باب۸

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا 2 ۲۔ہارُونؔ کو اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو اور اُن کے لِباس، مَسح کرنے کے تیل، خَطا کی قُربانی کے بِچھڑے کو اور دونوں مینڈھوں اور بے خمیری روٹِیوں کی ٹوکری کو لے آ۔ 3 ۳۔اور ساری جماعت کو خیمہٗ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر۔ 4 ۴۔ اور جیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا اُس نے ویسا ہی کِیا اور جماعت خیمہٗ اِجتماع کے دروازہ پر جمع ہو گئی۔ 5 ۵۔ تب مُوسیٰؔ نے اُس جماعت سے کہاکہ خُداوند نے جو کُچھ کرنے کا حُکم دِیا ہے وہ کِیا جارہا ہے۔ 6 ۶۔پِھر مُوسیٰؔ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو سامنے لایا اور اُنہیں پانی سے غُسل دِلایا۔ 7 ۷۔اوراُس نے ہارُونؔ کو کُرتا پہنا کر اُس پر کمر بند لپیٹا اور اُس کو جُبّہ پہنا کر اُس پر اَفُود لگایا اور اَفُود کے کمر بند کو جِسے کِسی ماہر کاریگر نے بُنا تھا، اُس پر لپیٹا۔ یُوں وہ اُس پر کَس دِیا گیا۔ 8 ۸۔اور سینہ بَند کو اُس پر لگا کر اُس سینہ بند میں اُوریم اور تمّیم لگا دئیے۔ 9 ۹۔پِھر اُس نے ہارُونؔ کے سَر پر عمامہ رَکھ کر اُس پر سامنے کی طرف سونے کا پَتّر یعنی مُقدس تاج لگا دِیا جیسا کہ خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔ 10 ۱۰۔پِھر مُوسیٰؔ نے مَسح کرنے کا تیل لِیا اور مَسکن کو اور اُس کے اندر کی ہر چیز کو مسح کِیا اور یُوں اُن کی تقدیس کی۔ 11 ۱۱۔اور اُس نے اُس تیل میں سے کُچھ لے کر اُسے سات بار مذبح پر چِھڑکا اور مذبح کو اور اُس کے تمام ظروف، پانی کے حُوض اور اُس کی چوکی کو مُسح کر کے اُن کی تقدیس کی۔ 12 ۱۲۔اور ہارُونؔ کی تقدیس کرنے کے لِئے اُس نے اُس تیل میں سے کُچھ لِیا اوراُسے اُس کے سَر پر ڈال کر اُسے مَسح کِیا۔ 13 ۱۳۔پِھر وہ ہارُونؔ کے بیٹوں کو سامنے لایا اور اُن کو کُرتے پہنائے اور اُن پر کمر بند لپیٹے اور اُن کے سروں پر پٹکے باندھے جیسا کہ خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔ 14 ۱۴۔پِھر وہ خَطا کی قُربانی کے لِئے بَچھڑا لایا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اُس کے سر پر ہاتھ رَکھے۔ 15 ۱۵۔اور مُوسیٰؔ نے اُس بچھڑے کو ذبح کِیا اور اُس کا کُچھ خُون لے کر اپنی اُنگلی سے اُسے مذبح کے تمام سینگوں پر لگایا تاکہ مذبح پاک ہو جائے اور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دِیا اور اِس طرح اُس نے اُس کا کفّارہ دے کر اُس کی تقدیس کی۔ 16 ۱۶۔ اور مُوسیٰؔ نے ساری چربی جو اَنتڑیوں پر تھی اور جگر کی جِھلّی اور دونوں گُردوں کو اُن کی چربی سمیت لے کر مذبح پر جلادِیا۔ 17 ۱۷۔لیکن اُس بچھڑے کو اُس کی کھال، اُس کے گوشت اور گوبر سمیت لشکرگاہ کے باہر جلا دیا جیسا کہ خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔ 18 ۱۸۔اور پِھر وہ سوختنی قُربانی کے لِئے مینڈھے کو سامنے لایا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اُس کے سر پر اپنے ہاتھ رکھّے۔ 19 ۱۹۔پِھر مُوسیٰؔ نے اُس مینڈھے کو ذبح کِیا اور اُس کا خُون مذبح کے سامنے طرف چِھڑک دِیا۔ 20 ۲۰۔اور اُس نے مینڈھے کو کاٹ کر اُس کے ٹُکڑے کِیے اور اُس کے سر، ٹُکڑوں اور چَربی کو جلادِیا۔ 21 ۲۱۔