1 ۔بہار کے موسم میں بارِش کے لئے خُداوند سے دُعا کرو۔ خُداوند سے جو بجلی چمکاتا ہَے۔ وہ بارِش بھیجے گا اَور میدان میں سب کے لئے گھاس اُگائے گا۔ 2 ۔کیونکہ تِؔرافیم باطِل باتیں کرتے ہیں اَور غیب بین جھوُٹی رُؤیا دیکھتے اَور باطِل خواب بیان کرتے ہَیں اُن کی تسلّی بھی باطِل ہَے اِس لئے وہ بھیڑوں کی مانند بھٹک جاتے ہَیں۔ وہ دُکھ پاتے ہَیں۔ کیونکہ اُن کا کوئی چرواہا نہیں۔ 3 ۔پس چرواہوں پر میرا غضب بھڑکا ہَے اَور مَیں بکروں کے ریوڑاور سرداروں کو سزا دوں گا۔ جب کہ ربُّ الافواج نے اپنے گلّے یعنی یہُودؔاہ کے گھرانے پر نظر کی ہَے اَور اُنہیں گویا اپنا بہترین جنگی گھوڑا بنائے گا۔ 4 ۔اُسی کے کونے کا پتّھر اَور خیمے کا کِیل اَور جنگی اَور ہر ایک حاکِم نِکلے گا۔ 5 ۔وہ سب کے سب جنگ میں بَہادُروں کو گلیوں کے کیچڑ کی مانند پامال کردیں گے۔ وہ لڑیں گے کیونکہ خُداوند اُن کے ساتھ ہَے۔ اَور سَواروں کو شرمندہ کریں گے۔ 6 ۔اَور مَیں یہُودؔاہ کے گھرانے کو قُوّت دُوں گا اَور یُوسؔف کے گھرانے کو فتخ یاب کر دُوں گا۔ اَور اُنہیں واپس لاؤں گا اِس لئے کہ مَیں اُن پر رحم کرتا ہُوں اَور وہ ایسے ہوں گے گویا مَیں نے اُنہیں کبھی ترک نہیں کِیا تھا کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں اَور مَیں اُن کی سُنوں گا۔ 7 ۔اَور اِفرؔائیم بَہادُر کی مانند ہو گا۔ اُن کے دِل گویا مَے سے مسرُور ہوں گے۔ اُن کے فرزند بھی دیکھیں گے اَور خُوش ہوں گے اَور اُن کے دِل خُداوند میں شادمانی کریں گے۔ 8 ۔مَیں سِیٹی بجا کر اُنہیں فراہم کرُوں گا کیونکہ مَیں نے اُن کا فِدیہ دِیا ہَے اَور جیسے کہ وہ بہُت ہُؤا کرتے تھے ویسے ہی بہُت سے ہو جائیں گے۔ 9 ۔مَیں نے اُنہیں اُمّتوں کے درمیان بویا ہَے تو بھی وہ اُن دُور دراز مُلکوں میں مُجھے یاد کریں گے اَور اپنی اولاد سمیت زندہ رہیں گے اَور واپس آئیں گے۔ 10 ۔اَور مَیں اُنہیں مُلک مِصؔر سے واپس لاؤں گا اَور اسورؔ سے اُنہیں اِکٹھا کروں گا۔ اَور جِلعؔاد اَور لُبناؔن کی سَر زمین میں پہُنچاؤں گا اَور وہاں اُن کے لئے کوئی جگہ نہ رہے گی ۔ 11 ۔اَور وہ مُصیبتوں کے سمُندر سے گُزر جائیں گے اَور سمُندر کی لہروں پر غالب آئیں گے اَور دریائے نیلؔ تہہ تک سُوکھ جائے گا اَور اسُّوؔر کا غُرور پست کیا جائے گا اَور مِصؔر کا عصا پیچھے جاتا رہے گا۔ 12 ۔اَور مَیں اُنہیں خُداوند میں طاقت بخشوں گا اَور وہ اُس کے نام سے جلال پائیں گے(خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