باب

1 شریعت کا سُنایا جانا تب بادشاہ نے بُلا بھیجا۔ اَور یہُوداہ اَور یرُوشلیِم کے سب بزُرگ اُس کے پاس جمع ہُوئے۔ 2 اَور بادشاہ خُداوند کے گھر میں گیا۔ اَور یہُوداہ کے سب آدمی اَور یرُوشلیِم کے سب رہنے والے اَور کاہِن اَور انبِیاءاَور سب لوگ کیا چھوٹے کیا بڑے اُس کے ساتھ تھے اَور اُس نے اُس عہد کی کِتاب کی سب باتیں جو خُداوند کے گھر میں پائی گئی تھی۔ اُن کے کانوں میں پڑھ کر سُنائیں۔ 3 اَور بادشاہ منبر پر کھڑا ہُوا۔ اَور خُداوند کے حضُور عہد کیا۔ کہ وہ خُداوند کی پیروی کریں گے۔ اَور اُس کے اِحکام اَور شہادتوں اَور قَوانیِن کو اپنے سارے دِل سے اَور اپنی ساری جان سے مانیں گے۔ تاکہ اُس عہد کی باتوں پر جو اُس کِتاب میں لکھی گئیں، قائم رہیں۔ تب تمام لوگ اُس عہد میں شامِل ہُوئے۔ 4 اَور بادشاہ نے سردار کاہِن خلقیاہ اَور دُوسرے درجے کے کاہِنوں اَور دربانوں کو حُکم دِیا۔ کہ سب سامان جو بَعلَ اَوریسیرت اَور تمام آسمانی لشکروں کے لئے بنایا گیا تھا، خُداوند کی ہَیکل سے باہر نِکالیں۔ اَور اُس نے وہ یرُوشلیِم سے باہر قِدرُون کے کھیتوں میں جَلایا۔ اَور اُس کی راکھ بَیت ایل میں لے گیا۔ 5 اَور اُس نے بتُوں کے پُجاریوں کو جِنہیں یہُوداہ کے بادشاہوں نے مُقرّر کِیا تھا۔ کہ یہُوداہ کے شہروں اَور یرُوشلیِم کے اِردگِرد اُونچی جگہوں پر بخُورجَلائیں ہلاک کِیا۔ اَور اُنہیں بھی جو بَعلَ کے لئے اَور سُورج اَور چاند اَورسیاروں اور تمام آسمانی لشکر کے لئے بخُور جَلاتے تھے۔ 6 اَور اُس نےیسیرت کو خُداوند کے گھر سے یُروشلیِم سے باہر وادی قِدرُون میں نِکلوایا۔ اَور وادی قِدرُون میں اُسے جَلایا۔ اَور اُسے پِیس کر گرد کر دِیا۔ اَور اُس گرد کو عام لوگوں کی قبروں پر پھینکا ۔ 7 اَور اُس نے ہم جنس پرستوں کی کوٹھڑیوں کو جو خُداوند کے گھر میں تھیں جہاں عورتیں یسیرت کے لئے پوشاکیں بُنتی تھیں، ڈھا دیا ۔ 8 اَور سب کاہِنوں کو اُس نے یہُوداہ کے شہروں سے بُلا کر اُونچی جگہوں کو جبع سے لے کر بیر سبع تک جہاں کاہِن بخُور جلاتے تھے نجس کیا۔ اَور اُس نے شیاطیِن کے مذَبحوں کو جو شہر کے سردار یشوع کے دروازے کے مدَخِل کے پاس شہر کے دروازے کے بائیں طرف تھے، ڈھا دِیا ۔ 9 اگرچہ اُونچی جگہوں کے کاہِن یُروشلیِم میں خُداوند کے مذَبح کے پاس نہ آتے مگر اپنے بھائیوں کے ساتھ فطِیری روٹی کھاتے تھے۔ 10 اَور اُس نے توفِت کو جو بِن ہِنّوم کی وادی میں ہے، پلید کروایا۔ تاکہ کوئی اپنے بیٹے یا اپنی بیٹی کو مُلک کے لئے آگ میں سے نہ گُزارے۔ 11 اَور اُس نے گھوڑوں کو جِنہیں خُداوند کے گھر کے مدَخِل کے پاس ناتِن مَلِک خواجہ سرا کی کوٹھڑی کے نزدِیک جو دالان میں تھی یُہوداہ کے بادشاہوں نے سُورج کے لئے نَذَر کِیا تھا، دُور کِیا۔ اَور سُورج کے رتھوںکو آگ سے جلا دیا ۔ 12 اَور اُن مذَبحوں کو جوآخزکے بالا خانے کی چھت کے اُوپر تھے جِنہیں یہُوداہ کے بادشاہوں نے بنایا تھا۔ اَور اُن مذَبحوں کو جِنہیں مُنسی نے خُداوند کے گھر کے دونوں صحنوں میں بنایا تھا بادشاہ نے ڈھادِیا۔ اَوروہاں سے جلدی کرکے اُن کی خاک کو وادی قِدرُون میں پھینکوایا ۔ 13 اَور اُن اُونچی جگہوں کو جو یُروشلیِم کے مُقابِل کوہِ ہلاکت کی دہنی طرف ہیں۔ جِنہیں اِسرائیل کے بادشاہ سُلیمان نے صیدُانیوں کی گندگی یسیرت کے لئے اور موآبیوں کی ناپاکی کمُوس کے لئے اور بنی عمّون کی پلیدی مِلکوم کے لئے بنایا تھا۔ بادشاہ نے پلید کروایا۔ 14 اَور اُس نے ستُونوں کو چِکنا چُور کِیا۔ اَور کھمبوں کو کاٹا۔ اَور اُن کی جگہوں میں مُردوں کی ہَڈّیاں بھریں۔ 15 اَور اُس نے اُس مذَبح کو بھی جو بَیت ایل میں تھا اَور اُس اُونچی جگہ کو جِسے یربعام بِن نباط نے بنایا تھا۔ جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی مذَبح کو اَور اُونچی جگہ دونوں کو تمام ڈھادیا۔ اَور اُونچی جگہ کو جَلا دِیا۔ اَور روند کر خاک کر دِیا۔ اَور کھمبوں کو جَلایا۔ 16 اَوریُوسیاہ پِھرا تو اُس نے قبریں دیکھیں جو پہاڑ پر تھیں۔ تو اُس نے آدمی بھیج کر قبروں سے ہَڈّیاں نِکلوائِیں۔ اَور مذَبح پر اُنہیں جَلایا۔ اَور اُسے نجِس کیا۔ خُداوند کے قول کے مُطابِق جو مَردِ خُدا نے کہا تھا۔ جس نے اِن سب باتوں کی پیشین گوئی کی تھی۔ 17 پِھر اُس نے کہا۔ کہ یہ کِس کی یادگار ہے جو مَیں دیکھتا ہُوں؟ سو شہر کے لوگوں نے اُسے کہا۔ کہ یہ اُس مَردِ خُدا کی قبر ہے جو یہُوداہ سے آیا۔ اَور اُن کاموں کی پیشین گوئی کی تھی جو تُو نے بَیت ایل کے مذَبح سے کِئے۔ 18 تو اُس نے کہا۔ اُسے چھوڑ دو۔ کوئی اُس کی ہَڈّیوں کو نہ ہلائے۔ سو اُنہوں نے اُس کی ہَڈّیوں کو اَور اُس نبی کی ہَڈّیوں کو جو سامریہ سے آیا تھا رہنے دِیا۔ 19 اَور اُن سب اُونچی جگہوں کے مندروں کو بھی جو سامریہ کے شہروں میں تھے۔ جِنہیں اِسرائیل کے بادشاہوں نے خُداوند کو غُصّہ دِلانے کے لئے بنایا تھایُوسیاہ نے دُور کِیا۔ اَور اُن سے وُہی کِیا جو اُس نے بَیت ایل میں کِیا تھا۔ 20 اَور اُونچی جگہوں کے سب کاہِنوں کو جو وہاں تھے اُس نے مذَبحوں پر ذَبح کِیا۔ اَور آدمیوں کی ہَڈّیاں اُن پر جلائیں۔ اَور وہ یُروشلیِم کو واپس آیا۔ 21 اَور بادشاہ نے سب لوگوں کو حُکم دے کر کہا۔ کہ خُداوند اپنے خُدا کے لئے فسح مناؤ۔ جس طرح کہ اِس عہد کی کِتاب میں لِکھا ہُوا ہے۔ 22 اَور قاضِیوں کے زمانے سے لے کر جو اِسرائیل کی عدالت کرتے تھے۔ اَور شاہانِ اِسرائیل اَور شاہانِ یہُوداہ کے سب ایّام میں ایسی فسح نہ ہوئی تھی۔ 23 جیسی کہ یُوسیاہ کے اَٹھارھویں برس میں یُروشلیِم میں خُداوند کے لئے فسح کی گئی۔ 24 اَور ایسا ہی ساحِروں کو اَور افسُوں گروں اَور مُورتوں اَور بُتوں اَور سب مکُروہات کو جو یہُوداہ کے مُلک اَور یُروشلیِم میں تھیں یُوسیاہ نے دفع کِیا۔ تاکہ وہ شریعت کے کلام کو قائم کرے جو اُس کِتاب میں لِکھا ہُوا تھا۔ جو خلقیاہ کاہِن نے خُداوند کے گھر میں پائی۔ 25 اَور اُس سے پہلے اُس کی مانند کوئی بادشاہ نہ ہُوا جس نے اپنے سارے دِل سے اَور اپنی ساری جان سے اَور اپنی ساری طاقت سے مُوسیٰ کی تمام شریعت کے مُطابِق خُداوند کی طرف اپنا دِھیان لگایا ہو۔ اورنہ اُس کے بعد کوئی اُس کی مانند برپا ہُوا۔ 26 لیکن خُداوند اپنے بڑے غُصّے سے نہ پِھرا جس سے وہ یہُوداہ پر غضبناک ہُوا اُس سب کُچھ کے باعِث جس سے مُنسی نے اُسے غُصّہ دِلایا تھا۔ 27 اَور خُداوند نے کہا۔ کہ مَیں یہُوداہ کو بھی اپنے چہرے سے دُور کرُوں گا۔ جیسا کہ مَیں نے اِسرائیل کو دُور کِیا۔ اَور اُس شہر یُروشلیِم کو جس کو مَیں نے چُنااَور اُس گھر کو جس کے حَق میں مَیں نے کہا کہ میرا نام وہاں ہوگا، ردّ کرُوںگا۔ 28 یُوسیاہ کی مَوت اَوریُوسیاہ کا باقی اِحوال اَور جو کُچھ اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 29 اَور اُس کے ایّام میں شاہِ مصِر نِکو فرِعُون شاہِ اسُور پر دریائے فرات تک حملہ آور ہُوا۔ اَوریُوسیاہ بادشاہ اُس کا سامنا کرنے کو نِکلا۔ اَور اُس نے اُسے دِیکھتے ہی مَجدّو میں قتل کِیا ۔ 30 اَور اُس کے مُلازِم اُس کی نعش کو گاڑی میں رکھّ کر مَجدّو سے یُروشلیِم میں لائے۔ اَور اُس کی قبر میں اُسے دفن کِیا۔تو مُلک کے لوگوں نےیہوآخزبِن یُوسیاہ کو لے کر مَسح کِیا۔ اَور اُس کے باپ کی جگہ اُسے بادشاہ بنایا۔ 31 یہوآخزیہُوداہ کا بادشاہ اَور جس وقت یہوآخزبادشاہ ہُوا وہ تیئیس برس کی عُمر کا تھا۔ اَور اُس نے یُروشلیِم میں تین مہینے بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام حَمُوطل تھا۔ جو لبِناہ کے رہنے والے یرِمیاہ کی بیٹی تھی۔ 32 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی بمُطابِق اُس سب کے جو اُس کے باپ دادا نے کِیا تھا۔ 33 اَور نِکو فرِعون نے مُلکِ حِمات کے رِبلہ میں اُسے زنجیر سے باندھا۔ تاکہ وہ یُروشلیِم میں بادشاہی نہ کرے۔ اَورمُلک پر ایک سو قنطار چاندی اورایک قنطار سونا تاوان لگایا۔ 34 اور نِکو فرِعُون نے الیاقیم بِن یُوسیاہ کو اُس کے باپ یُوسیاہ کی جگہ بادشاہ مُقرّر کِیا۔ اَور اُس کا نام بدل کر یہویقیم رکھّا۔ اَوریہوآخزکو پکڑ کے مصِر کو لے گیا۔ سو وہ وہاں مَر گیا ۔ 35 اوریہویقیم نے چاندی اَور سونا فرِعُون کو دِیا۔ لیکن اُس نے فرِعُون کے حُکم سے چاندی دِینے کے لئے مُلک پر خراج لگایا۔اَور مُلک کے لوگوں سے خراج کے مُطابِق چاندی اَور سونا لیا۔ تاکہ نِکوفرِعُون کو دے۔ 36 یہویقیم یہُوداہ کا بادشاہ اَور جس وقت یہویقیم بادشاہ ہُوا وہ پچیس برس کی عُمر کا تھا۔ اَور اُس نے یُروشلیِم میں گیارہ برس بادشاہی کی اَور اُس کی ماںکا نام زِبودہ تھا۔ جو رُومہ کے رہنے والے فدِایاہ کی بیٹی تھی ۔ 37 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی۔ بمُطابِق اُس سب کے جو اُس کے باپ دادا نے کِیا تھا۔