باب۲

1 ۱۔ جب کوئی خُداوند کے لِئے اَناج کو بطور نذر پیش کرے تو وہ مَیدہ لا کر چڑھائے اور اُس میں تیل ڈال کر اُس کے اُوپر لُبان رکھے۔ 2 ۲۔ وہ اُسے ہارُونؔ کے کاہن بیٹوں کے پاس لائے۔ تب کاہن تیل مِلے ہُوئے مَیدہ میں سے مُٹّھی بھر مَیدہ لُبان سمیت لے کر اُسے یادگار کے طور پر مذبح کے اُوپر جلا دے۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت اَنگیز خُوشبُو والی آتشین قُربانی ہوگی۔ 3 ۳۔ اُس اَناج کی قُربانی میں سے جو کُچھ باقی رہ جائے وہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کا ہوگا۔ یہ خُداوند کی پیش کی جانے والی آتشین قُربانیوں کا پاک ترین حِصّہ ہے۔ 4 ۴۔ اگر تُو تنور میں پَکائے ہُوئے اَناج کی نذر لائے تو وہ تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے بے خمیری کُلچے یا تیل چُپڑی ہُوئی بے خیمری چپاتیاں ہوں۔ 5 ۵۔ اور اگر تیرے اَناج کی نذر توے پر پکائی گئی ہو تو وہ تیل مِلے مَیدہ کی ہو جِس میں خمیِر نہ مِلا ہو۔ 6 ۶۔اُسے ٹکڑے ٹُکڑے کر کے اُس پر تیل ڈالنا اور وہ اَناج والی نذر ہوگی۔ 7 ۷۔ اگر تیری اَناج کی نذر کڑاہی میں تَلی گئی ہو تو وہ مَیدہ اور تیل سے بنائی جائے۔ 8 ۸۔ تُو اُن چیزوں کی بنی ہُوئی اناج کی نذر خُداوند کے حُضور لاکر کاہن کو پیش کرنا تاکہ وہ اُسے مذبح کی طرف لے جائے۔ 9 ۹۔ اور اناج کی اُس نذر میں سے یادگاری کا حِصّہ لے کر اُسے بطور آتشین قُربانی مذبح پر جلا دے جو خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبو ہوگی۔ 10 ۱۰۔ اور اناج کی نذر سے جو باقی بچے وہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کا ہوگا۔ خُداوند کو آتشین قُربانی پیش کرنے کا یہ پاک ترین حِصّہ ہو گا۔ 11 ۱۱۔ اور اناج کی ہر ایک نذر جو خُداوند کے حُضور لائی جائے وہ خمیر کے بغیر ہو۔ تُم خُداوند کو آتشین قُربانی پیش کرتے وقت اُس میں خمیر اور شہد مِلا کر کبھی مَت جلانا۔ 12 ۱۲۔ تُم اُنہیں پہلے پھلوں کی نذر کے طور پر خُداوند کے حُضور لا سکتے ہو لیکن وہ بطور راحت انگیز خُوشبُو مذبح پر نہ چڑھائے جائیں۔ 13 ۱۳۔ اور اپنی تمام اناج والی نذروں کو نمکین بنانا۔ اور اَناج کی کِسی نذر کو اپنے خُدا کے عہد کے نمک کے بغیر نہ رہنے دینا۔ ساری نذریں نمک کے ساتھ چڑھائی جائیں۔ 14 ۱۴۔ اور اگر تُم اناج کے پہلے پھلوں کی نذر خُداوند کے حُضور لاوٗ تو اُن کی بالیں مَسل کر دانے نکالنا اوراُنہیں آگ میں بُھون کر نذر چڑھانا۔ 15 ۱۵۔ اور اُس پر تیل اور بخُور ڈالنا۔ یہ اَناج کی چڑھائی جانے والی نذر ہے۔ 16 ۱۶۔ اور کاہن مَسل کر نِکالے ہُوئے اَناج، تیل اور سارے بخُور کے یادگاری حِصّہ کو جلا دے تاکہ یہ خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہو۔