اور اُس نے اُس مینڈھے کی اَنتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا اور پُورے مینڈھے کو مذبح پر بطور سوختنی قُربانی جلا دِیا تاکہ اُس کی راحت اَفزا خُوشبُو اُوپر جائے اور جیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیاتھا یہ قُربانی خُداوند کو بذریعہ آتش پیش کی گئی۔ 22 ۲۲۔اور پِھر اُس نے دُوسرے مخصُوص مینڈھے کو پیش کِیا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اُس کے سر پر اپنے ہاتھ رَکھّے۔ 23 ۲۳۔ اور مُوسیٰؔ نے اُس مینڈھے کو ذبح کِیا اور اُس کا کُچھ خُون لے کر ہارُونؔ کے داہنے کان کی لَو پر اور داہنے ہاتھ اور دہنے پاوٗں کے اَنگُوٹھوں پر لگایا۔ 24 ۲۴۔اور مُوسیٰؔ ہارُونؔ کے بیٹوں کو بھی سامنے لایا اور اُس نے اُس خُون میں سے کُچھ اُن کے داہنے کانوں کی لَو پر اور اُن کے داہنے ہاتھوں اور دہنے پاوٗں کے اَنگُوٹھوں پر لگایا۔ 25 ۲۵۔اور اُس چَربی اور موٹی دُم اور ساری چَربی جو اَنتڑیوں پر تھی، اور جِگر کی جِھلّی کو اور دونوں گُردوں کو، اُن کی چُربی اور داہنی ران کو لِیا۔ 26 ۲۶۔اور پِھر بےخمیری روٹی کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے آگےتھی، اُس نے ایک روٹی اور تیل چُپڑی ہُوئی ٹِکیا اور ایک چپاتی لے کر اُنہیں چَربی اور داہنی ران پر رَکھا۔ 27 ۲۷۔اور اُس نے اُن تمام کو ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رَکھ کر اُن کو ہلانے کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے رُوبرُو ہلایا۔ 28 ۲۸۔اور پِھر مُوسیٰؔ نے اُنہیں اُن کے ہاتھوں سے لے کرمذبح پر سوختنی قُربانیوں کے اُوپر بطورِ تخصیصی قُربانی جلا دِیا تاکہ جیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا خُداوند کے لِئے بذریعہ آگ پیش کی گئی یہ قُربانی ایک راحت اَفزا خُوشبُو ہو۔ 29 ۲۹۔اور اُس نے سینہ کو بھی لِیا جو کہ اُس تخصیصی مینڈھے میں سے مُوسیٰؔ کا حِصّہ تھا۔ اور اُسے خُداوند کے رُوبرُو ہلانے کی قُربانی کے طور پر ہلایا جیساکہ خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔ 30 ۳۰۔اور پِھر مُوسیٰؔ نے مَسح کرنے کا کُچھ تیل اور مذبح سے کُچھ خُون لے کر ہارُونؔ اور اُس کےلِباس پر اور اُس کے بیٹوں اور اُن کے لباسوں پر چِھڑکا۔ اِس طرح اُس نے ہارُونؔ اور اُس کے لِباس کی اوراُس کے بیٹوں اور اُن کے لباسوں کی تقدیس کی۔ 31 ۳۱۔ اور پِھر مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہا کہ اِس گوشت کو خیمہٗ اِجتماع کے دروازہ پر اُبالو اور اُسے وہیں اُس روٹی کے ساتھ جو تخصیصی نذر کی ٹوکری میں ہے کھاوٗ جیسا کہ مُجھے خُدا کی طرف سےحُکم دِیا گیا تھا کہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔ 32 ۳۲۔اور پِھر باقی گوشت اور روٹی کو جلادینا۔ 33 ۳۳۔اور سات دِن تک خیمہٗ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا یعنی جب تک تُمہاری تخصیص کی مُدّت پُوری نہ ہو جائے کیونکہ تُمہاری تخصیص کو سات دِن لگیں گے۔ 34 ۳۴۔اور جو کُچھ آج کِیا گیا ہے اُس کا حُکم خُداوند نے دِیا تھا تاکہ تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔ 35 ۳۵۔اور تُم لازماً سات روز تک، دِن رات خیمہٗ اِجتماع کے دروازہ پر ہی ٹھہرے رہنا اور خُداوند کا حُکم ماننا تاکہ تُم مَرنے سے بچے رہو کیونکہ ایسا ہی حُکم دِیا گیا ہے۔ 36 ۳۶۔لٰہذا ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے وہ سب کُچھ کِیا جِس کا خُداوند نے مُوسیٰؔ کی معرفت حُکم دِیا تھا۔