باب۱۳

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا: 2 ۲۔اگرکِسی کی جِلد پر سُوجن، سُرخ باد یا سفید چمکِیلا داغ ہو جو جِلد کی کِسی بیماری کا باعث بن سکتا ہو تو ایسے شخص کو لازماً ہارُونؔ کاہن کےپاس یا اُس کے بیٹوں میں سے کِسی بیٹے کے پاس جو کاہن ہو، لایا جائے۔ 3 ۳۔اور وہ کاہن اُس کی جِلد پر اُس داغ کی جانچ کرے۔اگر اُس داغ میں بال سفید ہو گئے ہوں اور وہ جِلد سے زیادہ گہرا دِکھائی دے تو وہ جِلد کی کوئی متعدّی بیماری ہے۔ اور جب کاہن اُس کی جانچ کر چُکے تووہ رسمی طور اُس کے ناپاک ہونے کا اعلان کر دے۔ 4 ۴۔اور اگر اُس کی جِلد پر سفید داغ ہو لیکن وہ جِلد سے گہرا نہ ہو اور اُس کے اَندر کے بال سفیدنہ ہُوئے ہوں تو کاہن متعدّی بیماری سے مُتاثر شخص کو سات دِن تک علیحدہ رکھے۔ 5 ۵۔اور ساتویں دِن کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر وہ دیکھے کہ اُس زخم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوُئی اور وہ جِلد پر نہیں پھیلا تووہ اُس کو مزید سات دِن علیحدگی میں رکھے۔ 6 ۶۔اور ساتویں دِن وہ کاہن اُس کی پِھر جانچ کرے اور اگر اُس داغ کا رنگ پِھیکا پڑ گیا ہو اور وہ جِلد پر مزید نہ پھیلا ہو تو کاہن اُسے پاک قرار دے کیونکہ وہ داغ محض سُرخ باد ہے۔ وہ آدمی پاک ہونے کے لِئے اپنے کپڑے ضرُور دھو ڈالے۔ 7 ۷۔لیکن اگر وہ سُرخ باد اُس کے بعد جب اُس نے پاک قرار دِئیے جانے کے لِئے اپنے آپ کو کاہن کو دِکھایا، اُس کی باقی جِلد پر پھیل جائے تو وہ کاہن کے سامنے پِھر حاضر ہو۔ 8 ۸۔اور کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر وہ سُرخ باد جِلد پر پھیل گیا ہو تووہ اُس کے ناپاک ہونے کا اعلان کرے کیونکہ یہ ایک متعدّی بیماری ہے۔ 9 ۹۔جب بھی کِسی کو جِلد کی کوئی متعدّی بیماری ہو تووہ لازمی طور پر کاہن کے پاس لایا جائے۔ 10 ۱۰۔اور کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر جِلد میں سفید سُوجن ہو جِس نے بالوں کو سفید کر دِیا ہو اور اگر اُس سُوجن میں کِچّا گوشت ہو۔ 11 ۱۱۔تو یہ جِلد کا ایک پُرانا مَرض ہے لٰہذا کاہن اُس کے ناپاک ہونے کا اعلان کرے اور اُسے علیحدگی میں نہ رَکھّے کیونکہ وہ پہلے ہی ناپاک ہے۔ 12 ۱۲۔اور اگر وہ بیماری یکایک اُس کی تمام جِلد پر پھیل جائے اور جہاں تک کاہن دیکھ سکے وہ متاثرہ شخص کی ساری جِلد پر سرسے پاؤں تک پھیلی ہو 13 ۱۳۔تو وہ اُس شخص کے پاک ہونے کا اعلان کرے کیونکہ وہ سارا سفید ہو گیا ہے لٰہذا وہ پاک ہے۔ 14 ۱۴۔لیکن جب بھی اُس پر کچّا گوشت دِکھائی دے تو وہ ناپاک ہوگا۔ 15 ۱۵۔اور جب کاہن اُس کِچّے گوشت کو دیکھے تو وہ اُس شخص کو ناپاک قرار دے۔