1 یاہُو اِسرائیل کا بادشاہ اَور الیشع نے انبِیازادوں میں سے ایک کو بُلایا اَور اُسے کہا۔ کہ اپنی کمر باندھ اَور تیل کی یہ شیِشی اپنے ساتھ لے۔ اَور رامات جِلعاد کو چلا جا۔ 2 جب تُو وہاں پُہنچے وہاں تُو یاہُوبِن یہوسفط بن نمسی کو دیکھے گا۔ اَور اندر جا کر اُسے اپنے بھائیوں کے درمیان سے اُٹھا اَور اُسے اندر وار کی کوٹھڑی میں لے جا ۔ 3 اَور تیل کی شیِشی لے۔ اَور اُس کے سر پر اُنڈیل اَور کہہ۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے مَسح کرکے اِسرائیل پر بادشاہ کِیا۔ پِھر تُو دروازہ کھول اَور بھاگ اَور مت ٹھہر۔ 4 تب وہ جوان یعنی نبی زادہ رامات جِلعاد کو گیا ۔ 5 اَور وہ اندر گیا۔ تو دیکھو۔ لشکر کے سردار بیٹھے ہوئے تھے۔ تو اُس نے کہا۔ اَے سردار میرے پاس تیرے لئے ایک بات ہے۔ یاہُو نے کہا۔ ہماری جماعت میں سے کِس کے لئے؟ اُس نے کہا۔ اَے سردار تیرے لئے ۔ 6 تب وہ اُٹھا اَور گھر کے اندر گیا۔ تو اُس نے اُس کے سر پر تیل اُنڈیلا اَور اُس سے کہا۔ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتاہے۔ کہ مَیں نے تُجھے مَسح کرکے خُداوند کی قوم اِسرائیل پر بادشاہ بنایا ہے۔ 7 اَور تُو اپنے آقااَخی اب کے گھرانے کو مارے گا۔ تو مَیں اپنے بندوں یعنی انبِیاءکے خُون کا اَور تمام خُداوند کے بندوں کے خُون کا ایزبل کے ہاتھ سے اِنتقام لُوں گا۔ 8 یہاں تک کہ اَخی اب کا سارا گھرانا نابُود ہوجائے گا۔میں اخی اب کی نسل کے ہر ایک لڑکے کو اَور اُس کو جو اسرائیل میں بند ہے اور اُس کو جو آزادچھوٹا ہوا ہے کاٹ ڈالُوں گا۔ 9 اَور مَیں اَخی اب کے گھر کو یربعام بن نباط کے گھر کی مانند اَور بعشابِن اَخیاہ کے گھر کی طرح کرُوں گا ۔ 10 ایزبل کو یزر عیل کے کھیت میں کُتّے کھائیں گے اَور کوئی نہ ہوگا جو اُسے دفن کرے۔ تب اُس نے دروازہ کھولا اَور بھاگ گیا۔ 11 تب یاہُو اپنے آقا کے خادِموں کے پاس گیا۔ اُنہوں نے اُس سے کہا۔ خیر ہے۔ یہ مجنُوں تیرے پاس کیوں آیا؟ اُس نے اُن سے کہا۔ تُم اِس آدمی کو اَور اِس کے کلام کو جانتے ہو۔ 12 اُنہوں نے کہا۔ یہ جھُوٹ ہے۔ پس تُو ہمیں بتا اُس نے اُن سے کہا۔ اِس نے مُجھ سے یُوں یُوں بات کی اَور کہا۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ کہ مَیں نے تُجھے مَسح کر کے اِسرائیل پر بادشاہ بنایا ہے۔ 13 تب اُنہوں نے جلدی کی۔ اَور ہر ایک آدمی نے اپنی پوشاک لے کر اُس کے نیچے سیڑھیوں کی چوٹی پر بِچھائی۔ اَور نرسِنگا پھُونکا اَور کہا۔ یاہُو بادشاہ ہے۔ 14 یہُوداہ اَور اِسرائیل کے بادشاہوں کا قتل سویاہُو بِن یہوسفط بِن نمِسی نےیورام کے خلاف سازِش کی۔ اَوریورام اَور تمام اِسرائیل اَرام کے بادشاہ حزائیل کے ڈر سے رامات جِلعاد کی حِفاظت کرتے تھے۔ 15 اَوریورام بادشاہ واپس گیا تھا۔ تاکہ اُن زخموں کا جو اُس نے شاہِ اَرام حزائیل کے ساتھ جنگ کرتے ہُوئے اَرامیوں سے کھائے تھے یزر عیل میں عِلاج کرائے۔ تو یاہُو نے کہا۔ اگر تُمہارا دِل چاہے تو کِسی کو شہر سے بھاگ کر نِکلنے نہ دو کہ وہ جا کر یزر عیل میں خبر پہُنچائے۔ 16 اَور یاہُو رتھ میں سوار ہُوا اَور یزر عیل کو گیا۔ کیونکہ یورام وہاں بِستر پر پڑا تھا۔ اَور یہُوداہ کا بادشاہ اَخزیاہ اُس کے دیکھنے کو وہاں آیا ہُوا تھا۔ 17 اَور یزر عیل میں ایک پَہرہ دار نے جو بُرج پر کھڑا تھا۔ یاہُو کے گروہ کو آتے دیکھا۔ اَور کہا۔ مَیں ایک گروہ کو دیکھتا ہوں۔ تویورام نے کہا۔ ایک سَوار کو لے اَور اُن کے مِلنے کے لئے اُسے بھیج اَور وہ پُوچھے۔ کہ خیریّت ہے؟ 18 تب ایک سَوار گیا۔ اَور اُنہیں مِلا۔ اَور کہا بادشاہ یُوں کہتاہے۔ کہ خیریّت ہے؟ یاہُو نے کہا۔ تُجھے اَور خیریّت کو کیا۔ تُو میرے پیچھے ہولے۔ تو پَہرہ دار نے خبر دے کر کہا۔ کہ قاصِد اُن کے پاس پہُنچا۔ پر واپس نہیں آیا۔ 19 تو اُس نے ایک دوسرے سَوار کو بھیجا۔ وہ اُن کے پاس گیا اَور بولا۔ بادشاہ یُوں کہتا ہے۔ کیا خیریّت ہے؟ یاہُو نے کہا۔تُجھے اَورخیریّت کو کیا۔ تُو میرے پیچھے ہولے۔ 20 پِھر پَہرہ دار نے خبر دی اَور کہا۔ کہ وہ اُن کے پاس پُہنچا پر واپس نہیں آیا۔ اَور ہانکنا یاہُو بِن نمِسی کے ہانکنے کی طرح ہے۔ کیونکہ وہ تیزی سے ہانکتا ہے۔ 21 یورام نے کہا کہ رتھ جو تو۔ سو اُس کا رتھ جوتا گیا۔ تب شاہِ اِسرائیل یورا م اور شاہِ یہُوداہ اَخزیاہ اپنی اپنی گاڑیوں میں یاہُو کے اِستقبال کے لئے باہر نِکلے۔ اَور نبوت یزر عیلی کے کھیت کے پاس اُسے مِلے۔ 22 جب یورام نے یاہُو کو دیکھا۔ تو اُس نے کہا۔ اَے یاہُو! خیریّت ہے؟ اُس نے کہا خیریّت کہاں ہے؟ جب تک کہ تیری ماں ایزبل کی بَدکاریاں اَور جادوگریاں کثرت سے ہیں۔ 23 تب یورام نے باگ موڑی اَور بھاگا اَور اَخزیاہ سے کہا۔ اَے اَخزیاہ! دغا بازی ہے۔ 24 تب یاہُو نے اپنے ہاتھ سے کمان کھینچی۔ اَوریورام کے دونوں شانوں کے درمیان تیِر مارا۔ تو تِیر اُس کے دِل سے پار ہوگیا۔ اَور وہ اپنے رتھ میں گرگیا۔ 