1 ۔ جو آدمی بار بار سرزنش پاکر گردن کشی کرتا ہَے وہ نا گہاں ہلاک کِیا جائے گا اور اُس کا کوئی چارہ نہ ہوگا۔ 2 ۔ جب صادِق آدمی حُکمران ہوں تو لوگ خُوشی کرتے ہَیں اَور جب شریر آدمی حُکومت کرتا ہَے تو لوگ آہ بھرتے ہَیں ۔ 3 ۔ جو اِنسان دانِش کو پیار کرتا ہَے وہ اپنے باپ کو خُوش کرتا ہَے پر جو فاحِشہ عورتوں سے صُحبت رکھتا ہَے وہ اپنا مال برباد کر تا ہَے۔ 4 ۔بادشاہ عدل سے مملکت کو قائم رکھتا ہَے پر جوبھاری محصُول لگاتا ہَے وہ اُسے برباد کرتا ہَے۔ 5 ۔ جو آدمی اپنے ہمسائے کی خُوشامد کرتا ہَے۔ وہ اُس کے قدموں کے لئے جال بچھاتا ہَے۔ 6 ۔ شریر کی راہ میں پھندا ہَے۔ پر صادق گاتا اور خوشی کرتا ہَے۔ 7 ۔ صادِق آدمی مَسکینوں کے مُعاملے کی خبر رکھتا ہَے مگر شریر اُس کی تحقیق کرنے کی پروا نہیں کرتا ۔ 8 ۔ ٹھٹھّے باز آدمی شہر میں آگ لگاتے ہَیں ۔مگر دانِشمند ہنگامے کو دُور کردیتے ہیں۔ 9 ۔ اگر دانِشمند آدمی احمق کے ساتھ جھگڑا کرے ۔تو خواہ وہ غُصّے ہو یا ہنسے اُسے آرام نہ ملےگا ۔ 10 ۔ خُون ریز آدمی بے گناہ سے نفرت کرتے ہَیں اَور راستکار اُس کی جان بچانے کی خواہش رکھتے ہَیں ۔ 11 ۔احمق اپنا پُورا غُصہّ ظاہر کرتا ہَے۔ پر دانِشمند آخِر کار اُسے تھامتا ہَے ۔ 12 ۔ جب بادشاہ جھُوٹی بات کی طرف کان لگاتا ہَے تو اُس کے سب خادِ شریر ہو جاتے ہَیں۔ 13 ۔مِسکین اَور ظالمِ آدمی باہم ملتے ہَیں ۔خُداوند اُن دونوں کی آنکھوں کو روشن کرتا ہَے۔ 14 ۔جو بادشاہ مِسکینوں کا راستی سے اِنصاف کرتا ہَے اُس کا تخت اَبد تک قائم رہے گا۔ 15 ۔چھڑی اَور تنبیہہ حِکمَت بخشی ہَیں مگر جو لڑکا اپنی مرضی پر چھوڑا گیا ہو وہ اپنی ماں کو شرمندہ کرتا ہَے۔ 16 ۔جب شریر لوگ غالب آتے ہَیں تو گُناہ زیادہ ہوتا ہَے اَور صادِق لوگ اُن کا گِرنا دیکھیں گے۔ 17 ۔ اپنے بیٹے کی تربیت کر تو و ہ تُجھے چَین دے گا اَورتیری جان کو مسُرور کرے گا ۔ 18 ۔ جب رُو یا نہ ہو تو لوگ پریشان ہوتے ہَیں پر جو شریعت کو مانتا ہَے۔ وہ مُبارَک ہَے۔ 19 ۔غُلام کلام سے نہیں سُدھرتا کیونکہ اگرچہ وہ سمجھتا ہَے تو بھی پروا نہیں کرتا۔ 20 ۔ کیا تُو نے ایسا آدمی دیکھا جو بات کرنے میں جلد باز ہَے اُس کی بہ نِسبت جاہِل سے زیادہ اُمّید ہَے۔ 21 ۔جو اپنے غُلام کو اُس کے لڑکپن سے ناز میں پالتا ہَے وہ آخِر کار اُسے سرکش پائے گا۔ 22 ۔ غُصّہ ور آدمی جھگڑا برپا کرتا ہَے۔ اَور غضبناک اِنسان بہُت خطا کرتا ہَے۔ 23 ۔ اِنسان کی مغروری اُسے پست کرتی ہَے پر جو روح کا فروتن ہَے وہ عِزّت حاصِل کرے گا۔ 24 ۔جو کوئی چور کاشریک ہَے وہ اپنا ہی دُشمن ہَے اگرچہ وہ لعنت سُنتا ہَے تو بھی بتاتا نہیں۔ 25 ۔آدمی کا خوف پھندا لگاتا ہَے مگر خُداوند پر تو کُّل کرنے والا محفوظ رہے گا ۔ 26 ۔بہُت ہَیں جو حُکمران کی مہربانی کے خواہشمند ہیں مگر ہر ایک آدمی کا انصاف خُداوند سے ہَے ۔ 27 ۔شریر آدمی صادِقوں کے نزدِیک مکرُوہ ہَے اَور راستکار شریر کے نزدِیک مکرُوہ ہَے۔