1 سمسون کی پیدائش اور بنی اِسرائیل نے پِھر خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ تو خُداوند نے اُنہیں فِلستیوں کے ہاتھ میں چالیس برس تک دے دِیا۔ 2 اَور دان کے قبیلہ میں صُرعہ کا ایک آدمی تھا۔ جس کا نام منوحہ تھا۔ اَور اُس کی بیوی بانجھ تھی۔ چُنانچہ اُس سے کوئی بچّہ پیدا نہ ہُوا۔ 3 اَور خُداوند کا فرِشتہ اُس عورت کو دِکھائی دِیا۔ اَور اُس نے اُسے کہا۔ تُو بانجھ ہَے۔ اور تیرا کوئی بچّہ نہیں۔ لیکن تُو حامِلہ ہوگی۔ اَور تیرے بیٹا ہوگا۔ 4 پس اَب خبردار رہ۔ اَور نہ مَے یا کوئی نشہ آور چیز پی اَور نہ ہی کوئی ناپاک چیز کھا۔ 5 کیونکہ تُو حامِلہ ہوگی اَور تُجھ سے بیٹا ہوگا۔ اَور اُس کے سرپر اُسترہ نہ پِھرے گا۔ کیونکہ وہ لڑکا اپنی ماں کے پیٹ ہی سے خُدا کا نَذیر ہوگا۔ اَور وہ اِسرائیل کوفِلستیوں کے ہاتھ سے رِہائی دینا شرُوع کرے گا۔ 6 تب اُس عورت نے جا کر اپنے شوہر سے کلام کرکے کہا۔ کہ ایک مَردِ خُدا میرے پاس آیا۔ اَور اُس کی شکل خُداوند کے فرِشتے کی طرح نہایت ہیبت ناک تھی۔ اَور نہ مَیں نے اُس سے پُوچھا اَور نہ اُس ہی نے اپنا نام مُجھے بتایا۔ 7 اَور اُس نے مُجھ سے کہا۔ دیکھ تُو حامِلہ ہوگی اَور تُجھ سے بیٹا ہوگا۔ چُنانچہ اَب تُو نہ مَے اَور نہ کوئی نشہ آور چیز پی۔ اَور کوئی ناپاک چیز نہ کھا۔ کیونکہ وہ لڑکا اپنی ماں کے پیٹ ہی سے اپنی وفات کے دِن تک خُدا کا نَذیر ہوگا۔ 8 تب منوحہ نے خُداوند کے آگے دُعا کی اَور کہا۔ اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں۔ کہ وہ مَردِ خُدا جِسے تُو نے بھیجا تھا۔ پِھر ہمارے پاس آئے اَور ہمیں بتائے۔ کہ اُس لڑکے سے جو پیدا ہونے کو ہَے۔ ہم کیا کریں؟ 9 تو خُداوند نے منوحہ کی دُعا سُنی۔ اَور خُداوند کا فرِشتہ اُس عورت کے پاس جس وقت وہ کھیت میں تھی۔ پِھر آیا۔ اَور اُس کا شوہر اُس کے ساتھ نہ تھا۔ 10 تو وہ عورت جلدی سے دوڑی اَور اپنے شوہر کو خبر دی اَور کہا۔ کہ وہ مَرد مُجھے دِکھائی دِیا ہَے جو اُس روز میرے پاس آیا تھا۔ 11 تب منوحہ اُٹھا۔ اَور اپنی بیوی کے پیچھے پیچھے گیا۔ اَور اُس مَرد کے پاس آیا۔ اَور اُس سے کہا۔ کیا تُو ہی وہ مَرد ہَے جس نے اِس عورت سے باتیں کیں؟ اُس نے کہا مَیں وُہی ہُوں۔ 12 تب منوحہ نے کہا۔ کہ جب تیری بات پُوری ہَو۔ تو اُس لڑکے کا کیا قاعدہ ہوگا۔ اَور وہ کیا کرے گا؟ 13 خُداوند کے فرِشتے نے منوحہ سے کہا۔ کہ اُن سب چیزوں سے جو مَیں نے اُس سے کہیں۔ یہ عورت پر ہیز کرے۔ جو چیز تاک سے پیدا ہوتی ہَے وہ نہ کھائے۔ اَور مَے اَور کوئی نشہ آور چیز نہ پِیئے۔ 14 اَور کوئی ناپاک چیز نہ کھائے۔ اَور جو کُچھ مَیں نے اُسے حُکم دِیا۔ اُس پر عمل کرے۔ 15 تو منوحہ نے خُداوند کے فرِشتے سے کہا۔ ہمیں اِجازت دے کہ ہم تُجھے روک رکھیں۔ اَور ایک بکری کا بچّہ تیرے لئے تیّار کریں۔ 16 خُداوند کے فرِشتے نے منوحہ سے کہا۔ اگر تُو مُجھے روک رکھّے۔ تو بھی مَیں تیری روٹی میں سے نہیں کھاؤں گا لیکن اگر تُو سوختنی قُربانی تیّار کرے۔ تو خُداوند کے لئے اُسے گُزران۔ کیونکہ منوحہ نے نہ جانا۔ کہ وہ خُداوند کا فرِشتہ ہَے۔ 17 پِھر منوحہ َنے خُداوند کے فرِشتے سے کہا۔ تیرا نام کیا ہَے؟ تاکہ جب تیری بات پُوری ہَو۔ ہم تیری عِزّت کریں۔ 18 خُداوند کے فرِشتے نے اُس سے کہا۔ تُو میرے نام کی بابت کیوں پُوچھتاہَے۔ کیونکہ میرا نام تو تعجُّب انگیز ہَے۔ 19 تب منوحہ نے ایک بکری کا بچّہ مع نَذَر کی قُربانی کے لِیا۔ اَور اُنہیں چٹان پر خُداوند کے لئے گُزرانا۔ جو تعجُّب انگیز کام کرتاہَے۔ جب منوحہ او راُس کی بیوی دیکھ رہے تھے۔ 20 تویُوں ہُوا۔ کہ جب مذَبح پر سے آسمان کی طرف شُعلہ بُلند ہُوا۔ تو خُداوند کا فرِشتہ مذَبح کے شُعلے میں اُوپر چڑھ گیا۔ اَور منوحہ اَور اُس کی بیوی یہ دیکھ کر زمین پر اپنے مُنہ کے بَل گِر پڑے۔ 21 لیکن خُداوند کا فرِشتہ منوحہ اَور اُس کی بیوی کو پِھر کبھی دِکھائی نہ دِیا۔ اُس وقت منوحہ نے جانا کہ وہ خُداوند کا فرِشتہ تھا۔ 22 تو منوحہ نے اپنی بیوی سے کہا۔ کہ ہم ضرُور مَر جائیں گے۔ کیونکہ ہم دونوں نے خُدا کو دیکھا ہَے۔ 23 اُس کی بیوی نے اُس سے کہا۔ اگر خُداوند چاہتا۔ کہ ہمیں مار دے۔ تو سوختنی قُربانی اَور َنذَر کی قُربانی ہمارے ہاتھ سے کیوں قبُول کرتا؟ اَور نہ ہمیں یہ سب کُچھ دِکھاتا۔ اَور نہ اُس وقت ہم سے اُس طرح کی باتیں کہتا۔ 24 اور اُس عورت سے بیٹا پیدا ہُوا۔ اَور اُس نے اُس کا نام سمِسون رکھّا۔ اَور وہ لڑکا بڑا ہُوا۔ اَور خُداوند نے اُسے برکت دی۔ 25 اَور رُوحِ خُداوند نے دان کے خَیمہ گاہ میں صُرعَہ اَور استال کے درمیان اُسے مُتحّرِک کرنا شرُوع کِیا۔