25 تب یاہُو نے فوج کے سردار بِدقرَ سے کہا۔ کہ اُسے اُٹھاکر نبوت یزر عیلی کے کھیت میں پھینک دے کیونکہ مُجھے یاد ہے کہ جس وقت مَیں اَور تُو سَوار ہو کر اُس کے باپ ا َخی اب کے پیچھے گئے تھے۔ تو خُداوند نے یہ بوجھ اُس پر رکھّا تھا اَور کہا تھا۔ 26 کہ نبوت کے خُون اَور اُس کے بیٹوں کے خُون کے سبب سے جو مَیں نے کل کے روز دیکھا۔ خُداوند فرماتاہے۔ مَیں اِسی کھیت میں تیرا بدلہ لُوں گا۔ خُداوند فرماتا ہے۔ سو اَب تُو اُسے اُٹھا اَور خُداوند کے قول کے مُطابِق کھیت میں پھینک دے۔ 27 جب شاہِ یہُوداہ اَخزیاہ نے یہ دیکھا تو وہ باغ کی راہ داری کی راہ سے بھاگا اَور یاہُو نے اُس کا پیچھا کِیا۔ اَور کہا کہ اُسے تیِر مارو۔ تو اُنہوں نے اُسے جُور کی چڑھائی میں جوابلعام کے قریب ہے، رتھ ہی میں تیِر مارے۔ اَور وہ بھاگ کر مَجدّو میں آیا اَور وہاں مَرگیا۔ 28 تب اُس کے مُلازِم اُسے گاڑی میں ڈال کر یرُوشلیِم میں لائے۔ اَور داؤد کے شہر میں اُس کے آباؤاجداد کے ساتھ اُس کی قبر میں اُسے دفنایا ۔ 29 اَوریورام بِن اَخی اب کے گیارھویں برس میں اَخزیاہ نے یہُوداہ پر بادشاہی کی۔ 30 ایزبل کی مَوت پِھر یاہُو یزر عیل میں داخِل ہُوا۔ جب ایزبل نے سُنا۔ تو اپنی آنکھوں میں سُرمہ لگایا۔ اَور اپنا سر سنوارا۔ اَور کھڑکی سے جھانکنے لگی ۔ 31 جب یاہُو دروازے میں داخِل ہُوا۔ وہ بولی۔ اَے زمری۔ اپنے آقا کے قاتِل۔ خیر تو ہے؟ 32 یاہُو نے اپنا مُنہ کھڑکی کی طرف اُٹھایا اَور کہا۔ کون میرے ساتھ ہے۔ کون! تب دو یا تین خوا جہ سراؤ ں نے سِر جُھکایا۔ 33 تو اُس نے کہا۔ اِسے نیچے گِرا دو۔ سو اُنہوں نے اِسے نیچے گرِادِیا۔ اَور اُس کا خُون دِیوار اَور گھوڑوں پر پڑا۔ اَور یاہُو نے اُسے سمُوں تلے روندا۔ 34 پِھر وہ اندر گیا۔ اَور کھایا اَور پِیا۔ اَور کہا۔ کہ اُس مَلعُون عورت کو دیکھو اَور اُسے دفن کردو۔ کیونکہ وہ بادشاہ کی بیٹی ہے۔ 35 تب وہ گئے۔ کہ اُسے دفن کریں۔ مگر اُس کی کھوپڑی اَور اُس کے پاؤ ں اَور اُس کے ہاتھوں کے سِوا کُچھ نہ پایا۔ 36 سو اُنہوں نے لَوٹ کر خبردی۔ تو اُس نے کہا۔ یہ خُداوند کی وہ بات ہے۔ جو اُس نے اپنے بندےایلیاہ تشِبی کی زُبان سے کلام کرتے ہُوئے فرمائی۔ کہ یزر عیل کے کھیت میں کُتّے ایزبل کا گوشت کھائیں گے۔ 37 اَور ایزبل کی نعش یزر عیل کے کھیت میں گوبر کی طرح ہوگی جو کھُلے میدان میں پڑا ہُوا ہو۔ یہاں تک کہ یہ نہ کہا جائے گا۔ کہ یہ ایزبل ہَے۔