وہ کَچّا گوشت ناپاک ہے اور وہ متعدّی بیماری میں مُبتلا ہے۔ 16 ۱۶۔اور اگر اُس کَچّے گوشت کا رنگ سفید ہو جائے تووہ شخص کاہن کے پاس جائے۔ 17 ۱۷۔اور کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر وہ زخم سفید ہو گئے ہوں تو کاہن مُتاثرہ شخص کو پاک قرار دے تب وہ پاک ہوگا۔ 18 ۱۸۔اگر کِسی کی جِلد پر کوئی پھوڑا ہو اور وہ ٹھیک ہو جائے 19 ۱۹۔اور اُس پھوڑے کی جگہ پر سفید سُوجن یا سُرخی مائل داغ دِکھائی دے تو وہ لازماً اپنے آپ کو کاہن کے رُوبرُو پیش کرے۔ 20 ۲۰۔کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر وہ داغ جِلد سے گہرا دِکھائی دے اور اُس پر بال سفیدہوگئے ہیں تو کاہن اُس شخص کو ناپاک قرار دے یہ جِلد کا ایک متعدّی مَرض ہے یعنی کوڑھ جو اُس پھوڑے کی جگہ پُھوٹ پڑاہے۔ 21 ۲۱۔لیکن اگر اُس وقت جب کاہن اُس کی جانچ کر رہا ہو وہاں کوئی سفید بال نہ ہو اور وہ داغ جِلد سے گہرا نہ ہو اور اُس کا رنگ ماند پڑ گیا ہو تو کاہن اُسے دُوسروں سے سات دِن تک علیحدہ رکھے۔ 22 ۲۲۔اوراگر وہ جِلد پر پھیل رہا ہو تو کاہن اُسے ناپاک قرار دے کیونکہ وہ متعدّی مَرض ہے۔ 23 ۲۳۔لیکن اگر اُس داغ میں کوئی تبدیلی نہ ہُوئی ہو اوروہ پھیلا بھی نہ ہو تو یہ پھوڑے کا داغ ہے اور کاہن اُس شخص کو پاک قرار دے۔ 24 ۲۴۔جب کِسی کی جِلد پر جلنے کا داغ ہو اور جلنے کا وہ داغ کَچّے گوشت میں سُرخی مائل سفید نظر آنے لگے۔ 25 ۲۵۔تو کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر اُس داغ کے اندر بال سفیدہوگئے ہوں اور وہ جِلد سے گہرا دِکھائی دے تو یہ ایک قسم کا کوڑھ ہے جو اُس جَلنے کے داغ میں پُھوٹ پڑا ہے لٰہذا کاہن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ اُسے جِلد کی متعدّی بیماری ہوگئی ہے۔ 26 ۲۶۔لیکن اگر کاہن اُس کی جانچ کرتا ہے اور اُس داغ میں سفید بال نہیں پاتا اور نہ وہ جِلد سے گہرا ہے اور اُس کارنگ بھی ماند پڑگیا ہے تو کاہن اُس شخص کو سات دِن کے لِئے دُوسروں سے علیحدہ رکھے۔ 27 ۲۷۔اور ساتویں دِن کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر اُس کا داغ جِلد پر پھیل رہا ہو تو کاہن اُس کو ناپاک قرار دے۔ وہ جِلد کی متعدّی بیماری کا شکار ہے۔ 28 ۲۸۔اور اگر اُس داغ میں کوئی تبدیلی نہ ہُوئی ہو اور وہ جِلد میں نہ پھیلا ہو اور اُس کا رنگ ماند ہو گیا ہو تو یہ محض سُوجن ہے جو جل جانے کے باعث پیدا ہو گئی ہے۔ لٰہذا کاہن اُس کو پاک قرار دے کیونکہ وہ محض جل جانے کا داغ ہے۔ 29 ۲۹۔اور اگر کِسی مرد یا عورت کے سر پر یا ٹھوڑی پر زخم ہو 30 ۳۰۔