1 اَمَصیاہ یہُوداہ کا بادشاہ اَور اِسرائیل کے بادشاہ یوآس بِن یہوآخزکے دوسرے سال میں اَمَصیاہ بِن یوآس یہُوداہ کا بادشاہ ہُوا۔ 2 وہ پچیس برس کی عُمر میں بادشاہی کرنے لگا اَور اُس نے یرُوشلیِم میں اُنتیس برس بادشاہی کی۔ اَوراُس کی ماں کا نام یہوعدان تھا جو یرُوشلیِم کی تھی۔ 3 اَور اُس نے جو کُچھ خُداوند کی نِگاہ میں راست تھا کِیا۔ لیکن اپنے باپ دادا کی طرح نہیں۔ اَور اُس نے سب کُچھ اپنے با پ یوآس کے کاموں کی طرح کِیا۔ 4 مگر اُونچی جگہیں دُور نہ کی گئیں۔ اَور لوگ اُونچی جگہوں پر قُربانی کرتے اَور خُوشبُوئی جَلاتے تھے۔ 5 اَور جس وقت اُس کے ہاتھ میں سَلطنَت مُستحکم ہو گئی۔ تو اُس نے اپنے اُن مُلازِموں کو جِنہوں نے اُس کے باپ کو مارا تھا ، قتل کِیا۔ 6 لیکن اُن قاتلوں کے بیٹوں کو اُس نے قتل نہ کِیا۔ اُس پر عمل کرکے جو مُوسیٰ کی شریعت میں لِکھا گیا۔ جب خُداوند نے حُکم دے کر فرمایا۔ کہ بیٹوں کے بدلے باپ قتل نہ کئے جائیں گے۔ اورباپ کے بدلے بیٹے قتل نہ کِئے جائیں گے۔ بلکہ ہر ایک شخص اپنے ہی گُناہ کے لئے قتل کِیا جائے گا۔ 7 اَور اُس نے نمک کی وادی میں اِدومیوں کے دس ہزار آدمی مارے اَور لڑائی کرکے سلع لے لِیا۔ اَور اُس کا نام یُقتیل رکھّا جو آج کے دِن تک ہے۔ 8 تب اَمَصیاہ نے اِسرائیل کے بادشاہ یوآس بِن یہوآخزبِن یاہُو کے پاس قاصِد بھیج کر کہا۔ آؤہم ایک دُوسرے کو رُوبُرو دیکھیں ۔ 9 تو اِسرائیل کے بادشاہ یوآس نے یہُوداہ کے بادشاہ کے پاس کہلا بھیجا۔ کہ لُبنان کی ایک جھاڑی نے لُبنان کے ایک دِیودار کے پاس کہلا بھیجا۔ کہ اپنی بیٹی کا میرے بیٹے سے بِیاہ کردے۔ تو لُبنان کا ایک جنگلی جانور وہاں سے گُزرا۔ اَور اُس نے جھاڑی کو پامال کِیا ۔ 10 تُو نے اِدوم کو بے شک مارا۔ تو تیرے دِل نے تُجھے پھُلا دِیا۔ پس تُو فخر کر اَور اپنے گھر میں بیٹھا رہ پر تُو کِس واسطے بَدی کے لئے دست اندازی کرتا ہے۔ تاکہ تُو گِر جائے اَور یہُوداہ بھی تیرے ساتھ؟ 11 پر اَمَصیاہ نے نہ سُنا تب اِسرائیل کے بادشاہ یوآس نے چڑھائی کی۔ اَور اُس نے اَور شاہِ یہُوداہ اَمَصیاہ نے بَیت شمس میں جو یہُوداہ کا ہے۔ ایک دُوسرے کو رُوبرُو دیکھا۔ 12 اَور یہُوداہ نے اِسرائیل کے سامنے سے شِکسَت کھائی۔ اَور ہر ایک اپنے خَیمے کو بھاگ گیا۔ 13 اَور شاہِ اِسرائیل یوآس نے بَیت شمس میں یہُوداہ کے بادشاہ اَمَصیاہ بِن یوآس بِن اَخزیاہ کو پکڑلِیا۔ اَور یُروشلیِم میں آیا۔ اَور یرُوشلیِم کی دِیوار اِفرائیم کے دروازے سے لے کر کونے کے دروازے تک چار سو ہاتھ ڈھا دی۔ 14 اَور سارا سونا اَور چاندی اَور سب برتن جو خُداوند کے گھر میں اَور بادشاہ کے گھر کے خزانوں میں پائے گئے اَور یرغمال بھی لے لئے۔ اَور سامریہ کو واپس چلا گیا۔ 