باب

1 ۔ نیک نام بڑے خزانے سےافضل اَور احسان سونے اَور چاندی سے بہتر ہَے۔ 2 ۔دولتمند اَور مِسکین باہم ملتے ہَیں ۔ خُداوند نے اُن دونوں کو بنایا ۔ 3 ۔ صاحبِ عقل بَدی کو دیکھ کر چھُپ جاتا ہَے پر ناتجربہ کار آگے چل کر سزا پاتے َہیں۔ 4 ۔ فروتنی اَور خُداوند کے خوف کا اَجر دولت ۔عِزّت اَور زِندگی ہَے ۔ 5 ۔ کَج رَو کی راہ میں کانٹے اَور پھندے ہَیں ۔پر جو اپنی زِندگی کی حِفاظت کرتا ہَے وہ اُن سے دُور رہتا ہے ۔ 6 ۔ لڑکے کی اُس راہ کے مُوافق تربیت کر تو جب وہ بوڑھا ہوگا اُس سے نہ مُڑے گا۔ 7 ۔دولتمند آدمی کنگالوں پر حُکومت کرتا ہَے اَور قرضدار قرض دینے والے کا غُلام ہَے ۔ 8 ۔ظُلم بونے والا مُصیبت کاٹے گا۔اَور اُس کی محِنت کا پھَل فنا ہو جائے گا۔ 9 ۔جس کی آنکھ نیک ہَے وہ برکت پائے گا کیونکہ وہ اپنی روٹی میں سے کنگال کو دیتا ہَے ۔ 10 ۔ٹھٹھّے باز کو نِکال دے تو جھگڑا جاتا رہے گا۔ اَور لڑائی و فساد تھم جائے گا۔ 11 ۔ خُداوند دِل کی پاکیزگی کو پیار کرتا ہَے۔لبوں کی لطافت بادشاہ کو پسند ہے ۔ 12 ۔ خُداوند کی آنکھیں عِلم کی نِگہبانی کرتی ہَیں اَور وہ فریبی آدمی کی بات اُلٹ دیتا ہَے ۔ 13 ۔سُست آدمی کہتا ہَے۔کہ باہر شیر کھڑا ہَے اَور مَیں کُوچوں میں مارا جاؤں گا ۔ 14 ۔ بیگانہ عورت کا مُنہ گہرا گڑھا ہَے ۔اُس میں وہی گرتا ہَے جس پر خُداوند کا غضب ہَے ۔ 15 ۔ حماقت بچّے کے دِل سے وابستہ ہَے لیکن نصیحت کی چھُڑی اُسے نِکال دے گی۔ 16 ۔جو مِسکین پر ظُلم کرتا ہَے وہ اُسے فائدہ پہُنچاتا ہَے پر جو دولتمند کو دیتا ہَے وہ مُفلِسی کا باعث ہَے ۔ 17 ۔ دانِشمندوں کی باتیں اپنا کان مائِل کر اَور دانِشمندوں کی باتیں سُن ۔اَور میرے عِلم کی طرف اپنا دِل لگا ۔ 18 ۔ کیونکہ اگرتُو اُسے اپنے باطِن میں رکھّے اَور اپنے لبوں پر رواں رکھّے تو یہ لذید ہوگا ۔ 19 ۔تاکہ تیرا تو کّل خُداوند پر ہو اِس لئے مَیں آج اُس کی راہیں تُجھے جَتا دیتا ہُوں ۔ 20 ۔ دیکھ ۔مَیں نے تیرے لئے مشورت اَور عِلم کی تیس باتیں لکھیں ۔ 21 ۔ کہ سچائی اَور قابل اعتبار باتیں تُجھے جَتاؤں تاکہ تُو اپنے پُوچھنے والوں کو اچھّا جُواب دے سکے گا۔ 22 ۔ مِسکین کو اُس کے مِسکین ہونے کے سبب سے مت لُوٹ۔ اَور مُحتاج کو دروازے میں پامال نہ کر۔ 23 ۔ کیونکہ اُن کے مُقدّمے کے لئے خُداوند جھگڑے گا اَور اُن کےلُوٹنے والوں کی جان لُوٹ لےگا ۔ 24 ۔ غُصّہ ور آدمی کے ساتھ دوستی نہ کر اَور غضبناک اِنسان کے ساتھ مت چل ۔ 25 ۔ تاکہ تو اُس کی رَوشیں نہ سیکھے اَور اپنی جان کےلئے پھندا نہ بنائے۔ 26 ۔ تُو اُن میں سے نہ ہو جو ہاتھ پر ہاتھ مارتے ہَیں اَور قر ضداروں کی ضمانت دیتے ہَیں ۔ 27 ۔ اگر تیرے پاس ادا کرنے کوکُچھ نہیں تو تیرا بِستر نیچے سے چھینا جائے گا۔ 28 ۔ جو قدیم حدیں تیرے باپ دادا نے رکھیں تَو اُنہیں مت سرکا۔ 29 ۔ کیا تُو نے ایسا اِنسان دیکھا جو اپنے کام میں ماہر ہَے؟ وہ بادشاہوں کے سامنے کھڑا ہوگا وہ عام آدمیوں کے سامنے کھڑانہ ہوگا ۔