باب۶

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہاکہ 2 ۲۔اگر کوئی خَطا کرتاہے اور خُداوند کی حُکم عدُولی کر کے اُس چِیز کے معاملہ میں جو اُس کے سُپرد کی گئی ہو یا اَمانت کے طور پر رَکھی گئی ہو یا چُرالی گئی ہو، اپنے پڑوسی کو دھوکا دیتا ہے 3 ۳۔یا اگر اُسے کھوئی ہُوئی چِیز مِل جاتی ہے لیکن وہ اُس کے مُتعلق جُھوٹ بولتا ہے یا جُھوٹی قَسم کھاتا ہے یا اگر وہ لوگوں کی طرح کوئی خطا کرتا ہے۔ 4 ۴۔اور جب وہ اِس طرح خطا کرنے کے بعد مُجرم ٹھہرایا جاتا ہے تو جو کُچھ اُس نے چُرایا ہے یا جبراً لیا ہے یا جو کُچھ اُس کے پاس اَمانت کے طور پر رَکھا گیا تھا یا کوئی کھوئی ہُوئی چِیز اُسے مِل جاتی ہے۔ 5 ۵۔یا جِس کِسی چِیز کے بارے میں اُس نے جُھوٹی قَسم کھائی ہو تو لازم ہے کہ وہ اُسے واپس کرے اوراُس کا مُعاوضہ دے اور اُس کی قِیمت کے پانچویں حِصّہ کے اِضافہ کے ساتھ اُس کے مالک کو اپنے جُرم کی قُربانی پیش کرنے کے دِن لَوٹا دے۔ 6 ۶۔ اور بطور جُرمانہ ریوڑ سے مقررّہ قِیمت کا ایک مینڈھا جُرم کی قُربانی کے طور کاہن کے پاس یعنی خُداوند کے حُضور لائے۔ 7 ۷۔اِس طرح کاہن خُداوند کے آگے اُس کے لِئے کفّارہ دے گا اور اُسے اُن تمام باتوں کی جِن کے باعث وہ مُجرم ٹھہراہے مُعافی مِل جائےگی۔ 8 ۸۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 9 ۹۔ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو یُوں حُکم دے کہ سوختنی قُربانی کے لِئے قواعد یہ ہیں: سوختنی قُربانی مذبح کے آتشدان پر ساری رات صُبح ہونے تک رہے اور مذبح پر آگ لازماً جَلتی رہے۔ 10 ۱۰۔اور تب کاہن اپنا کتان کا لباس زیبِ تن کرے اور اپنے نِیچے پاجامے پہن کر مذبح پر آگ سے بَھسم کی ہُوئی سوختنی قُربانی کی راکھ کو اُٹھا کر مذبح کے پہلو میں رکھ دے۔ 11 ۱۱۔اور پِھر اُن کَپڑوں کو اُتار کر دُوسرے پہن لے اور اُس راکھ کو اُٹھا کر لَشکر گاہ سے باہر کِسی پاک و صاف جگہ لے جائے۔ 12 ۱۲۔اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور وہ کبھی بُجھنے نہ پائے۔ ہر صُبح کاہن مذبح پر لکڑیاں رَکھ کر سوختنی قُربانی کو اُن پر چُن دےاور اُس کے اُوپر رفاقت کے ذبیحوں کی چَربی رَکھ کر جلا دِیا کرے۔ 13 ۱۳۔اور مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رہے اور کبھی بُجھنے نہ پائے۔ 14 ۱۴۔اور اَناج کو بطور نذر چڑھانے کے قواعد یہ ہیں کہ ہارُونؔ کے بیٹے اُسے مذبح کے سامنے خُداوند کے حُضور لائیں۔ 15 ۱۵۔اور کاہن اَناج کی نذر میں سے مُٹّھی بھر مَیدہ اور تیل اور ساتھ ہی اُس پر رکھا ہُوا تمام بخُور لے کر اِس یادگاری کے حِصّہ کو خُداوند کےلِئے راحت اَفزا خُوشبُو کے طور پر مذبح پر جلا دے۔ 16 ۱۶۔