باب

1 ۔ اڑتے ہوئے طومار کی رویا اَور مَیں نے پھر آنکھ اُٹھا کر نظر کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک اُڑتا ہُوا طوُمار ہَے۔ 2 ۔اَور اُس نے مُجھ سے کہا کہ تُو کیا دیکھتا ہے؟ مَیں نے کہا ایک اُڑتا ہُؤا طوُمار دیکھتا ہُوں جس کی لمبائی بیس ہاتھ اَور چوڑائی دس ہاتھ ہَے۔ 3 ۔اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ وہ لعنت ہَے جو تمام رُوئے زمین پر نازِل ہونے کو ہَے اَور جس کے مُطابِق ہر ایک چور اَور ہر ایک جُھوٹی قَسم کھانے والا یہاں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ 4 ۔مَیں اِسے بھیجتا ہُوں( ربُّ الافواج کا فرمان ہَے) اَور وہ چور کے گھر میں اَور میرے نام کی جھوٹی قَسم کھانے والے کے گھر میں گُھسے گا 5 ۔ ایفہ کے اندر کی عورت کی رویا اَور وہ فرِشتہ جو مُجھ سے بات کرتا تھا نِکلا اَور مُجھ سے کہا کہ اَب تُو آنکھ اُٹھا کر دیکھ کہ کیا نِکل رہا ہَے۔ 6 ۔اَور میں نے کہا کہ یہ کیا ہَے؟ اُس نے کہا کہ یہ جو نِکل رہا ہَے یہ ایفہ( اناج ماپنے کا برتن) ہَے۔ پھِر اُس نے کہا کہ تمام زمین میں یہ اُن کی شرارت ہَے۔ 7 ۔اَور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک قنِطار( ایک سو بیس کلو) سیسہ اُٹھایا گیا۔ اَور ایک عورت ایفہ میں بیٹھی نظر آئی۔ 8 ۔اَور اُس نے کہا کہ شرارت یہی ہَے۔ پھِر اُس نے اُسے ایفہ میں نیچے دَبا کر سیسے کا باٹ ایفہ کے مُنہ پر رکھّ دِیا۔ 9 ۔اَور مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نظر کی۔ تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دو عورتیں نِکل آئیں اَور ہَوا اُن کے پرَوں میں بھری تھی اَور اُن کے پرَ لَقلَق کے پَروں کی مانند تھے اَور اُنہوں نے ایفہ کو زمین اَور آسمان کے بیچ سے اُٹھایا۔ 10 ۔تب مَیں نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے بات کرتا تھا کہا کہ یہ ایفہ کو کہاں لئے جاتی ہیں؟ 11 ۔اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ سنؔعار کی سَرزمین میں اُس کے لئے گھر بنانے کو جاتی ہیں کہ وہ وہاں قائم ہو اَور وہاں اُسے اُس کی بُنیاد پر رکھّا جائے۔