1 افرائیم کی مغروری اَور اِفرائیم کے مَرد لڑنے کے لئے بُلائے گئے۔ اَور شمال کی طرف پار جا کر اِفتاح سے کہا۔ کہ تُو بنی عمّون کے ساتھ لڑائی کرنے کو کیوں پار گیا۔ اَور ہمیں کیوں نہ بُلایا۔ کہ ہم تیرے ساتھ چلتے؟ پس ہم تُجھے تیرے گھر سمیت جَلادیں گے۔ 2 اِفتاح نے اُن سے کہا۔ کہ میرا اَور میرے لوگوں کا بنی عمّون کے ساتھ بڑاجھگڑا تھا۔ اَور مَیں نے تُمہیں بُلایا۔ پر تُم نے مُجھے اُن کے ہاتھوں سے نہ چھُڑایا۔ 3 اَور جب مَیں نے دیکھا کہ تُم مُجھے نہیں چُھڑاتے تو مَیں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھّی۔ اَور بنی عمّون کی طرف پار اُترا تو خُداوند نے اُنہیں میرے ہاتھ میں حوالہ کردِیا۔ چُنانچہ تُم آج کے دِن کیوں میرے ساتھ لڑنے کے لئے چڑھ آئے ہو؟ 4 اَور اِفتاح نے جِلعاد کے سب مَردوں کو جمع کیا۔ اَور اِفرائیم سے لڑائی کی۔ اور جِلعاد کے آدمیوں نے اِفرائیم کو مارا۔ کیونکہ اُنہوں نے کہا تھا کہ تُم جِلعادی اِفرائیم کے فراری ہو جو اِفرائیم اَور مَنسّی کے درمیان رہتے ہو۔ 5 اَور جِلعادیوں نے یردن کے گھاٹوں کو جو اِفرائیم کے سامنے تھے۔ اپنے قبضے میں کرلِیا۔ اَور ایسا ہُوا۔ کہ اگر کوئی اِفرائیم میں سے بھاگا ہُوا آتا اَور کہتاکہ مُجھے پار جانے دو۔ تو جِلعادی اُس سے کہتے۔ کیا تُو اِفرائیمی ہے؟ اَور اگر وہ کہتا کہ نہیں۔ 6 تب وہ اُس سے کہتے۔ کہہ۔ شِبلِت ۔ اَور اگر وہ کہتا سِبّلِت کیونکہ وہ اُس کا صحیح تلفُّظ نہیں کرسکتا تھا۔ تو وہ اُسے پکڑ لیتے۔ اَور یردن کے گھاٹوں پر اُسے قتل کردیتے۔ چُنانچہ اُس وقت افرائیم میں سے بیالیس ہزار آدمی قتل کئے گئے۔ 7 اَور اِفتاح چھ برس تک اِسرائیل میں قاضِی رہا۔ اَور اِفتاح جِلعادی مَرگیا۔ اَور جِلعاد میں اپنے شہر میں دفن کِیا گیا۔ 8 اِبصان اُس کے بعد بَیت لحم کا اِبصان بنی اِسرائیل کا قاضی ہُوا۔ 9 اَور اُس کے تیس بیٹے اَور تیس بیٹیاں تھیں۔ اُس نے اپنی بیٹیاں بیاہ دیں۔ اَور وہ اپنے بیٹوں کے لئے تیس بیویاں گھر میں لایا۔ اَور وہ سات برس تک اِسرائیل میں قاضِی رہا۔ 10 اَور اِبصان فوت ہُوا۔ اَور بَیت لحم میں گاڑا گیا۔ 11 ایلون اُس کے بعد ایلون زُبُولونی اِسرائیل کا قاضِی ہُوا۔ اَور وہ اِسرائیل میں دس برس تک قاضِی رہا۔ 12 اَور ایلون زُبُولونی مَرگیا۔ اَور زُبُولون کے مُلک میں ایّالون میں گاڑا گیا۔ 13 عبدون اُس کے بعد عَبدون بِن ہلّیل فرعاتونی اِسرائیل کا قاضِی ہُوا۔ 14 اَور اُس کے چالیس بیٹے اَور تیس پوتے تھے۔ جو ستّر جوان گدھوں پر سوار ہُوا کرتے تھے۔ اَور وہ اِسرائیل میں آٹھ برس تک قاضِی رہا۔ 15 اَور عَبدون بِن ہلّیل فرعاتونی مَرگیا۔ اَور عمالِیق کے پہاڑ میں سَر زمین اِفرائیم میں فرعاتون میں گاڑا گیا۔