1 ۱۔اور جُرم کی قُربانی کے لِئے جو کہ نہایت مُقدّس ہے یہ قوانین ہیں: 2 ۲۔ جُرم کی قُربانی کا جانور اُسی جگہ ذبح کِیا جائے جہاں سوختنی قُربانی کا جانور ذبح کِیا جاتا ہے اور اُس کا خُون مذبح کے مُقابِل تمام اطراف میں چِھڑک دِیا جائے۔ 3 ۳۔ اور اُس کی ساری چَربی نذر کے طور پر چَڑھائی جائے یعنی اُس کی موٹی دُم اور وہ چَربی جو اَنتڑیوں کو ڈھانکتی ہے۔ 4 ۴۔اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چَربی اور جِگر کی جِھلّی گُردوں سمیت، اُن سب کو الگ کر لیا جائے۔ 5 ۵۔کاہن اُن کو خُداوند کے لِئے طور آتشین قُربانی مذبح پر جلائے۔ یہ جُرم کی قُربانی ہے۔ 6 ۶۔ اور کاہن کے گھرانے کا ہر مَرد اِسے کھا سکتا ہے لیکن یہ کِسی پاک جگہ کھائی جائے، یہ نہایت ہی پاک ہے۔ 7 ۷۔اور خَطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی دونوں کے لِئے یہی قاعِدہ اپنایا جائے اور اُنہیں وہی کاہن لے جو اُن سے کفّارہ دیتا ہے۔ 8 ۸۔ اور وہ کاہن جو کِسی کے لِئے سوختنی قُربانی پیش کرنا ہے وہ سوختنی قُربانی کے جانور کی کھال اپنے لِئے لے سکتا ہے۔ 9 ۹۔ہر ایک نذر کی قُربانی جو تندُور میں پکائی گئی ہو یا کڑاہی میں تیاّر کی گئی ہو یا تَوے پر پَکائی گئی ہو ، اُسی کاہن کی ہوگی جو اُسے پیش کریگا۔ 10 ۱۰۔اور ہر ایک نذر کی قُربانی خواہ اُس میں تیل مِلا ہو یا وہ خُشک ہو، اُس میں سے ہارُونؔ کے سب بیٹے برابر برابر حِصّہ پائیں گے۔ 11 ۱۱۔اور رفاقت کا ذبیحہ جِسے کوئی خُداوند کے حُضور پیش کرتاہے، اُس کے لِئے قواعد یہ ہیں: 12 ۱۲۔اگر وہ اِسے شُکرانہ کےطور پر پیش کرے تب وہ شُکرانہ کے اِس ذبیحہ کے ساتھ تیل مِلے ہُوئے بے خمیری کُلچے اور تیل چپڑی ہُوئی بے خمیری ٹِکیاں اور تیل سے اچھی طرح گُندھے ہُوئے مَیدے کی پُوریاں بھی گُذرانے۔ 13 ۱۳۔اور رفاقت کے ذبیحہ کی قُربانی کے ساتھ جو شُکرانہ کےلِئے ہوگی وہ خمیری ٹِکیاں بھی نذر پیش کرے۔ 14 ۱۴۔اور ہر چڑھاوے کا ایک ایک حِصّہ وہ خُداوند کے لِئے ہدیہ کے طور پر لائے اور یہ اُس کاہن کا ہوگا جو رفاقت کے ذبیحہ کا خُون چِھڑکتاہے۔ 15 ۱۵۔اُسے اپنی شُکرانے والی رفاقت کی قُربانی کا گوشت اُسی دِن کھالینا چاہیے جِس دِن وہ قُربانی چڑھائی جائے اور وہ صُبح تک اُس میں سے کُچھ بھی باقی نہ چھوڑے۔ 16 ۱۶۔ لیکن اگر اُس کی قُربانی کِسی منّت کی وجہ سے یا رضا کارانہ طور پر چڑھائی گئی ہو تو وہ قُربانی اُسی دِن کھالی جائے جِس دِن وہ گُذرانی جائے۔ اگر کُچھ بچ رہے وہ اَگلے دِن کھایا جاسکتاہے۔ 17 ۱۷۔ لیکن اُس قُربانی کے گوشت میں جوکُچھ بچ رہے اُسے تیِسرے دِن آگ میں جلادینا چاہیئے۔ 18 ۱۸۔اگر رفاقت کی قُربانی کا کُچھ گوشت تیِسرے دِن کھایا جائے تو وہ قبُول نہ ہوگا اور اُسے گُذراننے والے کو اُس کا کوئی ثواب نہ مِلے گا کیونکہ وہ مکرُوہ ہے۔ اور جو شخص اُس میں سے کُچھ کھائے گا ، گُناہ اُس کے سر لگے گا۔ 19 ۱۹۔ وہ گوشت جوکِسی ناپاک چیِز سے چُھو جائے ہرگِز نہ کھایا جائے بلکہ آگ میں جلا دِیا جائے اور جہاں تک دُوسرے گوشت کا تعلُق ہے، کوئی شخص جو رسمی طور پر پاک ہے، اُسے کھا سکتاہے۔ 