1 ہوسیع اِسرائیل کا آخری بادشاہ شاہِ یہُوداہ آخزکے بارھویں برس ہوسیع بِن ایلہ نے سامریہ میں اِسرائیل پر نو برس بادشاہی کی 2 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور شرارت کی۔ لیکن اِسرائیل کے بادشاہوں کی طرح نہیں جو اُس سے پہلے تھے۔ 3 اَور اسُور کے بادشاہ سلمنسرنے اُس پر چڑھائی کی۔ اَور ہوسیع اُس کا خادِم ہوگیا۔ اَور اُس کا خراج گُزار بنا۔ 4 اَور شاہِ اسُور کو معلُوم ہُوا۔ کہ ہوسیع نے اُس کے خلاف بغاوت کی۔ اَور کہ مصِر کے بادشاہ سَوکے پاس قاصِدبھیجے اَور شاہِ اسُور کو خراج ادا نہیں کِیا۔ جیسا کہ وہ ہر سال کرتا تھا۔ تو شاہِ اسُور نے اُسے پکڑا اَور باندھ کر قید خانے میں بھیجا ۔ 5 اَور شاہِ اسُور نے تمام مُلک پر چڑھائی کی۔ اَور سامریہ پر گیا۔ اَور تین برس تک اُس کا مُحاصرہ کیا۔ 6 اَور ہوسیع کے نویں برس میں شاہِ اسُور نے سامریہ کو لے لِیا۔ اَور اِسرائیل کو اسیر کرکے اسُور کو لے گیا۔اَور اُنہیں خلح میں خابور ندی کے پاس جوزان میں اَور مادیوں کے شہروں میں بسایا۔ 7 اِسرائیل کی اسیری اَور یہ اِس لئے ہُوا۔ کہ بنی اِسرائیل نے خُداوند اپنے خُدا کے خلاف گُناہ کِیا۔ جو اُنہیں مُلک مصِر سے شاہِ فِرعون کے ہاتھ کے نیچے سے باہر نِکال لایا۔ اَور دُوسرے مَعبُودوں کی پرستِش کی۔ 8 اَور اُن قوموں کے دستُوروں پر جِنہیں خُداوند نے اُن کے سامنے سے دفع کِیا اَور اُن پر جو اِسرائیل کے بادشاہوں نے بنائے چلے۔ 9 اَور بنی اِسرائیل نے پوشِیدگی میں ایسے کام کِئے۔ جو خُداوند اُن کے خُدا کے حضُور ناراست تھے۔ اَور سب شہروں میں پَہرہ داروں کے برُج سے لے کر مُستحکم شہر تک اپنے لئے اُونچی جگہیں بنائیں۔ 10 اَور اپنے لئے ستُون اورکھمبے ہر ایک اُونچی پہاڑی پر اَور ہر ایک سبز درخت کے نیچے قائم کِئے۔ 11 اَور وہاں سب اُونچی جگہوں پر اُن قوموں کی مانند جِنہیں خُداوند نے اُن کے سامنے سے دفع کِیا بخُور جَلایا اَور خُداوند کو غَصّہ دِلانے کے لئے برُے کام کِئے ۔ 12 اَور بتُوں کی مکرُوہات کی پرستِش کی۔ جس کی بابت خُداوند نے اُن سے کہا تھا۔ کہ تُم ایسا کام نہ کرنا۔ 13 اَور خُداوند نے اپنے تمام انبِیاءاَور غیب بِینوں کی زُبان سے اِسرائیل اَور یہُوداہ پر شہادت دے کر فرمایا۔ کہ تُم اپنی برُی راہوں سے پِھرو اَور میرے سب اِحکام اَور قَوانیِن کو مانو۔ بمُطابِق اُس تمام شریعت کے جس کا مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو حُکم دِیا۔ اَور جو مَیں نے اپنے بندوں انبِیاءکی زُبان سے تُمہیں بھیجی ۔ 14 پر اُنہوں نے نہ سُنا۔ اَور اپنی گردنوں کو سخت کِیا۔ اپنے باپ دادا کی گردنوں کی مانند جو خُداوند اپنے خُدا پر اِیمان نہ لائے ۔ 15 اَور اُس کے فرائض اَور عہد کو جو اُس نے اُن کے باپ دادا سے باندھا۔ اَور اُس کی شہادتوں کو جو اُس نے اُن کے خلاف دِیں، رَدّ کِیا۔ اَور بطالتوں کی پیروی کی۔ اَور بے ہُودگی سے اُن قوموں کے پیچھے چلے جو اُن کے اِردگرِد تھیں۔ جِن کی بابت خُداوند نے حُکم دِیا۔ کہ تُم اُن کے سے کام مت کرو۔ 16 اَور اُنہوں نے خُداونداپنے خُدا کے سارے اِحکام کو ترک کِیا۔ اَور اپنے لئے گھڑے ہُوئے دو بَچھڑے بنائے۔ اَور کھمبے لگائے۔ اَور آسمان کے سارے لشکر کو سجدَہ کِیا۔ اَور بَعلَ کی پرستِش کی۔ 17 اَور اپنے بیٹوں اَور اپنی بیٹیوں کو آگ میں سے گُزارا اَور غیب گوئی اَور فال گِیری اِستعمال کی۔ اَور اپنی جانوں کو بیچ دیا۔ تاکہ خُداوند کی نِگاہ میں شرارت کرکے اُسے غَصّہ دِلائیں۔ 18 تب خُداوند اِسرائیل سے بہت ناراض ہُوا۔ اَور اُس نے اُسے اپنی نظر سے گِرادِیا۔ اَور فَقط یہُوداہ کے قبیلہ کے سِوا کوئی نہ بچا۔ 19 اَور یہُوداہ نے بھی خُداوند اپنے خُدا کے اِحکام کو نہ مانا۔ اَور اِسرائیل کے دستُوروں پر جو اُنہوں نے بنائے تھے چلے۔ 20 تو خُداوند نے اِسرائیل کی تمام نسل کو رَدّ کِیا۔ اَور اُنہیں ذلِیل کِیا۔ اَور لُیٹروں کے ہاتھ میں اُنہیں حوالے کیا یہاں تک کہ اُس نے اپنے سامنے سے اُنہیں دُور کر دِیا۔ 21 کیونکہ اُس نے اِسرائیل کو داؤ د کے گھرانے سے چاک کِیا۔ تو اُنہوں نے یربعام بِن نباط کو بادشاہ بنایا۔ تو یربعام نے اِسرائیل کو خُداوند سے جُدا کر دِیا۔ اَور اُنہیں بھاری گُناہ میں ڈالا ۔ 22 اَور بنی اِسرائیل یربعام کے اُن سب گُناہوں پر چلتے رہے جو اُس نے کِئے تھے۔ اَور اُن سے باز نہ آئے۔ 23 یہاں تک کہ خُداوند نے اپنے حضُور سے اِسرائیل کو دُور کِیا۔ جیسا کہ خُداوند نے اپنے سب بندوں انبِیاءکی زُبان سے کہا تھا۔ سو اِسرائیل اپنے مُلک سے اسیر ہو کر اسُور کو گئے۔ جیسا کہ آج کے دِن تک ہے ۔ 24 سامری مذہب اَور شاہِ اسُور بابل اَور کُوتہ اَور عَوّا ہ اَور حمات اَور سِفرَوَائم کے کئی باشِندگان کو لایا اَور بنی اِسرائیل کی جگہ اُنہیں سامریہ کے شہروں میں بسایا۔ تو اُنہوں نے سامریہ پر قبضہ کِیا۔ اَور اُس کے شہروں میں سُکونت کرنے لگے۔ 25 اَور وہ وہاں اپنی سُکونت کرنے کے شرُوع میں خُداوند سے نہ ڈرے۔ سو خُداوند نے اُن پر شیر بھیجے جِنہوں نے بعض کو مارا۔ 26 تو اُنہوں نے اسُور کے بادشاہ سے بات کرکے کہا۔ کہ وہ قومیں جِنہیں تُو نے لا کر سامریہ کے شہروں میں بسایا۔ اُس مُلک کے خُدا کے قانُون کو نہیں جانتیں۔ تو اُس نے اُن پر شیر بھیجے ہیں۔ اَور وہ اُنہیں مار ڈالتے ہیں۔ کیونکہ وہ اِس مُلک کے خُدا کے قانُون کو نہیں جانتیں۔ 27 تب اسُور کے بادشاہ نے حُکم دے کر کہا۔ کہ اُن کاہنِوں میں سے جِنہیں تُم وہاں سے اسیر کرکے لائے ہو۔ ایک کو اُن کے پاس بھیجو۔ کہ وہ جائے اَور وہاں رہے اَور مُلک کے خُدا کا قانُون اُنہیں سِکھائے۔ 28 تو اُن کاہِنوں میں سے جِنہیں وہ سامریہ سے اسیر کرکے لائے تھے۔ ایک آیا اَور بَیت ایل میں بسا۔ اَور اُنہیں سِکھانے لگا۔ کہ کِس طرح وہ خُداوند سے ڈریں۔ 29 پر ہر ایک قوم نے اپنے لئے مَعبُود بنائے۔ اَور اُنہیں اُونچی جگہوں کے مندروں میں جو سامریوں نے بنائے تھے رکھّا۔ ہر ایک قوم نے اپنے شہروں میں جِن میں وہ رہتے تھے۔ 30 پس بابل کے رہنے والوں نے سُکات بنات کو بنایا۔ اَور کَوت کے رہنے والوں نے نیرگل کو بنایا۔ اَور حمات کے رہنے والوں نے اَسیما کو بنایا ۔ 31 اَور عَوّائیوں نے نجاز اَور ترتاق کو بنایا۔ اَور سِفَر وائمی اپنے بیٹوں کو سِفَروائم کے مَعبُودوں اَدر ملک عَنّملِک کے لئے آگ میں جلاتے تھے۔ 32 اَور وہ خُداوند سے بھی ڈرتے تھے۔ اَور اُنہوں نے اپنے لئے ادنیٰ لوگوں میں سے اُونچی جگہوں کے لئے کاہِن بنائے۔ جو اُن کے لئے اُونچی جگہوں کے مندروں میں قُربانی گُزرانتے تھے۔ 33 اَور وہ خُداوند کی پرستِش کرتے اَور اپنے مَعبُودوں کی بھی خدمت کرتے تھے۔ اُن قوموں کی عادت کے مُوافِق جِن کے درمیان سے وہ اسیر ہو کر گئے تھے ۔ 34 اَور وہ آج کے دِن تک اپنی پہلی عادتوں کے مُوافِق کرتے ہیں۔ وہ خُداوند سے ڈرتے نہیں۔ اَور نہ بمُوجب اُس کے قَوانیِن اَور فرمانوں اَور نہ بمُطابِق اُس کی شریعت اَور اِحکام کے عمل کرتے ہیں۔ جِن کا خُداوند نے بنی یَعقُوب کو جس کا نام اُس نے اِسرائیل رکھّا، حُکم دِیا۔ 35 اَور خُداوند نے اُن کے ساتھ عہد باندھا۔ اَور اُنہیں حُکم دے کر کہا۔ اجنبی مَعبُودوں سے مت ڈرو۔ اَور نہ اُنہیں سجدَہ کرو اَور نہ اُن کی پرستِش کرو۔ اَور نہ اُن کے لئے قُربانی کرو۔ 36 مگر خُداوند جس نے تُمہیں اپنی عظیم قُوّت اَور بڑھائے ہُوئے بازُو سے مُلک ِمصِر سے باہر نِکالا۔اُسی سے تُم ڈرو اَور اُسی کو سجدَہ کرو اَور اُسی کے واسطے قُربانی گُزرانو۔ 37 اَور اُن قَوانیِن اَور فرمانوں اَور شریعت اَور اِحکام کو جو اُس نے تُمہارے لئے لکھے تاکہ تُم اُن پر عمل کرو۔ اُنہی کو تُم اپنے سارے دِنوں میں مانو۔ اَور دوسرے مَعبُودوں سے تُم مت ڈرو ۔ 38 اَور جو عہد اُس نے تُمہارے ساتھ باندھا اُسے مت بھُولو۔ اَور دُوسرے مَعبُودوں سے نہ ڈرو ۔ 39 بلکہ تُم خُداوند اپنے خُدا سے ڈرو۔ اَور وُہی تُمہیں تُمہارے سامنے دُشمنوں کے ہاتھ سے چُھڑائے گا۔ 40 لیکن اُنہوں نے نہ سُنا۔ بلکہ اپنے پہلے دستُوروں پر عمل کرتے رہے۔ 41 تو یہ قومیں خُداوند سے ڈرتی تھیں۔ اَور اپنی کھودی ہُوئی مُورتوں کی پرستِش کرتی تھیں۔ اَور ایسا ہی اُن کے بیٹے اَور اُن کے بیٹوں کے بیٹے جیسا اُن کے باپ دادا نے کِیا ویسا وہ بھی آج کے دِن تک کرتے ہیں ۔