باب۱۱

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیِلؔ سے کہو کہ زمین کے سب جانوروں میں سے جِن جِن کو تُم کھا سکتے ہو یہ ہیں: 3 ۳۔تُم کِسی بھی جانور کو جس کے کُھر الگ یعنی چِرے ہُوے ہوں اور جو جگالی کرتا ہو، کھا سکتے ہو۔ 4 ۴۔کُچھ جانور ایسے ہیں جو صِرف جُگالی کرتے ہیں یا جن کے صرف پاؤں ہی چِرے ہُوئے ہیں، تُم اُنہیں ہرگز نہ کھانا۔ مثلاً اُونٹ جو جُگالی تو کرتا ہے لیکن اُس کے پاؤں چِرے ہُوئے نہیں ہیں، تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 5 ۵۔ اور سافان اگرچہ جُگالی کرتا ہے لیکن اُس کے پاؤں چِرے ہُوئے نہیں ہیں لَہذا وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 6 ۶۔اور خرگوش اگرچہ جُگالی کرتا ہے لیکن اُس کے پاؤں چِرے ہُوئے نہیں ہیں لٰہذا وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 7 ۷۔اور سُؤر اگرچہ اُس کے پاؤں الگ یعنی چِرے ہُوئے ہیں لیکن وہ جُگالی نہیں کرتا، وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 8 ۸۔تُم اُن کا گوشت ہرگز نہ کھانا اور اُن کی لاشوں کو بھی مت چُھونا کیونکہ وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ 9 ۹۔ اور سمندروں اور نِدیوں میں رہنے والے تمام جانوروں میں سے تُم اُنہیں کھا سکتے ہو جن کے پر اور چِھلکے ہُوں۔ 10 ۱۰۔لیکن سمندروں اور ندیوں کے وہ جانور جِن کے پر اور چِھلکے نہ ہوں خواہ وہ جُھنڈ بنا کر تیرتے ہوں یا وہ پانی کی دِیگر زِندہ مخلُوقات میں سے ہوں، تُم اُنہیں مکرُوہ سمجھنا۔ 11 ۱۱۔اور چُونکہ وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں لٰہذا تُم اُن کا گوشت ہرگِز مت کھانا اور اُن کی لاشوں کو ہرگِز نہ چُھونا۔ 12 ۱۲۔پانی میں رہنے والی ہر ایک چیز جِس کے پَر اور چِھلکے نہ ہوں، وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہے۔ 13 ۱۳۔اور جِن پرندوں کے مکرُوہ ہونے کے باعث تُمہیں اُن سے کراہیت کرنا ہے اور جِنہیں کھانا بھی نہیں چاہیے وہ یہ ہیں: عُقاب، گِدھ، کالا گِدھ، 14 ۱۴۔سُرخ چِیل اور ہر قسم کے باز۔ 15 ۱۵۔تمام اقسام کے کوّے 16 ۱۶۔شُتر مُرغ ، چُغد، کوکل اور ہر قِسم کے شِکرے۔ 17 ۱۷۔ چھوٹا اُلّو، ہڑگیلا، بڑا اُلّو، 18 ۱۸۔سفید اُلّو، بڑی چونچ اور حواصل، 19 ۱۹۔لق لق، ہر قِسم کے بگلے، ہُد ہُد اور چمگادڑ۔ 20 ۲۰۔ اور تمام پَروں والے کیڑے جو چار پاؤں کے بَل چلتے ہیں، تُمہارے لِئے مکروہ ہیں۔ 21 ۲۱۔تاہم کُچھ پَردار جاندار ایسے ہیں جو چاروں پاؤں کے بَل چلتے ہیں اُنہیں تُم کھا سکتے ہو یعنی اُن جانداروں کو جِن کی زمین پر کُودنے اور پھاندنے کے لِئے جوڑ دار ٹانگیں ہیں۔ 22 ۲۲۔ ایسے جانداروں میں سے تُم ہر قسم کی ٹِڈی، ہر قِسم کا سُلعام، جھینگر یا ٹِڈّا کھا سکتے ہو 23 ۲۳۔مگر دیگر تمام پردار جاندار جِن کی چار ٹانگیں ہوں تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔ 24 ۲۴۔تُمہیں ناپاک کر دینے والی چیزیں یہ ہیں اور جو کوئی اُن کی لاش کو چُھوئے گا وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 25 ۲۵۔اور جو کوئی اُن کی لاشوں میں سے کِسی کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور شام تک وہ ناپاک رہے گا۔ 26 ۲۶۔ ہر ایک جانور جِس کا کُھر یا پاؤں پھٹا ہو لیکن پُوری طرح الگ نہ ہو اور جُگالی نہ کرتا ہو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہے اور جو کوئی اُن میں سے کِسی کی لاش کو چُھوئےگا، ناپاک ہو جائےگا۔ 27 ۲۷۔اور چاروں پاؤں کے بَل چلنے والے تمام جانوروں میں سے وہ جو پنجوں کے بَل چلتے ہیں، تُمہارے لِئے ناپاک ہیں اور جو کوئی اُن کی لاشوں کو چُھوئے گا وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 28 ۲۸۔