باب۹

1 ۱۔آٹھویں دِن مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اور بنی اِسرائیلؔ کے بزُرگوں کو بُلایا۔ 2 ۲۔اور اُس نے ہارُونؔ سے کہا کہ اپنی خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بے عیب بَچھڑا اور اپنی سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب مینڈھا خُداوند کو پیش کر۔ 3 ۳۔اور پِھر بنی اِسرائیِلؔ سے کہہ کہ خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا لو اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک سال کا بے عیب بَچھڑا اور ایک سال کا بے عیب بَرّہ لو۔ 4 ۴۔اور رفاقت کے ذبیِحہ کے لِئے ایک بَیل اور مینڈھا لو تاکہ تیل مِلی ہُوئی اَناج کی نذر کے ساتھ خُداوند کے حُضور اُن کی قُربانی پیش کی جائے کیونکہ آج خُداوند تُم پر ظاہر ہوگا۔ 5 ۵۔اور وہ ساری چیزیں جِن کا مُوسیٰؔ نے حُکم دِیا تھا خیمہ اِجتماع کے سامنے لے آئے اور ساری جماعت نزدِیک آ کر خُداوند کے حُضور میں کھڑی ہو گئی۔ 6 ۶۔پِھر مُوسیٰؔ نے کہا: یہ وہ ہے جِس کے کرنے کا خُداوند نے تُمہیں حُکم دِیا ہے تاکہ خُداوند کا جلال تُم پر ظاہر ہو۔ 7 ۷۔اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ سے کہا کہ مذبح کے نزدِیک جا اور اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی پیش کر اور اپنے لِئے اور لوگوں کے لِئے کفّارہ دے جیساکہ خُداوند نے حُکم دِیا ہے۔ 8 ۸۔ لٰہذا ہارُونؔ نے مذبح کے پاس جا کر اُس بَچھڑے کو اپنی خطا کی قُربانی کے طور پر ذبح کِیا۔ 9 ۹۔اُس کے بیٹے اُس کا خُون لے کر اُس کے پاس آئے اور اُس نے اُس خُون میں اپنی اُنگلی ڈبو ڈبو کر اُس خُون کو مذبح کے سینگوں پر لگایا اور باقی ماندہ خُون کو اُس مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دِیا۔ 10 ۱۰۔اور اُس نے خطا کی قُربانی کے ذبیِحہ کی چَربی، گُردے اور جِگر کی جِھلّی مذبح پر جلا دی جیساکہ خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔ 11 ۱۱۔اور گوشت اور کھال کو لشکرگاہ کے باہر جلادِیا۔ 12 ۱۲۔اور پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کِیا اور اُس کے بیٹوں نے اُس ذبیحہ کا خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُسے مذبح کے مُقابال تمام اطراف میں چِھڑک دِیا۔ 13 ۱۳۔اور اُنہوں نے سوختنی قُربانی کے ٹکڑے کر کر کے سَر سمیت اُسے دِئیے اور اُس نے اُنہیں مذبح پر جلا دِیا۔ 14 ۱۴۔اور اُس نے اَنتڑیوں اور پایوں کو دھو کر اُنہیں مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلا دِیا۔ 15 ۱۵۔پِھر ہارُونؔ اُس نذر کو لایا جو لوگوں کے لِئے تھی اور پِھر اُس نے لوگوں کی خطا کی قُربانی کا بَکرا لِیا اور اُسے ذبح کر کے خطا کی قُربانی کے لِئے پہلے والے بَکرے کی طرح بطور زِندہ پیش ( کرنا)۔ 16 ۱۶۔اور وہ سوختنی قُربانی کے جانور کو لایا اور حُکم کے مُطابِق اُسے پیش کِیا۔ 17 ۱۷۔اور وہ نذر کا َناج بھی لایا اور اُس میں سے مُٹّھی بَھر لے کر اُسے مذبح پر جلایا۔ یہ قُربانی صُبح کی سوختنی قُربانی کے علاوہ تھی۔ 18 ۱۸۔اور اُس نے بَیل اور مینڈھے کو لوگوں کی رِفاقت کی قُربانی کے طور پر ذبح کِیا اور اُس کے بیٹوں نے اُس کا خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُسے مذبح کے مُقابل تمام اطراف میں چِھڑکا۔ 19 ۱۹۔لیکن بیَل اور مینڈھے کے چَربی والے حِصّے یعنی موٹی دُم کو، اَنتڑیوں کے اُوپر کی چَربی کو، گُردوں کو اور جِگر کی جِھلّی کو 20 ۲۰۔ لیکر اُنہوں نے سینوں پر رَکھ دِیا اور پِھر ہارُونؔ نے چَربی کو مذبح پر جلادِیا۔ 21 ۲۱۔اور ہارُونؔ نے سینے اور داہنی ران کو خُداوند کے آگے ہلانے کی قُربانی کے طور پر ہلایا جیسا مُوسیٰؔ نے اُسے حُکم دِیا تھا۔ 22 ۲۲۔اور پِھر ہارُونؔ اپنے ہاتھ لوگوں کی طرف اُٹھا کر اُنہیں برکت دینے اور خطا کی قُربانی، سوختنی قُربانی اور رفاقت کی قُربانی پیش کرنے کے بعد نیچے اُتر آیا۔ 23 ۲۳۔ اور پِھر مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ خیمہ اِجتماع کے اندر گئے اور جب وہ باہر آئے تو اُنہوں نے لوگوں کو برکت دی اور خُداوند کا جلال تمام لوگوں پر ظاہر ہُوا۔ 24 ۲۴۔اور خُداوند کی حُضوری سے آگ نِکلی جِس نے مذبح پر سوختنی قُربانی اور چَربی کو بھَسم کر دِیا اور جب لوگوں نے اِسے دیکھا تو وہ سب کے سب خُوشی سے نعرے مارنے لگے اور مُنہ کے بَل گِر گئے۔