باب

1 مُنسی یہُوداہ کا بادشاہ جس وقت مُنسی بادشاہ ہُوا وہ بارہ برس کا تھا۔ اُس نے یرُوشلیِم میں پچپن برس بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام حِفصیباہ تھا ۔ 2 اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں شرارت کی۔ بمُطابِق اُن قوموں کی گندگیوں کے جِنہیں خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے دُور کِیا 3 اُس نے اُونچی جگہوں کو جِنہیں اُس کے باپ حزقیاہ نے ڈھا دِیا تھا پِھر بنایا اَور بَعلَ کے لئے مذَبحے قائم کِئے اَور کھمبے لگائے جیسے اِسرائیل کے بادشاہ اَخی اب نے کِیا تھا۔ اَور آسمان کے تمام لشکر کو سجدَہ کِیا اَور اُن کی پرستِش کی۔ 4 اَور اُس نے خُداوند کے گھر میں مذَبحے بنائے۔ جس کی بابت خُداوند نے کہا تھا۔ کہ یرُوشلیِم میں مَیں اپنا نام رکھُّوں گا۔ 5 اَور آسمان کے تمام لشکر کے لئے اُس نے خُداوند کے گھر کے دونوں صحنوں میں مذَبحے بنائے۔ 6 اَور اُس نے اپنے بیٹے کو آگ میں سے گُزارا۔ اَور وقتوں کے مَنتر پڑھے۔ اَور فالیں نِکالیں۔ اَور ساحروں اَور افسُوں گروں کو مُقرّر کِیا۔ اَور خُداوند کے حضُور بَدی کے بُہت سے کام کِئے تاکہ اُسے غُصّہ دِلائے۔ 7 اَور اُس نے یسیرت کی مُورت کو جو اُس نے بنائی اُس گھر میں کھڑا کِیا۔ جس کی بابت خُداوند نے داؤد اَور اُس کے بیٹے سُلیمان سے فرمایا تھا۔ کہ ِاس گھر میں اَور یرُوشلیِم میں جِسے مَیں نے اِسرائیل کے سب قبیلوں میں سے چُن لِیا ہے۔ مَیں اپنا نام زمانہ کے اَنجام تک رکھُّوں گا۔ 8 اَور پِھر مَیں بنی اِسرائیل کے قدم کو اُس مُلک سے جو مَیں نے اُن کے باپ دادا کو عطا کِیا۔ ہِلنے نہ دُوں گا۔ مگر اِس شرط پر کہ سب جو کُچھ مَیں نے اُنہیں حُکم دِیا مانیں اَور اُن پر اَور تمام شریعت پر جس کا میرے بندے مُوسیٰ نے اُنہیں حُکم دِیا عمل کریں۔ 9 لیکن اُنہوں نے نہ سُنا بلکہ مُنسی نے اُنہیں بہکایا۔ اَور اُنہوں نے اُن قوموں کی نِسبت جِنہیں خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے دُور کِیا۔ زیادہ بُرے کام کِئے۔ 10 اَور خُداوند نے اپنے بندوں انبِیاءکی زُبان سے کلام کرکے فرمایا۔ 11 چُونکہ یہُوداہ کے بادشاہ مُنسی نے یہ بَد مکرُوہات کی ہیں۔ اَور سب کُچھ جو اَموریوں نے اُس سے پہلے کِیا۔ اُن سے بَدتر کام کِئے۔ اَور اپنے بُتوں کی گندگیوں سے یہُوداہ سے بَدی کروائی۔ 12 اِس لئے خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے۔ دِیکھو۔ مَیں یرُوشلیِم پر اَور یہُوداہ پر ایسی بَلالاوُں گا کہ ہر ایک جو اُسے سُنے گا اُس کے دونوں کان جھنّا جائیں گے۔ 13 اَور مَیں یرُوشلیِم پر سامریہ کی ڈوری اَوراَخی اب کے گھر کا ساہول ڈالُوں گا۔ اَور مَیں یرُوشلیِم کو پُونُچھوں گا جیسے کہ تھالی پُونچھی جاتی ہے۔ وہ پُونچھی جا کر اُلٹا دی جاتی ہے۔ 14 اَور مَیں اپنی میِرَاث کے بَقیّہ کو ترک کرُوں گا۔ اَور اُن کے دُشمنوں کے ہاتھوں میں حوالے کرُوں گا۔ اَور وہ اپنے دُشمنوں کے لئے شکار اَور لُوٹ ہوں گے۔ 15 اِس لئے کہ اُنہوں نے میرے حضُور بَدی کی۔ اَور اُس دِن سے لے کر جب اُن کے باپ دادا مصِر سے نِکلے آج کے دِن تک وہ مُجھے غُصّہ دِلاتے رہے۔ 16 اَور مُنسی نے بے گُناہ خُون بھی کثرت سے بہایا۔ یہاں تک کہ یرُوشلیِم کو ایک سِرے سے لے کر دُوسرے سِرے تک بھر دِیا۔ عِلاوہ اُن گُناہوں کے جِن سے اُس نے یہُوداہ سے بَدی کروائی۔ پس اُنہوں نے خُداوند کے حضُور شرارت کی۔ 17 اَور مُنسی کا باقی اِحوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ اَور گُناہ جو اُس نے کئے۔ کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 18 اَور مُنسی اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اپنے گھر کے باغ میں جو عُزّا کا باغ ہے، دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا امون اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 19 امون یہُوداہ کا بادشاہ اَور امون جس وقت بادشاہ ہُوا۔ بائیس برس کی عُمر کا تھا۔ اُس نے یرُوشلیِم میں دو برس بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نامُسلمِت تھا۔ جو یُطہبی کے رہنے والے حروص کی بیٹی تھی۔ 20 اَور اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ جیسے کہ اُس کے باپ مُنسی نے کی تھی۔ 21 اَور وہ اُن سب راہوں پر چلا جِن پر اُس کا باپ چلتا تھا۔ اَور اُن بُتوں کی پرستِش کی جِن کی اُس کے باپ نے پرستِش کی تھی۔ اَور اُنہیں سجدَہ کِیا۔ 22 اَور اُس نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کو چھوڑ دیا۔ اَور خُداوند کی راہ پر نہ چلا۔ 23 اَور امون کے مُلازِموں نے اُس کے خلاف سازش کی۔ اَور بادشاہ کو اُس کے گھر میں قتل کِیا۔ 24 تب مُلک کے لوگوں نے اُن سب کو قتل کِیا۔ جِنہوں نے امون بادشاہ کے خلاف سازِش کی تھی۔ اَور اُنہوں نے اُس کے بیٹے یوسیاہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا ۔ 25 اَور امون کا باقی اِحوال اَور جو کُچھ اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 26 اَور وہ عُزا کے باغ کے درمیان اپنی قبر میں دفن کِیا گیا اَور اُس کا بیٹایُوسیاہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