1 ۔ تین رویا مالِک خُداوند نے مُجھے یہ رُؤیا دِکھائی ۔ تو کیا دیکھتا ہُوں کہ۔ اُس نے زِراعت کی آخِری روئیدگی کی اِبتدا میں ٹِڈّے پیدا کِئے۔ اَور دیکھ۔ یہ بادشاہ کی زِراعت کَٹ جانے کے بعد آخِری روئیدگی تھی۔ 2 ۔اَور جب وہ زمین کی سبز نباتات کھا چُکنے لگے تو مَیں نے کہا کہ اَے مالِک خُداوند مہربانی سے درگُزر کر۔ یَعقُوب کیوں کر قائم رہے گا؟ وہ چھوٹا سا توہَے! 3 ۔اَور خُداوند پچھتایا۔ خُداوند نے کہا ۔کہ یُوں نہ ہو گا۔ 4 ۔مالِک خُداوند نے مُجھے یہ رُویا دِکھائی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ مالِک خُداوند نے پُکارا۔ کہ مَیں آگ سے عدالت کرُوں گا! اَور آگ بحر عمِیق کو نِگل گئی۔ اَور قطِعئہ زمین کو کھا جانے کے قریب تھی۔ 5 ۔تب مَیں نے کہا۔ کہ ا۔ے مالِک خُداوند ۔ مہربانی سے بس کر۔ یَعقُوؔب کیوں کر قائم رہے گا؟ وہ چھوٹا سا توہَے! 6 ۔ اَور خُداوند پچھتایا ۔مالِک خُداوند نے کہا۔ کہ یُوں بھی نہ ہوگا۔ 7 ۔اُس نے مُجھے یہ رُؤیا دِکھائی تو کیا دیکھتا ہُوں۔ خُداوند لوہے کی ایک دِیوار کے پاس کھڑا ہَے۔ اَور اُس کے ہاتھ میں لوہا ہے۔ (اَور اُس کے ہاتھ میں ساہول (پیمائش کا فولادی آلہ) ہے۔ 8 ۔اَور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ اَے عامُوؔس تُو کیا دیکھتا ہَے؟ مَیں نے کہا۔ کہ لوہا۔ تب خُداوند نے فرمایا کہ دیکھ۔ مَیں اپنی اُمّت کے درمیان لوہا ڈالُوں گا۔ اَور پھر اُن سے درگُزر نہ کرُوں گا۔ 9 ۔تب اِضحاؔق کی اُونچی جگہیں تباہ ہوں گی اَور اِسرؔائیل کے مَقدِس وِیران ہو جائیں گے اَور مَیں تلوار لے کر یربعؔام کے گھرانے کے خلاف کھڑا ہُوں گا۔ 10 ۔ عاموس کا نکالا جانا تب بیَت ایؔل کے کاہِن اَمَصیاہ نے شاہِ اِسرؔائیل یربعؔام کے پاس کہلا بھیجا کہ عامُوؔس اِسرؔائیل کے گھرانے میں تیرے خلاف سازِش برپا کرتا ہَے اَور مُلک اُس کی اِتنی باتوں کی برداشت نہیں کر سکتا۔ 11 ۔کیونکہ عامُؔوس یُوں کہتا ہَے کہ یربعؔام تلوار سے مارا جائے گا اَور اِسرؔائیل یقیناً اپنے وطن سے اسیر ہو کر جائے گا۔ 12 ۔اَور امصیاہ نے عامُؔوس سے کہا۔ کہا اَے غیب بِین۔ روانہ ہو۔ یُہوؔداہ کی سرَزمین کو بھاگ جا۔ وَہیں اپنی روٹی کھا۔ اَور وَہیں نُبوّت کر۔ 13 ۔لیکن بَیتؔ ایل میں پِھر کبھی نُبوّت نہ کرنا۔ کیونکہ یہ بادشاہ کا مَقدِس اَور شاہی محل ہَے۔ 14 ۔اِس پر عامُؔوس نے جَواب میں امصیاہ سے کہا کہ مَیں نہ نبی ہُوں نہ نبی زاد مَیں تو گلّہ بان ہُوں اور انجیر کے درختوں کا پالنے والا۔ 15 ۔پر خُداوند نے مُجھے گلّے کے پیچھے سے لے لِیا اَور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ جا اَور میری اُمّت اِسرؔائیل کےلئے نُبّوت کر۔ 16 ۔پس تُو اَب خُداوند کا کلمہ سُن۔ تُو کہتا ہَے کہ اِسرؔائیل کے خلاف نُبوّت نہ کر اَور اِضحاؔق کے گھرانے کی کلام میں پیغمبر نہ بن۔ 17 ۔اِس لئے خُداوند یُوں فرماتا ہَے کہ تیری بیوی شہر میں فاحشہ بنے گی اَور تیرے بیٹے اَور تیری بیٹیاں تلوار سے مارے جائیں گے اَور تیری زمین جریب سے تقسیم کی جائے گی اَور تُو ناپاک سَر زمین میں مَر جائے گا اَور اِسرؔائیل اپنے وطن سے یقیناً اسیر ہو کر جائےگا۔