20 ۲۰۔لیکن اگر کوئی ایسا شخص جو ناپاک ہو رفاقت کی قُربانی کا کُچھ گوشت جو خُداوند کا حِصّہ ہے کھالے تو وہ شخص لازماً اپنے لوگوں میں سے خارج کِیاجائے۔ 21 ۲۱۔اگر کوئی کِسی ناپاک چیِز کو چُھو لے، چاہے وہ اِنسان کی نجاست ہو یا کوئی ناپاک جانور یا کوئی نجس مکُروہ شَئے ہو اور رفاقت کی قُربانی میں سے کُچھ گوشت جو خُداوند کا حِصّہ ہے، کھالے تو وہ شخص بھی لازماً اپنے لوگوں میں خارج کِیاجائے۔ 22 ۲۲۔خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 23 ۲۳۔بنی اِسرائیلؔ سے کہہ: تُم کِسی بَیل، بھیڑ یا بکری کی چَربی نہ کھانا۔ 24 ۲۴۔جو جانور مَرا ہُوا یا اُسے جنگلی جانوروں نے پھاڑ ڈالا ہو اُس کی چُربی کو اِستعمال توکیا جاسکتا ہے لیکن تُم اُسے کھانا مَت۔ 25 ۲۵۔جو کوئی کِسی ایسے جانور کی چَربی جِسے خُداوند کے لِئے بطور آتشین قُربانی گُذرانا جائے، کھائے تو وہ اپنے لوگوں میں سے خارج کِیا جائے۔ 26 ۲۶۔اور جہاں کہیں بھی تُم رہو وہاں تُم کِسی پرندے یا جانور کا لہوہرگِز نہ کھانا۔ 27 ۲۷۔اگر کوئی شخص خُون کھائے تووہ لازماً اپنے لوگوں میں سے خارج کِیا جائے۔ 28 ۲۸۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہاکہ 29 ۲۹۔بنی اِسرائیلؔ سے کہہ کہ جو کوئی خُداوند کے حُضور رفاقت کا ذبیحہ گُذرانے وہ اُس کا ایک حِصّہ اپنی قُربانی کے طور پر خُداوند کے حُضور چڑھائے۔ 30 ۳۰۔اور خُداوند کے لِئے آتشیِن قُربانی وہ اپنے ہاتھوں سے لائے یعنی چَربی کوسینہ سمیت لائے اور سینہ کو اُوپر اُٹھا کر خُداوند کے آگے ہلانے کی قُربانی کے طور پر پیش کرے۔ 31 ۳۱۔کاہن اُس چَربی کو مذبح پر جلادے لیکن وہ سینہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کا ہوگا۔ 32 ۳۲۔اور تُم اپنی رفاقت کے ذبیحوں کی دہنی ران کاہن کو ہدیہ کے طور پر دےدینا۔ 33 ۳۳۔اور ہارُونؔ کا وہ بیٹا جو رفاقت کے ذبیحہ کا خُون اور چَربی پیش کرے وہی وہ داہنی ران اپنے حِصّہ کے طور پر لے لے۔ 34 ۳۴۔مَیں نے بنی اِسرائیل کی رفاقت کی قُربانیوں میں سے وہ سینہ جو اُوپر اُٹھا کر ہلایا گیا اور ران جو پیش کی گئی لے کر اُنہیں ہارُونؔ کاہن اور اُس کے بیٹوں کو دے دیا ہے کہ وہ بنی اِسرائیلؔ کی جانب سے اُن کا دائمی حِصّہ ہو۔ 35 ۳۵۔یہ ہے اُن قُربانیوں کا حِصّہ جو خُداوند کو بذریعہ آتش پیش کی گئیں اور جو اُس دِن ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے لِئے مُقرّر کِیاگیا جب اُنہیں بطور کاہن خُداوند کے حُضور خِدمت اِنجام دینے کے لِئے پیش کِیاگیا تھا۔ 36 ۳۶۔جِس دِن اُنہیں مَسح کِیا گیا اُس دِن خُداوند نے حُکم دِیا کہ بنی اِسرائیل کاہنوں کو اُن کا یہ حِصّہ باقاعدہ طور پر پُشت دَر پُشت دیتے رہیں۔ 37 ۳۷۔لہذا سوختنی قُربانی، نذر کی قُربانی، خَطا کی قُربانی، جُرم کی قُربانی، بطور کاہن مامُور ہونے کی قُربانی اور رفاقت کی قُربانی کے اَحکام یہ ہیں۔ 38 ۳۸۔جو خُداوند نے مُوسیٰؔ کو کوہِ سیِناؔ پر اُس دِن دِئیے جِس دِن اُس نے سیِناؔ کے بیابان میں بنی اِسرائیلؔ کو حُکم دِیا کہ خُداوند کے حُضور اپنی قُربانیاں پیش کریں۔