باب

1 عَزرَیاہ یہُوداہ کا بادشاہ اَور شاہِ اِسرائیل یربعام کے ستائیسویں برس شاہِ یہُوداہ اَمَصیاہ کا بیٹا عزریاہ بادشاہ ہُوا۔ 2 اَور جب وہ بادشاہ ہُوا۔ وہ سولہ برس کی عُمر کا تھا۔ اُس نے یرُوشلیِم میں باون برس بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام یَکولیاہ تھا۔ جو یرُوشلیِم سے تھی۔ 3 اَور اُس نے سب کُچھ جو خُداوند کے حضُور راست تھا کِیا۔ بمُطابِق اُس سب کے جو اُس کے باپ اَمَصیاہ نے کِیا۔ 4 لیکن اُونچی جگہیں دُور نہ کی گئیں۔ اَور لوگ اُونچی جگہوں پر قُربانی کرتے اَور بخُور جَلاتے تھے۔ 5 اَور خُداوند نے بادشاہ کو مارا۔ تو اپنی مَوت کے دِن تک وہ کوڑھی رہا۔ اَور وہ بیمار خانہ میں رہتاتھا۔ اَور بادشاہ کا بیٹا یوتام محلّ کا اِنتظام کرتا اَور مُلک کے لوگوں کا اِنصاف کرتاتھا۔ 6 اَور عزریاہ کا باقی اِحوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 7 اَور عَزریاہ اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور داؤد کے شہر میں اپنے باپ دادا کے ساتھ دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا یوتام اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 8 زکریاہ اِسرائیل کا بادشاہ شاہِ یہُوداہ عَزریاہ کے اڑتیسویں برس میں زکریاہ بِن یربعام نے سامریہ میں اِسرائیل پر چھ مہینے بادشاہی کی۔ 9 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی جیسے کہ اُس کے باپ دادا نے کی تھی۔ اَور وہ یربعام بِن نباط کے گُناہوں سے جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی باز نہ آیا۔ 10 سلوم بِن یبیس نے اُس کے خلاف سازِش کی۔ اَور یبیس میں اُسے مارا اَور قتل کِیا۔ اَور اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا ۔ 11 اَور زکریاہ کا باقی اِحوال کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 12 یہ خُداوند کا وہ قول تھا۔ جو اُس نے یاہُو سے کلام کرکے فرمایا۔ کہ تیرے بیٹوں میں سے چوتھی پُشت تک اِسرائیل کے تخت پر بیٹھیں گے سو ایسا ہی ہُوا۔ 13 سلوم اِسرائیل کا بادشاہ اَور شاہِ یہُوداہ عَزریاہ کے اُنتالیسویں برس میں سلوم بِن یبیس نے سامریہ میں یہُوداہ پر ایک مہینہ بادشاہی کی۔ 14 اَور مناحم بِن جادی نے ترِضہ سے چڑھائی کی اَور سامریہ میں آیا۔ اَور سلوم بِن یبیس کو سامریہ میں مارا اَور قتل کِیا۔ اَور اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 15 اَور سلوم کا باقی اِحوال اَور سازِش جو اُس نے کی۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 16 تب مِناحم نے تفِسح کو اَور سب جو کُچھ اُس میں تھا اَور ترِضہ کی نواحی سے لے کر اُس کی حُدُود کو مارا۔ کیونکہ اُنہوں نے اُس کے لئے نہ کھولا تو اُس نے اُسے مارا۔ اَور سب حامِلہ عورتیں جو اُس میں تھیں اُن کے پیٹ چاک کئے۔ 17 مناحم اِسرائیل کا بادشاہ شاہِ یہُوداہ عَزریاہ کے اُنتالیسویں برس میں ِمناحم بِن جادی نے سامریہ میں اِسرائیل پر دس برس بادشاہی کی۔ 18 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی۔ اَور وہ اپنے سب ایّام میں یربعام بِن نباط کے گُناہوں سے جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی باز نہ آیا۔ 19 اَور اسُّور کا بادشاہ پول مُلک پر آیا۔ تو ِمناحم نے پول کو ایک ہزار قنطار چاندی دی۔ تاکہ وہ اُس کا مدد گار ہو۔ اَور سَلطنَت اُس کے ہاتھ میں برقرار رہنے دے۔ 20 اَور ِمناحم نے یہ چاندی اِسرائیل کے سب دولتمند امیروں سے لی۔ کہ ہر ایک آدمی اسور کے بادشاہ کو پچاس مثقال چاندی ادا کرے۔ تب اسُور کا بادشاہ واپس چلا گیا اَور مُلک میں نہ ٹھہرا۔ 21 اَور ِمناحم کا باقی اِحوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 22 اَور ِمناحم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اُس کا بیٹا فِقحیاہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 23 فِقحیاہ اِسرائیل کا بادشاہ شاہِ یہُوداہ عَزریاہ کے پچاسویں برس میں فقحیاہ بِن ِمناحم نے سامریہ میں اِسرائیل پر دو برس بادشاہی کی ۔ 24 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی۔ اَور یربعام بِن نباط کے گُناہوں سے جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی، باز نہ آیا۔ 25 تو فقح بِن رِمَلیاہ اُس کے فوجی منصب دار نے اُس کے خلاف سازِش کی۔ اَور سامریہ میں بادشاہ کے گھر کے بُرج کے اندر اُس نے اُسےارجوب اَور اَریے اَور بنی جِلعاد کے پچاس آدمیوں کے ساتھ مارا اَور اُسے قتل کِیا۔ اَور اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 26 اَور فقحیاہ کا باقی اِحوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 27 فقح اِسرائیل کا بادشاہ شاہِ یہُوداہ عَزریاہ کے باونویں برس میں فقح بِن رِمَلیاہ نے سامریہ میں اِسرائیل پر بیس برس بادشاہی کی۔ 28 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی۔ اَور یربعام بِن نباط کے گُناہوں سے جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی، باز نہ آیا۔ 29 اَور اِسرائیل کے بادشاہ فقح کے ایّام میں اسور کا بادشاہ تگلت پلاسرآیا اَوراِیّون اَور ابیل بَیت معکہ اَور ینوحہ اَور قادِش اَور حصُور اَور جِلعاد اورگلیل اَور نفتالی کا تمام مُلک لے لِیا۔ اَور اُنہیں اِسیر کرکے اسُور میں لے گیا۔ 30 اَور ہوسیع بِن ایلہ نے فقح بِن رِمَلیاہ کے خلاف سازِش کی۔ اَور اُسے مارا اَور قتل کِیا۔ اَور اُس کی جگہ یوتام بِن عزّ یاہ کے بیسویں برس میں بادشاہ ہُوا۔ 31 اَور فقح کا باقی اِحوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 32 یوتام یہُوداہ کا بادشاہ شاہ ِاِسرائیل فقح بِن رِمَلیاہ کے دُوسرے برس میں شاہ یہُوداہ عَزیاہ کا بیٹا یوتام بادشاہ ہُوا۔ 33 اَور جس وقت وہ بادشاہ ہُوا۔ اُس کی عُمر پچیس برس کی تھی۔ اَور اُس نے یرُوشلیِم میں سولہ برس بادشاہی کی اَور اُس کی ماں کا نام یرُوسا بِنت صدوق تھا۔ 34 اُس نے خُداوند کے حضُور راست کاری کی۔ اِس سب کے مُطابِق جو اُس کے باپ عز یاہ نے کِیا ۔ 35 سِوائے اِس کے کہ اُونچی جگہیں دُور نہ کی گئیں۔ اَور لوگ اُونچی جگہوں پر قُربانی کرنے اَور بخُور جَلانے سے باز نہ آئے۔ اَور اُس نے خُداوند کے گھر کا بالائی دروازہ تعمیر کِیا۔ 36 اَور یوتام کا باقی اِحوال اورسب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 37 اَور اُنہی دِنوں میں خُداوند نے اَرام کے بادشاہ رضیِن اَور فقح بِن رِمَلیاہ کو یہُوداہ کے خلاف بھیجنا شرُوع کِیا ۔ 38 اَور یوتام اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اپنے باپ داؤد کے شہر میں اُن کے ساتھ دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا آخز اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