باب

1 ۔چار رتھوں کی رویا اَور مَیں نے پھر آنکھ اُٹھا کر نظر کی تو دیکھتا ہُوں کہ دو پہاڑوں کے درمیان سے چار رتھ نِکلے اَور وہ پہاڑ پیِتل کے تھے۔ 2 ۔ پہلےرتھ کے گھوڑے سُرخ تھے اَوردُوسرے رَتھ کے گھوڑے سیاہ۔ 3 ۔تیسرے رتھ کے گھوڑے سفید تھے اَور چوتھے رتھ کے سیاہ و سفید ۔ 4 ۔اَور مَیں نے اُس فرِشتے سے جو مُجھ سے بات کرتا تھا عرض کر کے کہا کہ اَے میرے آقا! یہ کیاہَیں؟ 5 ۔فرِشتے نے جَواب میں مُجھ سے کہا کہ یہ آسمان کی چار ہَوائیں ہَیں جو ربُّ العالمِین کے حضُور سے نِکلتی ہَیں۔ 6 ۔سیاہ گھوڑے شِمالی مُلک کی طرف نِکلے چلے جاتے ہَیں اَور سفید مغربی مُلک کی طرف اَور سیاہ و سفید جُنوبی مُلک کی طرف۔ 7 ۔اَور سُرخ گھوڑے دُنیاکی سیر کرنے کے خیال سے نِکلے اَور اُس نے کہا کہ جاؤ دُنیا کی سیر کرو تو اُنہوں نے دُنیا کی سیر کی۔ 8 ۔تب اُس نے بُلند آواز سے مُجھ سے کہا کہ دیکھ جو شِمالی مُلک کو گئے ہَیں۔ وہ وہاں میرے دِل کو ٹھنڈا کریں گے۔ 9 ۔اَور مَیں نے خُداوند کا کلام پایا۔ اُس نے کہا کہ۔ 10 ۔تُو اُن اسیروں میں سے جو بابؔل سے آئے ہَیں خلدی اَور طوُبیاؔہ اَور یَدعیاہ سے لے۔ اَور اُسی دِن یوسیاہ بِن صفنیاہ کے گھر جا۔ 11 ۔اَور چاندی اَور سونا لے کر تاج بنا۔ اَور کاہِن اَعظم یشوع بن یہوصدق کو پہنا۔ 12 ۔ اَور اُس سے خطاب کرکے کہہ کہ ربُّ الافواج کلام کر کے یُوں فرماتا ہَے۔ دیکھ ۔ وہ شخص جس کا نام کونپؔل ہَے۔ جہاں وہ قائم ہوگا وہاں اُس کے زیر سایہ خوش حالی ہوگی اَور وہ خُداوند کی ہَیکل بنائے گا۔ 13 ۔ ہاں وہی خُداوند کی ہَیکل تعمیر کرے گا۔ وہ عظیم ہو گا اَور تخت نشین ہو کر حُکمرانی کرے گا اَور اُس کےدہنے ہاتھ کاہِن ہو گا اَور اِن دونوں کے درمیان سلامتی کی مشورت ہو گی۔ 14 ۔اَور وہ تاج حیلم اَور طوُبیاہ اَور یَدعیاہ اَور حین بن صفنیاہ کے بیٹے کے لئے خُداوند کی ہَیکل میں یادگار ہوگا۔ 15 ۔اَور دُور کے لوگ آئیں گے اَور خُداوند کی ہَیکل کی تعمیر میں شامِل ہوں گے اَور تُم جان لوگے۔ کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہَے۔ اُور یہ واقع ہو گا بشرطیکہ تُم خُداوند اپنے خُدا کی طرف توجُّہ کر کے سُنو۔