1 ۔ یشوع کے لباس کی رویا اَور اُس نے مُجھے کاہِن اَعظم یشوعؔ کو دِکھایا۔ جو خُداوند کے فرِشتے کے آگے کھڑا ہےاَور شیطان اُس کے دہنے ہاتھ کھڑا ہےتاکہ اُس کا مُقابلہ کرے۔ 2 ۔اَور خُداوند کے فرِشتے نے شیطان سے کہا کہ اَے شیطان۔ خُداوند تُجھے ملامت کرے!ہاں وہ خُداوند جِس نے یرُو شلیِؔم کو قبُول کِیا ہَے۔ تُجھے ملامت کرے۔ کیا یہ ایک جُھلسی ہُوئی لکڑی نہیں جو آگ سے نکالی گئی ہَے؟ 3 ۔ اَور یشوعؔ مَیلے کپڑے پہنے فرِشتے کے آگے کھڑا تھا۔ 4 ۔تو اُس نے خطاب کر کے اُن سے جو اُسی کے آگے کھڑے تھے کہا۔ کہ اِس کے مَیلے کپڑے اُتاردو۔ پھِر اُس نے اُس سے کہا۔ کہ دیکھ مَیں نے تیری بَد کرداری تُجھ سے دُور کر دی ہَےاَور میں تُجھے دُوسرے کپڑے پہناؤں گا۔ 5 ۔اَور اُس نے کہا کہ اُس کے سر پر صاف پگڑی رکھّو۔ تو اُنہوں نے اُس کے سر پر صاف پگڑی رکھّی اَور اُسے کپڑے پہنائے اَور خُداوند کا فرِشتہ پاس کھڑا رہا۔ 6 ۔اَور خُداوند کے فرِشتے نے یشوعؔ کو تاکید کرکے کہاکہ۔ 7 ۔ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہَے کہ اگر تُو میری راہوں پر چلے اَور میری خدمت میں وفادار رہے تو تُو میرے گھر پر بھی حکُومت کرے گا اَور میری بارگاہوں کا بھی مُحافِظ ہو گا اَور مَیں تُجھے اِن کے درمیان جو یہاں کھڑے ہَیں، چلنے دُوں گا۔ 8 ۔پس اَے کاہِن اَعظم یشوعؔ ؔ سُن۔ تُو اَور تیرے رِفیق جو تیرے سامنے بیٹھے ہَیں کیونکہ تُم ہی نِشان ہو۔ کیونکہ دیکھ۔ مَیں اپنے بندہ یعنی کونپؔل کو لانے کو ہُوں۔ 9 ۔کیونکہ دیکھ جو پتّھر مَیں نے یشوعؔ کے آگے رکھّا ہَے۔ اُس پر ایک پتّھر پر سات آنکھیں ہَیں۔ دیکھ مَیں اِس پر اُس کا کِتابہ نقش کرُوں گا۔( ربُّ الافواج کا فرمان یوُنہی ہَے) اَور مَیں اِس مُلک کی بَد کرداری کو ایک ہی دِن میں دُور کر دُوں گا۔ 10 ۔اُس روز(ربُّ الافواج کا فرمان ہَے) تُم سب ایک دُوسرے کو تاک اَور انجیر کے نیچے بُلاؤ گے۔