائی۔ تو اُس نے کہا۔ کہ مَیں نے وہ اپنے باپ اَور اپنی ماں کو نہیں بتائی۔ تو کیا تُجھے بتاؤں؟ 17 تو وہ اُس کی ضِیافت کے سات دِنوں تک روتی رہی۔ اَور جب ساتواں دِن ہُوا۔ تو اُس نے اُسے بتا دِیا۔ کیونکہ اُس نے اُسے تنگ کِیا۔ تو اُس نے اپنی قوم کے لوگوں کو وہ پہیلی بتا دی۔ 18 اَور ساتویں دِن جب وہ شادی خانہ میں داخِل ہُوا چاہتاتھا۔ شہر کے لوگوں نے اُس سے کہا۔ کہ شہد سے مِیٹھا کِیا ہَے؟ شیر سے قَوی کون ہَے؟ تو اُس نے اُن سے کہا۔ کہ اگر تُم میری بچھیا کو ہَل میں نہ جوتتے تو میری پہیلی کو ہرگز نہ بُوجھتے۔ 19 اَور رُوحِ خُداوند کا اُس پر نُزُول ہُوا۔ اَور وہ اَسقلون کو اُتر گیا۔ اَور وہاں اُس نے اُن کے تیس آدمی مارے۔ اَور اُن کے کپڑے لئے۔ اَور وہ کپڑے اُس نے پہیلی بُوجھنے والوں کو دیئے۔ اَور اُس کا غُصّہ بھڑکا۔ اَور وہ اپنے باپ کے گھر کو چلاگیا۔ 20 اَور سمِسون کی بیوی اُس رفیق کو دی گئی جِسے اُس نے شہہ بالا بنایا تھا۔