باب

1 ۔اَے بسن کی گائیو! یہ کلمہ سُنو۔ تُم جو کوہِ سامؔریہ پر رہتی ہو اَور غریبوں پر ظُلم کرتی ہو اَور مِسکینوں کو کُچلتی ہو اَور اپنے مالِکوں سے کہتی ہو۔ کہ ۔لاؤ ہم پِئیں۔ 2 ۔مالک خُداوند نے اپنی قُدْوسیت کی قَسم کھائی ہَے کہ یقیناً تُم پر وہ دِن آئیں گے جب تُمہیں کانٹا سے اَور تُمہاری اولاد کو بنسی سے کھینچ لے جائیں گے۔ 3 ۔ اَور تُم میں سے ہر ایک اِس رخنے سے جو اُس کے سامنے ہو گا باہر نِکالی جائے گی اَور تُم حرمؔون کی طرف دھکیلی جاؤ گی (خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 4 ۔ اسرائیل کی باطل عبادت بَیت ایؔل میں آؤ اَور گُناہ کرو۔ اَور جِلجؔال میں کثرت سے گُناہ کرو۔ ہر صُبح اپنے ذَبیحہ اَور ہر تیسرے سال اپنی دہ یکیاں لاؤ۔ 5 ۔اَور شُکر گُزاری کا ہدیہ خمیر کے ساتھ آگ پر گُزرانو۔ اَور خُوشی کی قُربانیوں کا اِعلان کرو اَور اُنہیں مشُہور کرو کیونکہ اَے بنی اِسرؔائیل یہ سب کام تُمہیں پسندہیں(ماِلک خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 6 ۔اگرچہ تُمہارے سب شہروں میں دانتوں کی صفائی اَور تُمہاری سب جگہوں میں روٹی کی کمی مَیں نے تُمہارا حِصّہ کر دی ہَے ۔ تو بھی تُم میری طرف رجُوع نہیں لائے۔(ماِلک خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 7 ۔اَور اگرچہ جس وقت فصل پکنے میں تین مہینے باقی تھے مَیں نے مِینہ کو تُم سے روک لِیا اَور ایک شہر پر برسایا جبکہ دُوسرے شہر پر نہ برسایا اَور ایک کھیت پر بارش پڑی جبکہ دُوسرا کھیت بارش نہ پڑنے کی وجہ سے سُوکھ گیا۔ 8 ۔اَور دو تین شہروں کے باشِندے آوارہ ہو کر ایک شہر میں ڈگمگاتے ہُوئے آئے تاکہ پانی پِئیں لیکن سیر نہ ہُوئے تو بھی تُم میری طرف رجُوع نہیں لائے۔ (ماِلک خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 9 ۔مَیں نے تُمہیں الفا( زہریلی ہوا) اَور فصل کی دیمک (فصل کی بیماری) سے مارا ہَے اَور تُمہارے بے شُمار باغ اَور تاکستان اَور تُمہارے اِنجیر اَور زیتُون ٹِڈّی کھا گئی تو بھی تُم میری طرف رجُوع نہیں لائے۔ (ماِلک خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 10 ۔مَیں نے مِصؔر کی سی وَبا تُم پر بھیجی ہَے اَور تُمہارے نَوجوانوں کو تلوار سے قتل کر دِیا ہَے۔ مَیں نے تُمہارے گھوڑوں کو چھِن جانے دِیا ہَے اَور تُمہاری لشکر گاہ کی بَدبُو تُمہارے نتھنوں میں پُہنچا دی ہَے تو بھی تُم میری طرف رجُوع نہیں لائے۔ (ماِلک خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 11 ۔ مَیں نے تُم میں سے شہروں کو اُلٹ دِیا۔ جیسے خُدا نے سدُوؔم اَور عمُورہ کو اُلٹ دِیا تھا۔ اَور تُم اُس جھُلسی ہُوئی لکڑی کی مانند ہُوئے جو آگ سے نِکالی جائے۔ تو بھی تُم میری طرف رجوُع نہیں لائے۔ (ماِلک خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 12 ۔اِس لئے اَے اِسرؔائیل مَیں تُجھ سے سلُوک کرُوں گا اَور چُونکہ مَیں تُجھ سے بھی یہی سلُوک کرُوں گا پس اَے اِسرؔائیل تُو اپنے خُدا کے حضُور آنے کی تیاّری کر۔ 13 ۔کیونکہ دیکھ جو پہاڑوں کو بناتا اَور ہَوا کو پیدا کرتا ہَے اَور اِنسان کو اُس کے خیالات سے آگاہ کرتا ہَے۔ جو فجر کو تارِیکی سے بدلتا اَور زمین کے بُلند مقاموں پر چلتا ہَے اُس کا نام خُداوند ربُّ الافواج ہَے۔