باب۵

1 ۱۔اور اگر کوئی اِس طرح خَطاکرے کہ جو کُچھ اُس نے دیکھا ہو یا جانتا ہو اُس کے مُتعلق اُسے قسم کھا کر گواہی دینے کے لِئے کہا جائے اور وہ کُچھ نہ بتائے تو وہ اُس خَطا کا ذمہ وار ٹھہرایا جائے گا۔ 2 ۲۔ یا اَگر کوئی شخص کِسی ایسی چیِز کو چُھو لے جو رَسمی طور پر ناپاک سَمجھی جاتی ہو خواہ وہ ناپاک جنگلی جانور کی یا ناپاک چوپائے کی یا رینگنے والے ناپاک جاندار کی لاش ہو اور وہ اُس سے بے خبر ہو کہ وہ ناپاک ہوگیا ہے، وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ 3 ۳۔یا اگر وہ اِنسانی نجاست کی کِسی ایسی چِیز کو نادانستہ چُھولے جو اُسے ناپاک کردے تو معلُوم ہونے پر وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ 4 ۴۔یااَگر کوئی شخص اَچھا یا بُرا کُچھ بھی کرنے کی بغیر سوچےسمجھے قسم کھا لے یعنی کِسی معاملہ میں لاپرواہی سے قسم کھا لے خواہ وہ اُس سے بے خبر بھی ہو تو بھی جب اُسے اُس کا علِم ہوگا تووہ مُجرم ٹھہرے گا۔ 5 ۵۔جب کوئی شخص اِن باتوں میں سے کِسی میں مُجرم ہو تو وہ لازماً اُس اَمر کا اِقرار کرے جِس میں اُس سے خَطا ہُوئی ہو۔ 6 ۶۔اور جو خطا اُس سے سرزد ہُوئی ہے اُس کی سزا کے طور پر وہ لازماً ریوڑ میں سے ایک مادہ بھیڑ یا بکری خطا کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے حُضور لائے اور کاہن اُس کی خطاکا کفّارہ دے دے۔ 7 ۷۔اور اگر اُسے بِھیڑ دینے کا مقدُور نہ ہو تو وہ دو قُمریاں یا کبوتر کے دو بچّے اپنی خَطا کی سزا کے طور پر خُداوند کے حُضور گُذرانے یعنی ایک خطا کی قُربانی کے لِئے اور ایک سوختنی قُربانی کے لِئے۔ 8 ۸۔وہ اُنہیں کاہن کے پاس لائے جو پہلے اُسے خطا کی قُربانی کے لِئے گُذرانے۔ وہ اُس کا سر گردن کے پاس سے مروڑ ڈالے لیکن اُسے مکمل طور پر الگ نہ کرے۔ 9 ۹۔اور خَطا کی قُربانی کا کُچھ خُون مذبح کی اطراف کے مُقابل چِھڑک دے اور باقی کاخُون مذبح کے پایہ پر بہہ جانے دے۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 10 ۱۰۔پِھر کاہن دُوسرے پرندہ کو مقررّہ طریقہ کے مُطابِق بطور سوختنی قُربانی گُذرانے اور اُس سے سَرزدہُوئے گُناہ کے لِئے کفّارہ دے تواُسے مُعافی مِلے گی۔ 11 ۱۱۔تاہم اگر اُسے دو قُمریاں یاکبُوتر کے دو بچّے لانے کا بھی مقدُور نہ ہو تو وہ اپنی خطا کے بدلے نذر کے طور پر ایفہ کے دَسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ خَطاکی قُربانی کے لِئے لائے اور وہ اُس پر تیل یا بُخور ہرگِز نہ ڈالے کیونکہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 12 ۱۲۔اور وہ اُسے کاہن کے پاس لائے جو اُس میں سے مُٹّھی بھریادگاری کے حِصّہ کے طور پر لے کر اُسے مذبح پر اُن قُربانیوں کے اُوپر رَکھ کر جلائے جو خُداوند کو آتشین قُربانیوں کے طور پر گُذرانی گئی ہوں۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 13 ۱۳۔اِس طرح کاہن اِن خطاوٗں میں سے جو اُس سے سَرزد ہُوئی ہیں کِسی خَطا کے لِئے اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی اور نذر کا باقی حِصّہ کاہن کا ہوگا جیساکہ اَناج کی نذر کا ہوتاہے۔ 14 ۱۴۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہاکہ 15 ۱۵۔ جب کوئی شخص خُداوند کی پاک چِیزوں میں سے کِسے چِیز کی بے حُرمتی کر کے غیر اِرادی طور پر خطا کرے تو بطور سزا ریوڑ میں سے ایک بے عَیب مینڈھا خُداوند کے حُضور لائے جِس کی مُناسب قیِمت چاندی میں مَقدِس کی مِثقال کے مُطابق ہو۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 16 ۱۶۔اور اُن پاک چِیزوں میں سے کِسی چیز کے بارے میں اُس سے خطا ہُوئی ہو تووہ لازماً اُس کا مُعاوضہ دے اور اُس چیز کی قیِمت کا پانچواں حِصّہ اور بڑھا کر اُسے کاہن کو دے جو اُس مینڈھے کو جُرم کی قُربانی کے طور پر چڑھا کر اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلےگی۔ 17 ۱۷۔اگر کوئی شخص اُن کاموں میں سے کوئی کام کرکے خَطا کرے جِنہیں خُداوند نے ممنُوع ٹھہرایا ہے خواہ وہ اُس سے بے خبر ہوتوبھی وہ مُجرم ہوگا اور اپنی خطا کا ذمہ ٹھہرایا جائے گا۔ 18 ۱۸۔ وہ ریوڑ میں سے مُناسب قیمت کا ایک بے عیب مینڈھا جُرم کی قُربانی کے طور پر کاہن کے پاس لائے۔ یُوں کاہن اُس کی خاطر اُس خَطاکے لِئے جو غیر اِرادی طور پر اُس سے سَرزد ہُوئی کفّارہ دے تو وہ مُعافی پائے گا۔ 19 ۱۹۔یہ جُرم کی قُربانی ہے کیونکہ وہ خُداوند کے اَحکام کے خلاف کام کرنے کے باعث مُجرم ٹھہرا ہے۔