باب

1 عتلیاہ یہُوداہ کی ملکہ اَور اَخزیاہ کی ماں عَتلیاہ نے جب دیکھا۔ کہ اُس کا بیٹا مَرگیا۔ تو اُٹھی اَور بادشاہ کی تمام نسل کو ہلاک کِیا۔ 2 اَوریورام بادشاہ کی بیٹی اَخزیاہ کی بہن یوسبَع نےیہوسبع بِن اَخزیاہ کو لِیا۔ اَور بادشاہ کے بیٹوں کے درمیان سے جو مارے گئے اُسے اُس کی دائی کے ساتھ۔ پلنگ کمرہ میں رکھّا۔ اَور عَتَلیاہ کے سامنے سے چھُپایا تو وہ مارا نہ گیا ۔ 3 اَور وہ اُس کے ساتھ خُداوند کے گھر میں چھ برس چھُپارہا۔ اَور عَتَلیاہ مُلک پر سَلطنَت کرتی تھی۔ 4 اَور جب ساتواں برس ہُوا۔ تو یہویدع نے کاریوں اَور مُحافظوں کے سَوسَو کے سرداروں کو بُلوا بھیجا اَور خُداوند کے گھر کے اندر اُنہیں لایا۔ اَور اُن سے عہد کِیا۔ اَور خُداوند کے گھر میں اُنہیں قَسم دِلائی اَور بادشاہ کا بیٹا اُنہیں دِکھایا۔ 5 اَور اُنہیں حُکم دے کر کہا۔ کہ تُم اِس طرح کرو۔ کہ تُم میں سے تیسرا حِصّہ جو سبت کے دِن اندر آتے ہیں۔ بادشاہ کے گھر کی حراست پر رہیں۔ 6 اَور تیسرا حِصّہ صُور کے پھاٹک پر اَور تیسرا حِصّہ اُس پھاٹک پر جو مُحافظوں کے پیچھے ہے تُم محل کی نگہبانی کرنا اور لوگوں کو روکے رہنا۔ 7 اَور تُمہارے دو گروہ جو سبت کو باہر نِکلتے ہیں۔ بادشاہ کے آس پاس خُداوند کے گھر کی حراست پر رہیں۔ 8 اَور تُم بادشاہ کے گرد گھیرا رکھّو گے۔ ہر ایک کے ہاتھ میں اُس کے ہتھیار ہوں۔ اَور جو کوئی ہَیکل کے اِحاطے کے اندر آئے۔ وہ قتل کِیا جائے۔ اَور بادشاہ کے اندر آنے میں اَور باہر جانے میں تُم اُس کے ساتھ رہو۔ 9 تو سَو سَو کے سرداروں نے جیسا کہ یہویدع کاہِن نے اُنہیں حُکم دیا ویسا ہی کِیا۔ اَور اُن میں سے سب آدمیوں کو لِیا جو سبت کے دِن اندر آتے مع اُن کے جو سبت کو باہر جاتے تھے۔ اَور اُنہیں یہویدع کاہِن کے پاس لائے۔ 10 تب کاہِن نے داؤ د بادشاہ کے نیزے اَور سپریں جو خُداوند کے گھر میں تھیں۔ سَو سَو کے سرداروں کو دیں۔ 11 اَور مُحافظوں کے تمام آدمی اپنے ہاتھوں میں ہتھیار لے کر گھر کی د ہنی طرف سے اُس کی بائیں طرف تک مذَبح اَور گھر کے قریب بادشاہ کے گرد گھیرا ڈال کر کھڑے ہوگئے۔ 12 اَور اُس نے بادشاہ کے بیٹے کو باہر نِکالا۔ اَور اس پر سَلطنَت کا تاج اَور شہادت رکھّی۔ اَور اُسے بادشاہ بنایا اَور اُسے مَسح کِیا۔ اَور اُنہوں نے تالیاں بجائیں اَور کہا۔ بادشاہ جِیتا رہے۔ 13 اَور عَتَلیاہ نے مُحافظوں اَور لوگوں کا شور سُنا۔ تو لوگوں کے پاس خُداوند کے گھر میں آئی ۔ 14 اَور دیکھا۔ کہ دستُور کے مُوافقِ بادشاہ منبر پر کھڑا ہے اَور رئیس اَور نرسِنگا بجانے والے بادشاہ کے نزدِیک ہیں اَور سب لوگ خُوشی کرتے اَور نرسِنگے پھُونک رہے ہیں۔ تو عَتَلیاہ نے اپنے کپڑے پھاڑے۔ اَور چِلاّئی۔ غَدر! غَدر ! 15 تب یہویدع کاہِن نے سَو سَو کے سرداروں کو جو لشکر پر مامُور تھے حُکم دِیا اَور کہا۔ کہ اُسے ہَیکل کے احاطے سے باہر نِکالو۔ اَور جو کوئی اُس کی پیروی کرے۔ اُسے تلوار سے قتل کردو۔ کیونکہ کاہِن نے کہا تھا۔ کہ وہ خُداوند کے گھر میں قتل نہ کی جائے ۔ 16 تب اُنہوں نے اُس پرہاتھ ڈالے اَور جس وقت وہ بادشاہ کے گھر کی طرف گھوڑوں کے دروازے کے رستے سے دھکیلی جا رہی تھی تو وہاں قتل کر دی گئی۔ 17 اَور یہویدع نے خُداوند اَور بادشاہ اَور قوم کے درمیان عہد باندھا۔ کہ وہ خُداوند کی قوم ہو۔ اَور یُونہی بادشاہ اَور قوم کے درمیان۔ 18 اَور مَملُکَت کے سب لوگ بَعلَ کے مندر میں گئے۔ اَور اُسے ڈھایا۔ اَور اُس کے مذَبحوں اَور اُس کے ستُونوں کو چِکنا چُور کِیا۔ اَور بَعلَ کے کاہِن متان کو مذَبح کے آگے قتل کیِا۔ اَور کاہِن نے خُداوند کے گھر میں پاسبانوں کو مُقرّر کیِا۔ 19 اَور اُس نے سَو سَو کے سرداروں اَور کاریوں اَور مُحافظوں اَور مُلک کے تمام لوگوں کو لِیا۔ اَور اُنہوں نے بادشاہ کو خُداوند کے گھر سے نیچے اُتارا۔ اَور اُسے مُحافظوں کے دروازے کی راہ سے بادشاہ کے گھر میں لائے۔ تو وہ سَلطنَت کے تخت پر بیٹھا۔ 20 اَور مُلک کے سب لوگ خُوش ہُوئے۔ اَور شہر میں اَمن ہوگیا اَور اُنہوں نے عَتَلیاہ کو بادشاہ کے گھر میں قتل کیا۔ 21 اَور یوآس سات برس کی عُمر کا تھا۔ جس وقت کہ وہ بادشاہی کرنے لگا۔