باب۴

1 ۱۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔ بنی اِسرائیِلؔ سے کہہ کہ جب کوئی خُداوند کے منع کِئے ہُوئے کاموں میں سے کوئی کام کرے اور اُس سے غیر اِرادی طور پر خطا ہو جائے۔ 3 ۳۔ اگر ممسُوح کاہن ایسی خطا کرے جِس سے قوم مُجرم ٹھہرتی ہو تو وہ اُس خطا کے لِئے جو اُس سے سرزد ہُوئی ہے ایک بے عیب بَچھڑا خَطا کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے حضُور گُذرانے۔ 4 ۴۔ اور وہ اُس بَچھڑے کو خیمہٗ اِجتماع کے مدخل پر خُداوند کے حضُور لائے اور اُس کے سر پر ہاتھ رکھے اور اُسے خُداوند کے حضُور ذبح کرے۔ 5 ۵۔ اور پِھر ممسُوح کاہن اُس بِچھڑے کا کُچھ خُون خیمہٗ اِجتماع کے اَندر لے جائے۔ 6 ۶۔ اور وہ اُس خُون میں اپنی اُنگلی ڈبو ڈبو کر اُس خُون میں سے کُچھ مَقدِس کے پردہ کے سامنے خُداوند کے آگے سات بار چِھڑکے۔ 7 ۷۔ پِھر وہ اُس خُون میں سے کُچھ خُون لے اور اُسے خُوشبُودار بخُور کی اُس قُربان گاہ کے سینگوں پر لگائے جو خیمہٗ اِجتماع میں خُداوند کے آگے ہے اور اُس بَچھڑے کا باقی خُون وہ سوختنی قُربانی کے اُس مذبح کے پایہ پر جو خیمہٗ اِجتماع کے مدخل پر ہے، اُنڈیل دے۔ 8 ۸۔پِھر وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کی تمام چَربی کو اُس سے الگ کرے یعنی وہ چَربی جو اَنتڑیوں کے اُوپر یا اُن سے لگی ہوتی ہے۔ 9 ۹۔ اور کمر کے نزدیک دونوں گُردے اور اُن کی اُوپر کی چَربی اور جِگر کے اُوپر کی جِھلّی جِسے وہ گُردوں سمیت الگ کر لے۔ 10 ۱۰۔ بِالکُل ویسے ہی جیسے کہ اُس بچَھڑے کی چَربی الگ کی جاتی ہے جو رفاقت کے ذبیحہ کے طور پر قُربان کِیا جاتا ہے۔ پِھر وہ کاہن اُن کو سوختنی قُربانی کے مذبح پر جلا دے۔ 11 ۱۱۔ لیکن اُس بِچھڑے کی کھال اور اُس کا تمام گوشت، سر اور پائے ، اَنتڑیاں اور فُضلہ 12 ۱۲۔ یعنی باقی کا سارا بَچھڑا لازماً لشَکرگاہ سے باہر کِسی صاف کی ہُوئی جگہ جہاں راکھ پھینکی جاتی ہے، لے جائے اور اُسے راکھ کے ڈھیر پر لکڑیوں کی آگ میں جلا دے۔ 13 ۱۳۔ اور اگر بنی اِسرائیلؔ کی ساری جماعت اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے، کِسی کام کو دانستہ کر کے خطاکار ہوگئی ہو اور جماعت اُس بات سے بے خبر ہو تو بھی وہ لوگ قصُوروار ہیں۔ 14 ۱۴۔ اور جب وہ اُس خطا سے واقف ہو جائیں تو جماعت لازماً خطا کی قُربانی کے طور پر ایک بچَھڑا خیمہٗ اِجتماع کے سامنے لائے۔ 15 ۱۵۔ اور جماعت کے بُزرگ اپنے اپنے ہاتھ خُداوند کے حُضور اُس بِچھڑے کے سر پر رَکھیں اور وہ بِچھڑا خُداوند کے آگے ذبح کِیا جائے۔ 16 ۱۶۔ اور پِھر ممسُوح کاہن اُس بَچھڑے کا کُچھ خُون خیمہٗ اِجتماع میں لے جائے۔ 17 ۱۷۔ اور وہ اپنی اُنگلی اُس خُون میں ڈبو ڈبو کر اُس خُون کو پردہ کے سامنے خُداوند کے آگے سات بار چِھڑکے۔ 18 ۱۸۔اور وہ اُس خُون میں سے کُچھ خُون اُس مذبح کے سینگوں پر لگائے جو خیمہٗ اِجتماع میں خُداوند کے آگے ہے۔ اور باقی کا خُون وہ سوختنی قُربانی کے اُس مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے جو خیمہٗ اِجتماع کے مدخل پر ہے۔ 19 ۱۹۔اور اُس کی سب چَربی اُس سے الگ کر کے اُسے مذبح پر جلا دے۔ 20 ۲۰۔اور اُس بِچھڑے سے بِالکُل وہی کرے جو کہ خَطا کی قُربانی کے بَچھڑے کے ساتھ کِیا تھا۔ یوں وہ کاہن اُن کے لِئے کَفّارہ دے گا اور وہ معاف کر دئیے جائیں گے۔ 21 ۲۱۔ پِھر کاہن اُس بَچھڑے کو لَشکرگاہ سے باہر لے جائے اور اُسے جلا دے جیسے کہ اُس نے پہلے بِچھڑے کو جَلایا تھااور یہ جماعت کے لِئے خطا کی قُربانی ہے۔ 22 ۲۲۔ اور جب کوئی سردار نادانستہ طور پر خطا کرے اور خُداوند اپنے خُدا کی طرف سے منع کِئے ہُوئے کاموں میں سے کوئی کام کر کے مُجرم ہو جائے۔ 23 ۲۳۔اور جب اُسے اُس خطا سے جو اُس سے سَرزد ہُوئی آگاہ کِیا جائے تو وہ لازماً قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب بکرا لائے۔ 24 ۲۴۔اور اپنا ہاتھ اُس بَکرے کے سر پر رَکھے اور اُس اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانی کے جانور خُداوند کے آگے کِئے جاتے ہیں۔ یہ خَطا کی قُربانی ہے۔ 25 ۲۵۔اور پِھر کاہن اپنی اُنگلی کے ساتھ خَطا کی قُربانی کا کُچھ خُون لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اور باقی کا خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 26 ۲۶۔اور تمام چَربی کو مذبح پر جلا دے جیسے کہ اُس نے رِفاقت کے ذبیحہ کی چَربی کو جلایا تھا۔ اِس طرح وہ کاہن اُس آدمی کی خطا کا کفّارہ دے گے اور وہ آدمی مُعاف کر دیا جائے گا۔ 27 ۲۷۔اگر جماعت کا کوئی فرد غیر اِرادی طور پر خَطاکرے اور ایسا کام کرے جِسے خُداوند کے اَحکام کے مُطابق ممنُوع قرار دِیا گیا ہو اور وہ مُجرم ہو جائے۔ 28 ۲۸۔ اور جب اُسے اُس خَطا سے جو اُس سے سَرزد ہُوئی آگاہ کِیاجائے تو لازماً وہ اُس خَطا کے لِئے جو اُس سے سَرزد ہُوئی ایک بے عَیب بکری لائے۔ 29 ۲۹۔اور اپنا ہاتھ خَطا کی قُربانی کے جانور کے سَر پر رَکھے اور اُسے سوختنی قُربانی کی جگہ پر ذبح کرے۔ 30 ۳۰۔ اور پِھر وہ کاہن اُس خُون میں سے کُچھ اپنی اُنگلی پر لے کر سوختنی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اور باقی کا خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 31 ۳۱۔اور وہ تمام چَربی کو الگ کرے بِالکُل اُسی طرح جیسے کہ رِفاقت کے ذبیحہ کی چَربی الگ کی جاتی ہے اور اُسے مذبح پر رکھ کر خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کے طور پر جلا دے۔ اِس طرح وہ کاہن اُس کے لِئے اُس خطا کا جو اُس سے سَر زدہُوئی کفّارہ دے گا اور وہ معاف کردِیا جائے گا۔ 32 ۳۲۔اور اگر وہ بطور خَطاکے قُربانی کوئی برّہ لائے تو وہ بے عَیب مادہ لائے۔ 33 ۳۳۔اور وہ اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھّے اور وہ اُسے خَطا کی قُربانی کے طور پر اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ 34 ۳۴۔اور پِھر کاہن اپنی اُنگلی سے خَطا کی اُس قُربانی کا کُچھ خُون لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سیِنگوں پر لگائے اور باقی کا خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 35 ۳۵۔اور وہ تمام چَربی کو الگ کرے بِالکُل ویسے ہی جیسے رفاقت کے ذبیحہ کے برّہ کی چَربی الگ کی جاتی ہے۔ اور کاہن اُسے مذبح پر خُداوند کی آتشین قُربانیوں کے اُوپر رکھ کر جلادے۔ اِس طرح کاہن اُس کے لِئے اُس خَطاکا جو اُس سے سرزَد ہُوئی کفّارہ دے گا اور وہ مُعاف کر دِیا جائے گا۔