1 یُوسیاہ یہُوداہ کا بادشاہ جس وقت یُوسیاہ بادشاہ ہُوا۔ وہ آٹھ برس کی عُمر کا تھا۔ اُس نے یرُوشلیِم میں اکتیِس برس بادشاہی کی۔ اُس کی ماں کا نام جَدیدہ تھا۔ جو بُصقَتی کے رہنے والے عدایاہ کی بیٹی تھی۔ 2 اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں راست کاری کی۔ اَور اپنے باپ داؤدکی تمام راہوں پر چلا۔ اَور اُن سے دِہنے یا بائیں نہ مُڑا ۔ 3 اَوریُوسیاہ بادشاہ کے اَٹھارھویں سال میں بادشاہ نے سافن بِن اَصَلیاہ بِن مُسلاّم کاتب کو خُداوند کے گھر میں بھیج کر کہا۔ 4 کہ تُو سردار کاہِن خلقیاہ کے پاس جا۔ کہ وہ اُس نقدی کا حِساب کرے جو خُداوند کے گھر میں لائی جاتی ہے۔ جو ہَیکل کے دربانوں نے لوگوں سے جمع کی ہے۔ 5 اَور مُختار کاروں کے ہاتھ میں دے دے جو خُداوند کے گھر میں مُتّعین ہیں۔ تو وہ اُسے خُدا کے گھر میں کام کرنے والوں کو دیں۔ تاکہ گھر کی دراڑوں کی مَرمّت کی جائے۔ 6 ترکھانوں کو اَور مِعماروں اَور راجوں کو اَور گھر کی مَرمّت کے لئے لکڑی اَور تراشے ہُوئے پتھّر خرِیدنے کے واسطے۔ 7 لیکن جو نقدی اُن کے ہاتھ میں دی جاتی ہے اُس کا اُن سے حِساب نہ لِیا جائے۔ بلکہ اُن کے اِختیار اَور اُن کی اِیمان داری پر چھوڑی جائے۔ 8 شریعت نامہ کا پایا جانا اَور سردار کاہِن خلقیاہ نے سافن کاتب سے کہا کہ مَیں نے خُداوند کے گھر میں شریعت کی کِتاب پائی ہے۔ اَور خلقیاہ کاہِن نے وہ کِتاب سافن کو دی تو اُس نے پڑھی۔ 9 تب سافن کاتِب بادشاہ کے پاس آیا اَور بادشاہ کو اِس بات کی خبردی اَور کہا۔ کہ جو نقدی گھر میں پائی گئی۔ وہ تیرے خادِموں نے شُمار کی۔ اَور مُختارکاروں کے ہاتھ میں جو خُدا کے گھر پر مُتعیّن ہیں دے دی۔ 10 اَور سافن کاتِب نے بادشاہ کو خبر دے کر کہا۔ کہ خلقیاہ کاہِن نے مُجھے ایک کِتاب دی۔ اَور سافن نے بادشاہ کے آگے پڑھی۔ 11 جب بادشاہ نے شریعت کی کِتاب کی باتیں سُنیں تو اپنے کپڑے پھاڑے۔ 12 اَور بادشاہ نے خلقیاہ کاہِن اَور اَخی قام بِن سافن اَور عَکبور بِن میِکایاہ اَور سافن کاتِب اَور بادشاہ کے خادِم عَسَایاہ کو حُکم دے کر کہا۔ 13 تُم جاؤ ۔ اَور میرے لئے اَور لوگوں کے لئے اَور سب یہُوداہ کے لئے اِس کِتاب کی باتوں کی بابت جو پائی گئی ہے خُداوند سے دریافت کرو۔ کیونکہ خُداوند کا بڑا غضب ہم پر بھڑکا ہے اِس لئے کہ ہمارے باپ دادا نے اِس کِتاب کی باتوں کو نہ سُنا۔ تاکہ جو کُچھ اُس میں ہمارے لئے لِکھا ہے اِس پر عمل کرتے۔ 14 خُلدہ نبیہ کی پیشین گوئی تب خلقیاہ کاہِن اَور اَخی قام اَور عَکبور اَور سافن اَور عسایاہ خُلدہ نبیہ کے پاس گئے جو سلوم بِن تقوہ بِن خرخس کپڑوں کے مُحافِظ کی بیوی تھی۔ وہ یرُوشلیِم کے دُوسرے حِصّہ میں رہتی تھی اَور اُس سے بات کی ۔ 15 وہ بولی خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتاہے۔ تُم اُس آدمی سے جس نے تُمہیں میرے پاس بھیجا ہے کہو ۔ 16 خُداوند یُوں فرماتاہے۔ دِیکھ۔ مَیں اِس مقام پر اَور اُس کے رہنے والوں پر بَلا لاؤں گا۔ یعنی اِس کِتاب کی سب باتیں جِسے شاہِ یہُوداہ نے پڑھا ہے۔ 17 اِس و جہ سے کہ اُنہوں نے مُجھے چھوڑدیا۔ اَور اجنبی مَعبُودوں کے آگے بخُور جَلایا۔ تاکہ اپنے ہاتھوں کے سارے کاموں سے مُجھے غُصّہ دِلائیں۔ سو میرا غضب اِس مقام پر بھڑکے گا۔ اَور ہرگز نہ بُجھے گا۔ 18 لیکن شاہِ یہُوداہ کو جس نے تُمہیں خُداوند سے دریافت کرنے کے لئے بھیجا۔ تُم اِس طرح کہو۔ کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتاہے۔ کہ اُن باتوں کی بابت جو تُو نے سُنیں۔ 19 اِس سبب سے کہ تیرا دِل بے چین ہُوا۔ اَور تُو نے خُداوند کے آگے عاجِزی کی جس وقت تُو نے وہ جو مَیں نے اِس مقام کے حَق میں اَور اُس کے باشِندوں کی بابت کہا۔ کہ وہ ضربُ المثِل اَور لعنت ہوں گے۔ اَور تُو نے اپنے کپڑے پھاڑے۔ اَور تُو میرے آگے رویا۔ سو مَیں نے بھی تیری سُنی۔ خُداوند فرماتاہے۔ 20 اِس سبب سے دیکھ مَیں تُجھے تیرے باپ دادا کے ساتھ شامِل کرُوں گا۔ اَور تُو اپنی قبر میں سلامتی سے جائے گا۔ اَور جو آفت مَیں اِس مقام پر لاؤں گا۔ اُسے تیری آنکھیں نہ دیکھیں گی۔ سووہ بادشاہ کے پاس یہ کلام لائے۔