15 اَور یوآس کا باقی اِحوال اَور جو کُچھ اُس نے کِیا۔ اَور اُس کی قُوّت اَور شاہ یہُوداہ اَمَصیاہ کے ساتھ اُس کی جنگ۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 16 اَور یوآس اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اِسرائیل کے بادشاہوں کے ساتھ سامریہ میں دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا یربعام اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 17 اَور یہُوداہ کا بادشاہ اَمَصیاہ بن یوآس اِسرائیل کے بادشاہ یوآس بن یہوآخزکے مَرنے کے بعد پندرہ برس جِیتا رہا۔ 18 اَور اَمَصیاہ کا باقی اِحوال کیا یہ یہُوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 19 اَور یرُوشلیِم میں اُس کے خلاف سازِش گانٹھی گئی۔ تو وہ لکیس کو بھاگا۔ اَور اُنہوں نے اُس کے پیچھےلکیس میں بھیجے۔ تو اُنہوں نے اُسے وہاں قتل کِیا۔ 20 اَور وہ گھوڑوں پر لایا گیا۔ اَور داؤد کے شہر میں اپنے باپ دادا کے ساتھ دفن کِیاگیا۔ 21 اَور یہُوداہ کے تمام لوگوں نے عَزریاہ کو لِیا۔ جو سولہ برس کی عُمر کا تھا اَور اُسے اُس کے باپ اَمَصیاہ کی جگہ بادشاہ بنایا۔ 22 اُسی نے ایلات دوبار تعمیر کِیا۔ اَور بعد اُس کے کہ بادشاہ اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اُس نے اُسے یہُوداہ کے لئے بَحال کِیا۔ 23 یربعام الثانی اِسرائیل کا بادشاہ شاہ یہُوداہ اَمَصیاہ بِن یوآس کے پندرھویں برس اِسرائیل کے بادشاہ یوآس کے بیٹے یربعام نے سامریہ میں اِکتالیس برس بادشاہی کی۔ 24 اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور یربعام بِن نباط کے تمام گُناہوں سے جس نے اِسرائیل سے بَدی کرائی تھی رُوکش نہ ہُوا 25 اُس نے اِسرائیل کی سَرحدوں کو حمات کے مدَخِل سے لے کر بُحیرہ غور تک بَحال کِیا۔ خُداوند اِسرائیل کے خُدا کے قول کے مُطابِق جو اُس نے اپنے بندہ یُوناہ بِن اَمتِی کی زُبان سے جو جات حفر کا نبی تھا، فرمایا تھا۔ 26 کیونکہ خُداوند نے اِسرائیل کا نہایت شدید دُکھ دیکھا۔ کہ اُن کا نہ کوئی غُلام اَور نہ کوئی آزاد باقی رہا۔ اَور اِسرائیل کا کوئی مدد گار نہ تھا۔ 27 اَور خُداوند نے نہ کہا۔ کہ مَیں اِسرائیل کا نام آسمان کے نیچے سے مِٹا دُوں گا۔ سو اُس نے اُنہیں یربعام بِن یوآس کے ہاتھ سے رِہائی دی ۔ 28 اَور یربعام کا باقی اِحوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ اَور اُس کی قُوّت اَور اُس کا دَمشِق سے لڑائی کرنا اَور اِسرائیل پر سے خُداوند کا قہر دُور کرنا۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 29 اور یربعام اپنے باپ دادا اِسرائیل کے بادشاہوں کے ساتھ سو گیا۔ اَور اُس کا بیٹا زکریاہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا ۔