1 یہوآخزاِسرائیل کابادشاہ اَور شاہِ یہُوداہ یوآس بِن اَخزیاہ کے تیئیسویں برس میں یہوآخزبِن یاہُو نے اِسرائیل پرسامریہ میں ستّرہ برس بادشاہی کی ۔ 2 اَور اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور یربعام بِن نباط کی خطاؤ ں پر چلا جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی۔ اَور اُن سے باز نہ رہا۔ 3 تب خُداوند کا غضب اِسرائیل پر بھڑکا۔ اَور اُس نے اُنہیں بار بار اَرام کے بادشاہ حزائیل اَور بِن ہدَد بِن حزائیل کے قابُو میں کردِیا۔ 4 تب یہوآخزنے خُداوند کے حضُور مِنّت کی۔ تو خُداوند نے اُس کی سُنی۔ کیونکہ اُس نے اِسرائیل کا دُکھ دیکھا۔ اَور اِس لئے کہ اَرام کا بادشاہ اُنہیں دُکھ دِیتا تھا ۔ 5 اَور خُداوند نے اِسرائیل کو ایک رِہائی دِینے والا دِیا۔ سو وہ ارامیوں کی ماتحتی سے نِکلے۔ اَور بنی اِسرائیل اپنے خَیموں میں رہنے لگے۔ جیسے کہ پہلے تھے۔ 6 لیکن وہ یربعام کے گھر کی خطاؤ ں سے جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی باز نہ آئے۔ بلکہ اُن پر چلے اَور سامریہ سے کھمبا بھی دُور نہ کِیا گیا۔ 7 اَور یہوآخزکے پاس سِوائے پچاس سواروں اَور دس گاڑیوں اَور دس ہزار پِیادوں کے کُچھ نہ رہا۔ کیونکہ اَرام کے بادشاہ نے اُنہیں ہلاک کِیا۔ اَور اُنہیں مِٹّی کی طرح کردِیا۔ جو پامال کی جاتی ہے ۔ 8 اَوریہوآخزکا باقی اِحوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اَور اُس کی قُوّت کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں مندرج نہیں؟ 9 اَوریہوآخزاپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور سامریہ میں دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا یوآس اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 10 یوآس اِسرائیل کا بادشاہ اَور شاہِ یہُوداہ یوآس کے سینتیسویں سال میں یوآس بِن یہوآخزنے اِسرائیل پر سامریہ میں سولہ برس بادشاہی کی ۔ 11 اَور اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور یربعام بِن نباط کی ساری خطاؤ ں سے جس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی تھی، باز نہ آیا۔ پر اُن پر چلتا رہا۔ 12 اَور یوآس کا باقی اِحوال اَور جو کُچھ اُس نے کِیا اَور اُس کی قُوّت اَور شاہ یہُوداہ اَمَصیاہ کے ساتھ اُس کی جنگ، کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 13 اَور یوآس اپنے باپ دادا کے ساتھ سوگیا۔ اَور یربعام اُس کے تخت پر بیٹھا اَور یوآس سامریہ میں اِسرائیل کے بادشاہوں کے ساتھ دفن کِیاگیا۔ 14 الیشع کی وفات اَور الیشع اُس مرض سے بیمارہُوا۔ جس سے کہ وہ مَر گیا۔ تو اِسرائیل کا بادشاہ یوآس اُس کے پاس گیا اَور اُس کے آگے رویا اَور کہا اَے میرے باپ! اَے میرے باپ! اَے اِسرائیل کے رتھ اَور اُس کے سَوار! 15 تو الیشع نے اُس سے کہا کمان اَور تیِر ہاتھ میں لے۔ لہٰذا اُس نے کمان اَور تیِر لئے۔ 16 تب اُس نے اِسرائیل کے بادشاہ سے کہا۔ اپنا ہاتھ کمان پر رکھّ۔ تو اُس نے اپنا ہاتھ رکھّا۔ اَور الیشع نے اپنا ہاتھ بادشاہ کے ہاتھ پر رکھّا ۔ 17 اَور کہا۔ کہ مشرق کی طرف کی کھڑکی کھول۔ اُس نے کھولی اَور الیشع نے کہا تیرِ چلا۔ تو اُس نے تیرِ چلایا۔تو اُس نے کہا۔ خُداوند کی نجات کا تیرِ۔ اَرام سے رہائی پانے کا تیرِ۔ تُو افیق میں اَرام کو مارے گا۔ یہاں تک کہ تُو اُنہیں نابُود کرے گا۔ 18 پِھر اُس نے کہا۔ تیرِ پکڑ۔ تو اُس نے پکڑے۔ تو اُس نے اِسرائیل کے بادشاہ سے کہا۔ زمین پر تیرِ مار۔ تو اُس نے تین دفعہ تیرِ مارے اَور ٹھہر گیا۔ 19 تو مَردِ خُدا نے اُس سے ناراض ہو کر کہا اگر تُو پانچ یا چھ دفعہ تیرِ مارتا۔ تب تُو اَرام کو ایسا مارتا۔ کہ اُنہیں نابُود کردیتا۔ اَور اَب تین مرتبہ ہی تُو اَرام کو مارے گا۔ 20 پِھر الیشع مَر گیا۔ اَور اُنہوں نے اُسے دفن کِیا۔ اَور ہر سال میں موآب کے گروہ مُلک میں گھُستے تھے۔ 21 اَور جس وقت وہ ایک آدمی کو گاڑنے لگے۔ تو اُنہوں نے ایک موآبی گروہ کو دیکھا۔ اَور مُردہ آدمی کوالیشع کی قبر میں ڈال دِیا۔ جب اُس آدمی نے الیشع کی ہَڈّیوں کو چھُوا۔ تو جی اُٹھا اَور اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا۔ 22 اَور اَرام کا بادشاہ حزائیل یہوآخزکے سب ایّام میں اِسرائیل کو تنگ کرتا رہا ۔ 23 تب خُداوند اُن پر مہربان ہُوا۔ اَور اُن پر رحم کِیا۔ اَور اُس عہد کی خاطِر جو اُس نے اِبرہام اَور اِضحاق اَور یَعقُوب سے کِیا تھا اُس نے اُن پر شفقت کی۔ اَور اُنہیں نابُود کرنا نہ چاہا۔ اَور نہ اُس نے اُنہیں اپنے سامنے سے دُور پھینکا۔ 24 پِھر اَرام کا بادشاہ حزائیل مَر گیا۔ اَور اُس کا بیٹا بِن ہدَد اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا ۔ 25 اَور یوآس بِن یہوآخزنے بِن ہدَد بِن حزائیل کے ہاتھ سے وہ شہر پِھرلے لئے۔ جو اُس کے باپ یہوآخزکے ہاتھ سے اُس نے جنگ کرکے لئے تھے۔ یوآس نے تین دفعہ اُسے مارا۔ اَور اُس نے اِسرائیل کے شہر واپس لے لئے۔