باب

1 آخزیہُوداہ کا بادشاہ فقح بِن رِملیاہ کے سترھویں برس میں یہُوداہ کے بادشاہ یوتام کا بیٹاآخزبادشاہ بنا۔ 2 جس وقت وہ بادشاہ بنا۔ اُس کی عُمر بیس برس کی تھی۔ اُس نے یرُوشلیِم میں سولہ برس بادشاہی کی۔ اَور اُس نے خُداوند اپنے خُدا کی نِگاہ میں راست کاری نہ کی۔ جس طرح کہ اُس کے باپ داؤ د نے کی تھی ۔ 3 بلکہ وہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی راہ پر چلا۔ یہاں تک کہ اُس نے اپنے بیٹے کو آگ میں سے گُزارا۔ بمُطابِق اُن قوموں کی مکرُوہات کے جِنہیں خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے دفع کِیا تھا۔ 4 اُس نے اُونچی جگہوں اَور ٹیِلوں پر اَور ہر ایک سبزدرخت کے نیچے قُربانی کی اَور بخُور جلایا۔ 5 تب اَرام کے بادشاہ رضیِن اَور شاہِ اِسرائیل فقح بِن رِملیاہ نے جنگ کرنے کے لئے یرُوشلیِم پر چڑھائی کی۔ اَورآخزکو گھیر لِیا۔ مگر اُسے مغلُوب نہ کر سکے ۔ 6 اُس وقت اَرام کے بادشاہ رضیِن نے اِدومیوں کو ایلات میں بَحال کِیا۔ اَور یہُودیوں کو ایلات سے نِکال دِیا۔ اَور اِدومی ایلات میں آئے۔ اَور آج کے دِن تک وہاں رہتے ہیں۔ 7 اَورآخزنے اسّور کے بادشاہ تگلت پلاسرکے پاس قاصِد بھیج کر کہا کہ مَیں تیرا خادِم اَور تیرا بیٹا ہُوں۔ پس تُو آاَور مُجھے اَرام کے بادشاہ کے ہاتھ سے اَور اِسرائیل کے بادشاہ کے ہاتھ سے چھُڑا جو میرے خلاف اُٹھے ہیں۔ 8 اَورآخزنے جو سونا اَور چاندی خُداوند کے گھر میں اَور بادشاہ کے گھر کے خزانوں میں پائی گئی لی۔ اَور اُسے اسُور کے بادشاہ کے پاس بطور ہدیہ کے بھیجا۔ 9 تو اسُور کے بادشاہ نے اُس کی بات مانی۔ اَور اسُور کے بادشاہ نے دَمشِق پر چڑھائی کی اَور اُسے لے لِیا۔ اَور باشِندوں کو اسیر کرکے قیر میں لے گیا اَور رضین کو قتل کِیا۔ 10 اَورآخزبادشاہِ اسُور کے بادشاہ تگلت پلاسرکو مِلنے کے لئے دَمشِق میں گیا۔ اَور اُس نے دَمشِق کا مذَبح دیکھا۔ توآخزبادشاہ نے اُوریاہ کاہِن کو مذَبح کا نمُونہ اَور اُس کی ساری کاریگریوں کا نقشہ بھیجا۔ 11 تو اُوریاہ کاہِن نے بمُطابِق اُس سب کے جوآخزبادشاہ نے دَمشِق سے اُسے بھیجا تھا، ایک مذَبح بنایا۔ یہ اُوریاہ کاہِن نےآخزبادشاہ کے دَمشِق سے آنے تک کر لِیا۔ 12 اَورآخزبادشاہ دَمشِق سے آیا اَور بادشاہ نے مذَبح دیکھا۔ تو بادشاہ مذَبح کے نزدِیک گیا اَور اُس پر چڑھا۔ 13 اَور اپنی سوختنی قُربانی اَور نَذَر کی قُربانی جَلائی۔ اَور تپاوَن اُنڈیلا۔ اَور سلامتی کے ذَبیحوں کا خُون مذَبح پر چِھڑکا ۔ 14 اَور پِیتل کا مذَبح جو خُداوند کے سامنے تھا۔ اُسے ہَیکل کے سامنے سے اَور مذَبح کی جگہ سے اَور خُداوند کی ہَیکل کی جگہ سے ہٹایا۔اَور مذَبح کے پاس شِمال کی طرف اُسے رکھّ دیا۔ 15 اَورآخزبادشاہ نے اُوریاہ کاہِن کو حُکم دے کر کہا۔ کہ بڑے مذَبح پر سوختنی قُربانی صُبح کی اَور شام کا نَذَرانہ اَور بادشاہ کی سوختنی قُربانی اَور نَذَر اَور مُلک کے سب لوگوں کی سوخنتی قُربانی اَور نَذَریں اَور تپاوَن گُزرانو اَور سوختنی قُربانیوں کا سب خُون اَور ذَبیحوں کا خُون اُس پر چِھڑکو۔ لیکن پِیتل کا وہ مذَبح میرے سوال کرنے کے لئے رہے گا۔ 16 تو اُوریاہ کاہِن نے اِس سب کُچھ کے مُطابِق کیا جوآخزبادشاہ نے کہا تھا۔ 17 اَورآخزبادشاہ نے چوکیوں کے دلّے کاٹے۔ اَور حوض کو اُن پر سے ہٹایا۔ اَور بُحیرہ کو اُن پِیتل کے بَیلوں پر سے جو اُس کے نیچے تھے اُتار کر پتھّروں کے فرش پر رکھّا ۔ 18 اَور سبت کے شامیانے کو جو ہَیکل کے لئے بنایاگیا تھا اَور بادشاہ کے باہر وار کے مدَخِل کو اسُور کے بادشاہ کے لئے خُداوند کی ہَیکل میں بدل دِیا۔ 19 اَورآخزکا باقی اِحوال جو کُچھ اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 20 اَورآخزاپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور داؤ د کے شہر میں اُن کے ساتھ دفن کِیا گیا۔ اَور اس کا بیٹا حزقیاہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