جو کوئی اُن کی لاشیں اُٹھائے وہ اپنے کپڑے ضرُور دھوئے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا کیونکہ وہ جانور تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ 29 ۲۹۔زمین پر رینگنے والے جانوروں میں سے یہ جانور تُمہارے لِئے ناپاک ہیں: راسُو (ایک قِسم کا نیولا)، چُوہا، اور ہر قِسم کی بڑی چِھپکلی، 30 ۳۰۔حِرذُون (ایک قِسم کی چِھپکلی)، گوہ، دیوار پر رہنے والی چِھپکلی، سانڈا اور گِرگٹ۔ 31 ۳۱۔اُن تمام میں سے جو زمین پر رینگ کر چلتے ہیں یہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ جو کوئی اُن مَرے ہُوئے جانوروں کو چُھوئے گا وہ شام تک ناپاک رہےگا۔ 32 ۳۲۔جب اُن جانداروں میں سے کوئی مَرا ہُوا جانور کِسی چیز پر گِر پڑے جو کِسی بھی کام کے لِئے اِستعمال ہوتی ہو، چاہے وہ لکڑی، کپڑے، کھال یا سَن کی بنی ہو، ناپاک ہو جائےگی۔ لٰہذا اُسے پانی میں ڈال دو اور شام تک وہ ناپاک رہے گی اور اُس کے بعد پاک ہو گی۔ 33 ۳۳۔اور اگر اُن میں سے کوئی کِسی مِٹّی کے برتن میں گِر جائے تو اُس کے اَندر کی ہر ایک چیز ناپاک ہو جائے گی۔ لٰہذا تُم اُس برتن کو توڑ ڈالنا۔ 34 ۳۴۔اور اگر کسی خُوردنی چیز پر ایسے برتن کا پانی پڑ جائے تو وہ بھی ناپاک ہے ۔ اور اگر ایسے برتن میں پینے کے لِئے کُچھ ہو تو وہ بھی ناپاک ہوگا۔ 35 ۳۵۔اور جِس چیز پر اُن کی لاشوں میں سے کوئی لاش گِرے وہ ناپاک ہوگی۔ اگر وہ چیز تندُور یا ہانڈی ہو تو اُسے ضرُور توڑ دِیا جائے۔ وہ ناپاک ہیں اور تُم اُنہیں ناپاک ہی سمجھو۔ 36 ۳۶۔تاہم ایک چشمہ یا پانی جمع کرنے کا حَوض پاک ہی رہتا ہے۔ لیکن جو کوئی اُن لاشوں میں سے کِسی کو چُھوئے وہ ناپاک ہے۔ 37 ۳۷۔اگر کوئی لاش ایسے بیجوں پر گِرے جو بونے کے لِئے ہوں تو وہ پاک رہیں گے۔ 38 ۳۸۔لیکن اگر بیج پر پانی ڈالا گیا ہو اور اُس پر کوئی لاش گِر پڑے تو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہوگا۔ 39 ۳۹۔اگر کوئی جانور جِس کے کھانے کی تُمہیں اجازت ہے، مَر جائے تو جو کوئی اُس کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 40 ۴۰۔اور جو کوئی اُس لاش میں سے کُچھ کھائے وہ اپنے کپڑے ضرُور دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اور جو کوئی اُس لاش کو اُٹھائے وہ بھی اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 41 ۴۱۔ہر ایک جاندار جو زمین پر رینگتا پِھرتا ہے، مکُروہ ہے اُسے ہرگِز کھایا نہ جائے۔ 42 ۴۲۔تُم کِسی جاندار کو جو زمین پر رِینگتا پِھرتا ہے خواہ وہ پیٹ کے بَل رِینگتا ہو یا چاروں پاؤں کے یا کثیر پاؤں کے بَل چلتا ہو، ہرگِز نہ کھانا کیونکہ وہ مکرُوہ ہے۔ 43 ۴۳۔اِن جانداروں میں سے کِسی جاندار کے باعث تُم اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا۔ تُم اُن کے باعث اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا تاکہ نجس نہ ہو جاؤ۔ 44 ۴۴۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ اپنی تقدِیس کرو اور پاک بنو کیونکہ مَیں پاک ہُوں۔ لٰہذا تُم زمیِن پر کِسی بھی رینگنے والے جاندار کے باعث اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔ 45 ۴۵۔مَیں خُداوند ہُوں جو تُمہارا خُدا ہونے کے لِئے تُمہیں مِصؔر سے نِکال لایا۔ اِس لِئے پاک بنو کیونکہ مَیں پاک ہُوں۔ 46 ۴۶۔حَیوانات ، پَرندوں، آبی جانوروں اور زمین پر رینگنے والے سب جانوروں کے بارے میں قوانین یہی ہیں۔ 47 ۴۷۔اور تُم ناپاک اور پاک میں اورکھائے جانے والے اور نہ کھائے جانے والے زِندہ جانوروں میں ضرُور اِمتیاز کرنا۔