1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ سے کہہ کہ اگر کوئی عورت حاملہ ہو اور لڑکا جَنے تو وہ سات دِن تک ناپاک سمجھی جائے گی جیسے کہ وہ حَیض کے ایّام کے دوران ناپاک رہتی ہے۔ 3 ۳۔اور آٹھویں دِن اُس لڑکے کا ختنہ کِیا جائے۔ 4 ۴۔اور پِھر وہ عورت خُون کے جریان سے پاک ہونے کے لِئے تینتیس دِن تک اِنتظار کرے اور لازماً وہ اپنی طہارت کے دِن پُورے ہونے تک کِسی مُقدّس چیز کو ہرگز نہ چُھوئے اور نہ ہی مَقدِس میں جائے۔ 5 ۵۔اور اگر وہ ایک لڑکی کو جَنے تووہ عورت دو ہفتوں تک ناپاک سمجھی جائے گی جیسے کہ حیض کے ایّام کے دوران۔ اور پِھر وہ جریانِ خُون سے صاف ہونے کے لِئے چِھیاسٹھ دِن تک اِنتظار کرے۔ 6 ۶۔اور جب لڑکے یا لڑکی کے لِئے اُس کی طہارت کے دِن پُورے ہو جائیں تو وہ سوختنی قُربانی کے لِئے یکسالہ بّرہ اور خطا کی قُربانی کے لِئے کبوتر کا ایک بچّہ یا ایک قُمری خیمۂ اِجتماع کے دروازہ پر کاہن کے پاس لائے۔ 7 ۷۔اور کاہن اُن کو اُس عورت کا کفّارہ دینے کے لِئے خُداوند کے حُضور میں پیش کرے۔ تب وہ اپنے جریانِ خُون سے رسماً پاک ہوگی۔ اُس عورت کے لِئے جو لڑکے کو یا لڑکی کو جنے، قوانین یہ ہیں: 8 ۸۔اگر اُس کو بَرّہ لانے کا مقدُور نہ ہو تو وہ دو قُمریاں یا کبوتر کے دو بچّے لائے، ایک سوختنی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا خطا کی قُربانی کے لِئے۔ کاہن اُس کے لِئے کفّارہ دے گا اور وہ پاک ٹھہرے گی۔