1 اَور اُس کے ایّام میں بابل کا بادشاہ نبُوکدنضَّر چڑھ آیا اَور یہویقیم تین برس تک اُس کا خادِم رہا۔ تب پِھر اُس نے اُس کے خلاف بغاوت کی ۔ 2 اَور خُداوند نے اُس پر کسدیوں کے لُٹیروں اَور اَرام کے لُٹیروں اَور موآب کے لُٹیروں اَور بنی عمون کے لُٹیروں کو بھیجا۔ اُس نے اُنہیں یہُوداہ کے خلاف بھیجا تاکہ اُنہیں ہلاک کریں۔ بمُطابِق خُداوند کے قول کے جو اُس نے اپنے بندوں انبِیاءکی زُبان سے فرمایا تھا ۔ 3 یہ یہُوداہ کے خلاف خُداوند کے قول کے مُطابِق تھا۔ کہ وہ مُنسی کے گُناہوں اَور سب کُچھ کے باعِث جو اُس نے کِیا تھا۔ اُنہیں اپنے سامنے سے دُور کردے گا۔ 4 اَور بے گُناہ خُون کے سبب جو اُس نے بہایا۔ کیونکہ اُس نے یُروشلیِم کو بے گُناہ خُون سے بھر دِیا۔ خُداوند نے نہ چاہا کہ اُسے مُعاف کرے ۔ 5 اَور یہویقیم کا باقی اِحوال اَور جو کُچھ اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 6 اَور یہویقیم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اُس کا بیٹایہویاکین اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا ۔ 7 اَور بعد اُس کے مصِر کا بادشاہ کبھی اپنے مُلک سے باہر نہ نِکلا۔ کیونکہ شاہِ بابل نے مصِر کے دریاسے لے کر دریائے فرات تک سب کُچھ جو مصِر کے بادشاہ کا تھا، لے لیِا۔ 8 یہویاکین یہُوداہ کا بادشاہ اَور جس وقت یہویاکیِن بادشاہ ہُوا وہ اَٹھارہ برس کی عُمر کا تھا۔ اَور اُس نے یُروشلیِم میں تین مہینے بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام نُحشتاتھا۔جو یُروشلیِم کے رہنے والے اِ لناتن کی بیٹی تھی ۔ 9 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی۔ بمُطابِق اُس سب کے جو اُس کے باپ دادا نے کِیا تھا۔ 10 اُس وقت شاہ ِبابل نبُوکدنضر کے خادِموں نے یُروشلیِم پر چڑھائی کی۔ اَور شہر کا مُحاصرہ کر لِیا۔ 11 اَور شاہِ بابل نبُوکدنضر بھی شہر پر آپہُنچا۔ جس وقت کہ اُس کے خادِم اُس کا مُحاصرہ کِئے ہُوئے تھے ۔ 12 تب یہُوداہ کا بادشاہ یہویاکیِن اَور اُس کی ماں اَور اُس کے مُلازِم اَور اُس کے رئیس اَور اُس کے خواجہ سرائے باہر نِکل کر شاہِ بابل کے پاس گئے۔ تو شاہِ بابل نے اپنی سَلطنَت کے آٹھویں برس میں اُسے گِرفتار کِیا ۔ 13 اَور اُس نے وہاں سے خُداوند کے گھر کے سب خزانے اَور بادشاہ کے گھر کے خزانے نِکلوائے۔ اَور تمام سونے کے برتن جو اِسرائیل کے بادشاہ سُلیمان نے خُداوند کی ہَیکل میں بنائے تھے، توڑے جیسا کہ خُداوند نے فرمایا تھا ۔ 14 اَور وہ تمام یُروشلیِم کو اَور سب سرداروں اَور دس ہزار رئیسوں کو اسیر کرکے لے گیا۔ اَور سب پیشہ وروں اَور لوہاروں کو بھی نبُوکدنضّر اسیر کرکے لے گیا۔ اَور مُلک کے لوگوں کے مِسکیِنوں کے سِوا وہاں کوئی باقی نہ رہا ۔ 15 اَور وہ یہویاکیِن بادشاہ کو بابل میں اسیر کر کے لے گیا۔ اَور بادشاہ کی ماں اَور بادشاہ کی بیویوں اَور اُس کے خواجہ سراؤں اورمُلک کے سب رئیسوں کو وہ یُروشلیِم سے بابل میں اسیر کرکے لایا۔ 16 اَور سب بہَادُر مَردوں کو جو سات ہزار تھے اَور پیشہ وروں اَور لوہاروں کو جو سب ایک ہزار دلیر جنگی مَرد تھے شاہِ بابل قید کرکے بابل میں لایا۔ 17 اَور شاہِ بابل نے یہویاکیِن کے چچا مَتّنیاہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا۔ اَور اُس کا نام بدل کر صِدقیاہ کِیا۔ 18 صِدقیاہ یہُوداہ کا آخری بادشاہ اَور صِدقیاہ جس وقت بادشاہ ہُوا۔ اِکِیس برس کی عُمر کا تھا۔ اَور اُس نے یُروشلیِم میں گیارہ برس بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام حَمُوطل تھا۔ جو لبِناہ کے رہنے والے یِرمیاہ کی بیٹی تھی۔ 19 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی۔ بمُطابِق اُس سب کے جو یہویقیم نے کِیا۔ 20 کیونکہ خُداوند کا غضب یُروشلیِم سے اَور یہُوداہ سے نہ ہٹا۔ جب تک کہ اُس نے اُنہیں اپنے سامنے سے دُور نہ کِیا۔ اَور صِدقیاہ نے شاہِ بابل کے خلاف بغاوت کی۔