1 ۱۔اور ہارُونؔ کے بیٹوں ندبؔ اور اَبیہوؔ نے اپنے اپنے بخُوردان لے کر اُن میں آگ بَھری اور مزید بخُور ڈالا اور اُنہوں نے خُداوند کے حُکم کے خلاف اُس کے حُضور ناواجب آگ پیش کی۔ 2 ۲۔لٰہذا خُداوند کی حُضوری سے آگ نِکلی جِس نے اُنہیں بَھسم کر دِیا اور وہ خُداوند کے سامنے ہی مَر گئے۔ 3 ۳۔تب مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ سے کہا: یہ خُداوند کے اُس قول کے مُطابق ہے "لازم ہے کہ اُن لوگوں پر جو میرے قریِب آئیں، مَیں اپنے تقّدُس کو ظاہر کرُوں۔ تب سب لوگوں کے سامنے میری تمجید ہوگی۔" اور ہارُونؔ چُپ رہ گیا۔ 4 ۴۔اور مُوسیٰؔ نے ہارُون کے چچا عُزّی ایلؔ کے بیٹوں میسائیلؔ اور الصفنؔ کو بُلا کر اُنہیں کہا کہ یہاں آو اور اپنے چچازاد بھائیوں کو مَقدِس کے سامنے سے دُور لشکر گاہ کے باہر لے جاو۔ 5 ۵۔لٰہذا وہ آئے اور اُنہیں جو اَبھی تک اپنے کُرتوں میں تھے، اُٹھا کر لشکرگاہ سے باہر لے گئے جیسا مُوسیٰؔ نے حُکم دِیاتھا۔ 6 ۶۔تب مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں الیِعزرؔ اور اِتمرؔ سے کہا کہ نہ تو اپنے سر کے بال بِکھرنے دینا اور نہ ہی اپنے کپڑے پھاڑنا وَرنہ تُم مَر جاو گے اور خُداوند ساری جماعت سے ناراض ہوگا۔لیکن تُمہارے رِشتہ دار اور بنی اِسرائیِلؔ کا سارا گَھرانا اُن لوگوں کے لِئے جِنہیں خُداوند نے آگ سے ہلاک کِیا ہے، نوحہ کر سکتے ہیں۔ 7 ۷۔اور تُم خیمہِ اِجتماع کے مدخل کو ہرگِز نہ چھوڑنا وَرنہ تُم مَر جاوگے کیونکہ خُداوند کا مَسح کرنے کا تیل تُم پر لگا ہُوا ہے۔ لٰہذا جیسا مُوسیٰؔ نے کہا اُنہوں نے ویسا ہی کِیا۔ 8 ۸۔پِھر خُداوند نے ہارُونؔ سے کہاکہ 9 ۹۔تُم اور تُمہارے بیٹے مَے یا شراب پی کر کَبھی خیمہ اِجتماع کے اَندر داخل نہ ہونا ورنہ تُم مَر جاو گے۔یہ فرمان پُشت در پُشت جاری رہے گا۔ 10 ۱۰۔اور تُم لازماً مُقدّس اور عام اَشیاء اور پاک اور ناپاک میں اِمتیاز کرنا۔ 11 ۱۱۔اور تُم بنی اِسرائیِلؔ کو اُن تمام احکام کی جو خُداوند نے مُوسیٰؔ کی معرفت دِئیے ہیں، تعلیِم دینا۔ 12 ۱۲۔اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے باقی ماندہ بیٹوں الیِعزرؔ اور اِتمرؔ سے کہا کہ خُداوند کو پیش کی گئی آتشین قُربانیوں میں سے اناج کی قُربانی کو جو بچی رہی لے کر مذبح کے پاس بغیر خمیر پکا کر کھا لو کیونکہ یہ نہایت ہی پاک ہے۔ 13 ۱۳۔اور اُس کو کسی پاک جگہ میں کھاؤ کیونکہ خُداوند کو پیش کی گئی آتشین قُربانیوں میں سے یہ تیرا اور تیرے بیٹوں کا حِصّہ ہے۔ کیونکہ مُجھے ایسا ہی حُکم دِیا گیا ہے۔ 14 ۱۴۔لیکن تُم لوگ یعنی تیرے بیٹے اور بیٹیاں اُس قُربانی کے سینہ کو جو ہلایا گیا تھا اور اُس ران کو جو قُربانی کے طور پر پیش کی گئی تھی، کھا سکتے ہو۔ لیکن اُنہیں کِسی رسمی طور پر پاک کی گئی جگہ میں کھانا۔ وہ تُمہیں اور تُمہارے بچّوں کو بنی اِسرائیلؔ کی رفاقت کی قُربانیوں میں سے تُمہارے حِصّہ کے طور پر دِئیے گئے ہیں۔ 15 ۱۵۔قُربانی کی ران اور قُربانی کا سینہ جو ہلایا گیا اُنہیں لازماً چَربی کی آتشین قُربانیوں کے ساتھ لایا جائے تاکہ اُنہیں ہلانے کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے آگے ہلایا جائے۔ اور جیسا خُداوند نے حُکم دِیا ہے یہ تُمہارا اور تُمہارے بچّوں کا باقاعدہ حِصّہ ہوگا۔ 16 ۱۶۔جب مُوسیٰؔ نے خَطا کی قُربانی کے بَکرے کے مُتعلق پُوچھا اور اُسے معلُوم ہُوا کہ اُسے جلا دِیا گیا تو وہ ہارُونؔ کے باقی ماندہ بیٹوں، الیِعزرؔ اور اِتؔمر پر ناراض ہُوا اور اُن سے پُوچھا کہ 17 ۱۷۔تُم نے خطا کی قُربانی کے گوشت کو مَقدِس کے اندر کیوں نہ کھایا؟ یہ نہایت ہی پاک ہے۔ یہ تُمہیں اِس لِئے دِیا گیا تھا کہ تُم جماعت کے لِئے خُداوند کے آگے کفّارہ دے کر جماعت کے گُناہ کو اپنے اُوپر اُٹھا لو۔ 18 ۱۸۔چُونکہ اُس کا خُون مُقدّس جگہ میں لایا ہی نہیں گیا تھا اِس لِئے اُس بکرے کو تُمہیں مَقدِس کے اندر ہی کھا لینا چاہیے تھا جیسا مَیں نے حُکم دِیا تھا۔ 19 ۱۹۔ہارُونؔ نے مُوسیٰؔ کو جواب دِیا کہ آج اُنہوں نے اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی خُداوند کے آگے پیش کی لیکن مَیں ایسے حادثوں سے پہلے بھی دوچار ہو چُکا ہُوں۔ اگر مَیں آج سوختنی قُربانی کھا لیتا تو کیا خُداوند مُجھ سے خُوش ہو جاتا؟ 20 ۲۰۔جب مُوسیٰؔ نے یہ بات سُنی تووہ مُطمئن ہوگیا۔