1 ۱۔ اگر کِسی کی نذر رفاقت کے ذبیحہ کے طور پر ہو اور وہ گلّہ میں سے کِسی جانور یعنی گائے بَیل کو چاہے وہ نَرہو یا مادہ، نذر کرے تو وہ ضرُور بے عیب ہو اور ایسا جانور ہی خُداوند کے حضُور قُربان کِیا جائے۔ 2 ۲۔ اور وہ اپنا ہاتھ اپنی نذر کے جانور کے سر پر رَکھے اور خیمہ اِجتماع کے مدخل پر اُسے ذبح کرے۔ اور پِھر ہارُونؔ کے بیٹے جو کاہن ہیں اُس کے خُون کو مذبح کے مُقابل تمام اطراف میں چِھڑک دیں۔ 3 ۳۔ اور وہ رفاقت کے ذبیحہ میں سے آتشین قُربانی گُذرانے یعنی وہ تمام چربی جو اَنتڑیوں پر ہو یا اُن کے ساتھ لگی ہُوئی ہو۔ 4 ۴۔ اور کمر کے قریب دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چَربی اور جِگر کے اُوپر کی جِھلّی جِسے وہ گُردوں کے ساتھ ہی الگ کرے۔ 5 ۵۔ پِھر ہارُونؔ کے بیٹے اُنہیں مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جو کہ جَلتی لکڑیوں کے اُوپر ہو، جلا دیں۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت اَنگیز خُوشبُو والی آتشین قُربانی ہے۔ 6 ۶۔ اور اگر وہ اپنے ریوڑ کی بھیڑ بکریوں میں سے کوئی جانور رفاقت کے ذبیحہ کے طور پر خُداوند کے حُضور لائے تو وہ بے عیب نَر مادہ کو نذر کرے۔ 7 ۷۔ اگر وہ برّہ نذر کرنا چاہے تووہ اُسے خُداوند کے حُضور لائے۔ 8 ۸۔ اور وہ قُربانی والے جانور کے سر پر اپنا ہاتھ رَکھے اور اُسے خیمہٗ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے۔اور پِھر ہارُونؔ کے کاہن بیٹے اُس کے خُون کو مذبح کے مُقابِل تمام اَطراف میں چِھڑک دیں۔ 9 ۹۔ اور کاہن رفاقت کے ذبیحہ میں سے خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی پیش کرے یعنی اُس کی پُوری چَربی بھری دُم کو وہ ریڑھ کی ہڈّی کے پاس سے الگ کرے اور اَنتڑیوں کے اُوپر کی یا اُن کے ساتھ لگی ہُوئی تمام چَربی، 10 ۱۰۔ کَمر کے قریِب دونوں گُردے اور اُن کی چَربی اور جِگر کے اُوپر کی جِھلّی جِسے وہ گُردوں سمیت الگ کرے۔ 11 ۱۱۔اور کاہن اُن کو بطور غذا، مذبح پر جلائے۔ یہ خُداوند کے لِئے ایک آتشین قُربانی ہوگی۔ 12 ۱۲۔ اگر اُس کی نذر بکرا یا بکری ہو تو وہ اُسے خُداوند کے حضُور لائے۔ 13 ۱۳۔ اور اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھے اور اُسے خیمہٗ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے۔ اور ہارُونؔ کے بیٹے اُس کا خُون مذبح پر چاروں طرف چِھڑک دیں۔ 14 ۱۴۔ اور جو کُچھ وہ نذر کرے اُس میں سے وہ خُداوند کے لِئے یہ بطور آتشین قُربانی پیش کرے: اَنتڑیوں کے اُوپر کی یا اُن سے لگی ہُوئی تمام چَربی۔ 15 ۱۵۔ کَمر کے نزدیِک دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چَربی اور جِگر کے اُوپر کی جِھلّی جِسے وہ گُردوں سمیت اَلگ کر لے۔ 16 ۱۶۔ اور کاہن اُن کو بطور غذا مذبح پر جَلادے۔یہ ایک آتشین قُربانی اور راحت انگیز خُوشبُو ہے۔ ساری چَربی خُداوند کی ہے۔ 17 ۱۷۔ اور جہاں بھی تُم رہو تُمہاری آیندہ نَسلوں کے لِئے یہ ایک دائمی قانُون ہوگا کہ تُم چَربی اور خُون ہرگِز نہ کھانا۔