1 ۔ یروشیلم کی رہائی بارِ نُبوّت۔ اِسرؔائیل کے حَق میں خُداوند کا کلام ۔خُداوند فرماتا ہَے۔ یعنی وہ جو آسمان کو پھیلاتا اَور زمین کی بُنیاد ڈالتا اَور اِنسان کے اندر اُس کی رُوح کو ڈالتا ہَے۔ 2 ۔دیکھ ۔ مَیں یرُوشلیِؔم کو گِردو پیش کی تمام اُمّتوں کے لئے لڑکھڑانے والا پیالہ بنا دُوں گا۔ اَور یہوُدؔاہ بھی یرُوشلیِؔم کے گھیراؤ میں شامل ہو گا۔ 3 ۔ اُس روز مَیں یرُوشلیِؔم کو تمام اُمّتوں کے لئے ایک بھاری پتّھر بنا دُوں گا اَور جو کوئی اُسے اُٹھائے گا وہ زخمی ہو گا۔اَور دُنیا کی ساری قومیں اُس کے مُقابِل جمع ہو ں گی۔ 4 ۔اُس روز (خُداوند کا فرمان ہَے) مَیں ہر ایک گھوڑے کو غُصّہ دلاؤں گا اَور اُس کے سَوار کو دیوانہ کر دُوں گا۔ لیکن مَیں یہُودؔاہ کے گھرانے پر نِگاہ رکھّوں گا اَور اُمّتوں کے ہرایک گھوڑے کو اندھا کر دُوں گا۔ 5 ۔تب یہُودؔاہ کے رئیس اپنے دِل میں کہیں گے کہ یرُوشلیِؔم کے باشِندے ربُّ الافواج اپنے خُدا کے سبب سے ہماری طاقت ہَیں۔ 6 ۔اُس روز مَیں یہُودؔاہ کے رئیسوں کو لکڑیوں میں جَلتی بَھٹّی اَور پُولوں میں جَلتی مَشعل کی مانند بنا دُوں گا۔ تووہ دائیں بائیں اَور اردِ گرِد کی تمام اُمّتیں کھا جائیں گے اَور یرُوشلیِؔم اپنی جگہ میں قائم رہے گا۔ 7 ۔اَور خُداوند یہوُدؔاہ کے خَیموں کو پہلے بچائے گا تاکہ داؔؤد کا گھران اَور یرُوشلیِؔم کے باشِندے یہُودؔاہ کے خلاف فخر نہ کریں۔ 8 ۔اُس روز خُداوند یرُوشلیِؔم کے باشِندوں کی حِفاظت کرے گا اَور اُن میں جو سب سے کمزور ہو گا وہ اُس روز داؔؤد کی مانند ہو گا اَور داؔؤد کا گھرانا خُدا کی مانند یعنی خُداوند کے فرِشتے کی مانند اُن کا راہنما ہو گا۔ 9 ۔اَور مَیں اُس روز یرُوشلیِؔم کی سب مُخالِف قوموں کو ہلاک کرنے کا ارادہ کرُوں گا۔ 10 ۔ لیکن مَیں داؔؤد کے گھرانے اَور یرُوشلیِؔم کے باشِندوں پر فضل اَور رحَم کی رُوح نازِل کرُوں گا اَور وہ اُس پر نظر کریں گے جِسے اُنہوں نے چھیدا ہَے اَور وہ اُس کے لئے ایسا ماتم کریں گے جیسا اِکلوتے بیٹے کے لئے کیا جاتا ہَے اَور اُس کے لئے ایسے تلخ کام ہوں گے جیسے پہلوٹھے کے لئے ہُؤا کرتے ہیں۔ 11 ۔اُس روز یرُوشلیِؔم میں ایسا بڑا ماتم ہو گا۔ جیسا مجدّؔد کے میدان میں ہَدَد رمؔوّن کا ماتم تھا۔ 12 ۔اَور تمام مُلک ماتم کرے گا۔ ہر ایک نسل علیحٰدہ ۔ داؔؤد کے گھرانے کی نسل علیحٰدہ اَور اُن کی بیویاں علیحٰدہ۔ناتن کے گھرانے کی نسل علیحٰدہ اَور اُن کی بیویاں علیحٰدہ۔ 13 ۔اَور لاوؔی کے گھرانے کی نسل علیحٰدہ اَور اُن کی بیویاں علیحٰدہ اَور سِمؔعی کی نسل علیحٰدہ اَور اُن کی بیویاں علیحٰدہ۔ 14 ۔اَور تمام نسلیں جو باقی ہَیں۔ ہر ایک نسل علیحٰدہ اَور اُن کی بیویاں علیحٰدہ۔