اور جو باقی بچے اُسے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے کھالیں۔ لیکن وہ بغیر خمِیر کِسی پاک جگہ کھایا جائے یعنی وہ اُسے خیمہٗ اِجتماع کے صحن کے اَندر کھائیں۔ 17 ۱۷۔ اور اُسے خمیر کے ساتھ نہیں پکانا چاہیے۔ میرے لِئےآگ میں جلا کر چڑھائی جانے والی نذروں میں سے مَیں نے اِسے اُن کے حِصّہ کے طور پر اُنہیں دِیاہے۔ اور خَطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی کی طرح یہ بہت ہی پاک ہے۔ 18 ۱۸۔ اور ہارُونؔ کی نَسل کے سارے مَرد اِسے کھاسکتے ہیں اور خُداوند کو بذریعہ آتش پیش کری جانے والی قُربانیوں میں سے پُشت دَر پُشت اُن کا حِصّہ اُنہیں قانُوناً مِلتا رہے گا۔ اور جو کوئی اُن سے چُھو جائے وہ پاک ٹھہرے گا۔ 19 ۱۹۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 20 ۲۰۔ جِس دِن ہارُونؔ کو مَسح کِیاجائے اُس دِن وہ اور اُس کے بیٹے خُداوند کے حُضور یہ نذر پیش کریں: ایفہ کے دَسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ، آدھا صُبح کو اور آدھا شام کو، ہمیشہ نذر کی قُربانی کے طور پر لائیں۔ 21 ۲۱۔اُسے تیل میں اَچھی طرح گُوند کر لانا اور تَوے پر پَکانا اور پِھر بھی ٹُکڑے ٹُکڑے کرکے اُس نذر کی قُربانی کو خُداوند کے حُضور راحت اَفزا خُوشبُو کے طور پر پیش کرنا۔ 22 ۲۲۔ اور ہارُونؔ کا وہ بیٹا جو مَسح کِئے ہُوئے کاہن کے طور پر اُس کا جانشین ہو، اُسے پیش کرے۔ یہ خُداوند کا دائمی قانُون ہے کہ اُسے بِالکُل جلا دِیا جائے۔ 23 ۲۳۔اور کاہن کی نذر کی ہر ایک قُربانی کو مکمل طور پر جلادِیا جائے اور وہ کبھی کھائی نہ جائے۔ 24 ۲۴۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہاکہ 25 ۲۵۔ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ خَطا کی قُربانی کے قواعد یہ ہیں: خَطا کی قُربانی کا جانور خُداوند کے آگے اُسی جگہ ذبح کیاجائے جہاں سوختنی قُربانی کا جانور ذبح کِیا جاتا ہے کیونکہ وہ نہایت پاک ہے۔ 26 ۲۶۔ اور جو کاہن اُسےگُذرانے وہ اُسے کھائے۔ اور وہ پاک جگہ یعنی خیمہٗ اِجتماع کے صحن میں کھایا جائے۔ 27 ۲۷۔جو کُچھ اُس گوشت سے چُھو جائے گا وہ بھی پاک ٹھہرے گا۔ اور اگر کِسی کپڑے پر اُس کے خُون کی چِھینٹ پڑ جائے تو تُم اُسے لازماً کِسی پاک جگہ میں دھونا۔ 28 ۲۸۔اور مِٹّی کا وہ برتن جِس میں وہ کپڑا دھویا جائے برتن کو مانج کر پانی سے دھو لِیا جائے۔ 29 ۲۹۔ اور کاہن کے خاندان کا کوئی بھی مَرد خَطا کی قُربانی کا گوشت کھا سکتاہے۔ یہ نہایت ہی پاک ہے۔ 30 ۳۰۔لیکن جِس خَطا کی قُربانی کا خُون کفّارہ دینے کے لِئے خیمہٗ اِجتماع کے پاک مقام میں لایا گیا ہو اُس کا گوشت کَبھی نہ کھایا جائے۔ بلکہ اُسے آگ میں جلا دینا چاہیئے۔