باب

1 ۔ برکات حِکمت اے میرے بیٹے ! اگر تُو میری باتوں کو قبُول کرے ۔اَور میرے حُکموں کو اپنے پاس محفُوظ رکھّے ۔ 2 ۔ایسا کہ تُو حِکمَت کی طرف کان لگائے ۔اَور تیرا دِل حِکمَت کی طرف مائِل ہو۔ 3 ۔ ہاں ۔ایسا کہ تُو دانِش کو پُکارے اَور فہم کی طرف اپنی آواز اُٹھائے ۔ 4 ۔اگر تُو اُسے چاندی کی طرح ڈھونڈے اَور پوشیدہ خزانوں کی مانند اُس کی تلاش کرے۔ 5 ۔تو تُو خُداوند کے خوف کو سمجھے گا اَور خُدا کے عِلم کو پائے گا ۔ 6 کیونکہ خُداوند حِکمَت بخشتا ہَے اَور اُس سے عِلم و فہم نِکلتا ہَے۔ 7 ۔وہ راستکاروں کے لئے مدد کا ذخیرہ رکھتا ہَے اَور جو راستی سے چلتے ہَیں۔ اُن کی وہ ڈھال ہَے۔ 8 ۔وہ اِنصاف کے رستوں کا نِگہبان ہَے۔ اَور اپنے برگُزیدوں کی راہ کی حِفاظت کرتا ہَے ۔ 9 ۔تب تُو عدالت ۔حَق اَور راستی بلکہ ہر ایک نیک رستے کو سمجھ لے گا۔ 10 ۔کیونکہ حِکمَت تیرے دِل میں داخِل ہوگی ۔اَور عِلم تیری رُوح کو اچھّا لگے گا۔ 11 ۔عقل مندی تیری حفاظت کرے گی اور سمجھ بُوجھ تیری نگہبان ہوگی ۔ 12 ۔تو وہ تُجھے بَدی کی راہ سے اَور اُس اِنسان سے چھُڑائے گی جو فریب کی باتیں کرتا ہَے۔ 13 ۔ یعنی اُن سے جو راستی کی راہوں کو ترک کرتے اور تارِیکی کے رستوں پر چلتے ہَیں ۔ 14 ۔وہ بَدی کرنے سے خُوش ہوتے ہیں اور بدی کے کاموں سے شادمانی کرتے ہَیں۔ 15 ۔جِن کے رستے ٹیڑھے اَور جِن کی راہیں خُود پسندی کی ہَیں۔ 16 ۔اَور وہ تُجھے اجنبی عورت سے چھُڑائے گی یعنی اُس بیگانہ عورت سے جو اپنی باتوں سے تیری خُوشامد کرتی ہَے۔ 17 ۔جس نے اپنی جوانی کے رفیق کو ترک کر دِیا ہَے اَورجو اپنے خُدا کےعہد کو بھُول گئی ہَے۔ 18 ۔کیونکہ اُس کاگھر مَوت کی طرف جاتا ہَے اَور اُس کی راہیں پاتال کو جاتی ہَیں ۔ 19 ۔جو بھی اُس سے مِلتا ہَے وہ نہیں لَوٹے گا۔ اَور زِندگی کی راہوں کو نہیں پائے گا۔ 20 ۔تاکہ تُو نیک آدمیوں کی راہ پر چلے۔اَور صادِقوں کے رستوں پر قائم رہے ۔ 21 ۔کیونکہ راستبا ز زمین پر سکُونت کریں گے ۔اُور کامِل اُس میں باقی رہیں گے۔ 22 ۔لیکن شریر زمین پر سے کاٹ ڈالے جائیں گے اَور ناراست لوگ اُس میں سے اُکھاڑے جائیں گے۔