تو کاہن اُس زخم کی جانچ کرے اور اگر وہ جِلد سے گہرا نظر آئے اور اُ میں زرد اور بارِیک رونگٹے دِکھائی دیں تو کاہن اُس شخص کو ناپاک قرار دے۔ یہ کوئی خارش ہے اور سر اور ٹھوڑی کا کوئی متعدّی مَرض ہے۔ 31 ۳۱۔لیکن اگر جانچ کے وقت کاہن کو پتا چلے کہ وہ داغ جِلد سے گہرا نہیں اور نہ ہی اُس میں کوئی کالا بال ہے تو کاہن مُتاثرہ شخص کو سات دِن کے لِئے دُوسروں سے علیحدہ رکھے۔ 32 ۳۲۔ساتویں دِن کاہن اُس زخم کی جانچ کرے اور اگر خارش پھیلی نہ ہو اور زخم میں کوئی زرد بال نہ ہو اور نہ ہی وہ جِلد سے گہرا نظر آئے 33 ۳۳۔تو بیماری سے مُتاثرہ حِصّہ کو چھوڑ کر اُس کے بال ضُرور مونڈ دِئیے جائیں اور کاہن اُسے مزید سات دِن علیحدہ رَکھّے۔ 34 ۳۴۔ساتویں دِن کاہن اُس خارِش کی جانچ کرے اور اگر وہ پھیلی نہ ہو اور نہ ہی جِلد سے گہری معلُوم ہو تو کاہن اُسے پاک قرار دے اور وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پاک ہو جائے۔ 35 ۳۵۔لیکن اگر پاک قرار دِئیے جانے کے بعد اُس کی خارِش جِلد پر پھیل جائے 36 ۳۶۔تو کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر وہ خارِش جِلد پر پھیل چُکی ہو تو کاہن کو زرد بال دیکھنے کی ضرُورت نہیں، وہ شخص ناپاک ہے۔ 37 ۳۷۔اگر خارِش کارنگ تبدیل نہیں ہُوا اور اُس میں کالے بال اُگ آئے ہوں تو وہ ٹھیِک وہ گئی ہے۔ وہ شخص پاک ہے اور کاہن اُسے پاک قرار دے۔ 38 ۳۸۔ اگر کِسی مرد یا عورت کی جِلد پر سفید داغ نمُودار ہو جائیں 39 ۳۹۔تو کاہن اُن کی جانچ کرے۔ اور اگر وہ داغ سیاہی مائل سفید رنگ کے ہوں تو وہ معمُولی کُھجلی ہے جو جِلد پر پُھوٹ پڑی ہے۔ وہ شخص پاک ہے۔ 40 ۴۰۔اگر کِسی آدمی کے بال گِر چُکے ہوں اور وہ گَنجا ہو تو وہ پاک ہے۔ 41 ۴۱۔اور اگر اُس کی کھوپڑی کے سامنے کے یعنی پیشانی کے اُوپر والے بال گِر چُکے ہوں تو وہ گَنجا توہے لیکن پاک ہے۔ 42 ۴۲۔لیکن اگر اُس کے گَنجے سر یا پیشانی پر سُرخی مائل سفید داغ ہو تو وہ جِلد کا ایک متعدّی مَرض ہے جو اُس کے سر یا پیشانی پر پھیلنا شُروع ہوگیا ہے۔ 43 ۴۳۔لٰہذا کاہن اُس کی جانچ کرے اور اگر اُس کے سر یا پیشانی کا داغ سُوجا ہُوا ہو اور اُس کا رنگ کوڑھ کی طرح سُرخی مائل سفید ہو 44 ۴۴۔تو وہ آدمی کِسی جِلد کی بیماری میں مُبتلا ہے اور ناپاک ہے۔ اِس لِئے کاہن کو چاہیے کہ وہ اُس شخص کو سر کے داغ کی وجہ سے ناپاک قرار دے۔ 45 ۴۵۔ اِس قِسم کے متعدّی مَرض مثلاً کوڑھ میں مُبتلا شخص کے لِئے لازم ہے کہ وہ پَھٹے پُرانے کپڑے پہنے اور اُس کے بال بِکھرے ہُوئے ہوں اور وہ اپنے چہرے کے نِچلے حِصّہ کو ڈھانکے اور چِلّا چِلّا کر کہے کہ ناپاک ! ناپاک! 46 ۴۶۔جب تک وہ ایسے متعدّی مَرض میں مُبتلا رہے گا وہ ناپاک سمجھا جائے گا۔ اِس لِئے لازم ہے کہ وہ تنہا رہے اور لشکر گاہ کے باہر زندگی گُزارے۔ 47 ۴۷۔ اگر کِسی کپڑے میں پَھپُوندی لگ جائے تو خُواہ وہ اُونی ہو یا سُوتی اور خواہ وہ سُوت یا اُون سے بنا ہُوا ہو یا چمڑا ہو یا چمڑے سے بنایا گیاہو 48 ۴۸۔اور وہ پَھپُوندی کپڑے یا چَمڑے میں یا ایسے کپڑے کے تانے بانے میں یا چمڑے کی کِسی چیز میں لگی ہو 49 ۴۹۔اور اُس کا رنگ سبزی مائل یا سُرخی مائل ہو تو یہ پھیلنے والی پَھپُھوندی ہے اور وہ کاہن کو ضرُور دِکھائی جائے۔ 50 ۵۰۔اور کاہن اُس پَھپُھوندی کی جانچ کرے اور اُس سے آلُودہ اَشیاء کو سات دِن تک علیحدہ رَکھّے۔ 51 ۵۱۔اور ساتویں دِن وہ اُس کی جانچ کرے اور اگر وہ پھپُھوندی کپڑے کے تانے بانے میں، چمڑے پر یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی چیز پر پھیل چُکی ہو تو وہ کپڑے اور چمڑے کو کھا جانے والی پھَپُھوندی ہے اور ناپاک ہے۔ 52 ۵۲۔لٰہذا وہ سُوتی یا اُونی یا بُنے ہُوئے کپڑے کو یا چمڑے کی چیز کو جِس پر وہ پَھپُھوندی پھیلی ہُوئی ہو، ضرُور جلا دے اور چُونکہ وہ کھا جانے والی پَھپُوندی ہے اِس لِئے اُس سے مُتاثرہ تمام اَشیاء ضرُور جلا دی جائیں۔ 53 ۵۳۔لیکن اگر کاہن کے جانچ کرتے وقت وہ پَھپُوندی سُوت سے بنے ہُوئے یا بُنے ہُوئے کپڑے میں یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی شَے میں پھیلی نہ ہو 54 ۵۴۔تو وہ حُکم دے کہ اُس آلُودہ چیز کو دھو لِیا جائے۔ تب وہ اُس کو مزید سات دِن تک علیحدہ رَکھّے۔ 55 ۵۵۔جب مُتاثرہ چیز دھوئی جا چُکی ہو تو کاہن اُس کی جانچ کرے اور چاہے پَھپُھوندی کا رنگ بدلا بھی نہ ہو اور وہ پھیلی بھی نہ ہو تو بھی وہ ناپاک ہے۔ اُسے آگ میں جلا دِیا جائے، چاہے پَھپُھوندی نے کپڑے کے اُوپر یا اندر اور باہر دونوں طرف اَثر کِیا ہو۔ 56 ۵۶۔اور اگر اُس وقت جب کاہن اُس کی جانچ کرتا ہو اور کپڑے کو دھونے کے بعد پَھپُھوندی کا رنگ ماند پڑ گیا ہو تو وہ اُس کپڑے یا چمڑے کے یا اُس کے تانے بانے کے آلُودہ حِصّہ کو پھاڑ کر الگ کر دے۔ 57 ۵۷۔لیکن اگر وہ پَھپُھوندی اُس کپڑے میں یا اُس سے بنی ہُوئی یا کِسی بُنی ہُوئی چیز میں یا چمڑے کی کِسی چیز میں پِھر سے نمُودار ہو تو گویا وہ پھیل رہی ہے لٰہذا لازم ہے کہ جِس چیز پر بھی وہ پَھپُھوندی نظر آئے اُسے آگ میں جلا دیا جائے۔ 58 ۵۸۔اور اگر اُس کپڑے یا کپڑےسے بنی ہُوئی یا کِسی بُنی ہُوئی یا چمڑےکی کِسی چیز کو دھونے کے بعد اُس کی پَھپُھوندی جاتی رہے تو اُسے پِھر سے دھویا جائے اور تب وہ پاک سمجھی جائے گی۔ 59 ۵۹۔اُونی یا سُوتی کپڑے ، سُوت یا اُون سے بُنے ہُوئے لِباس یا چمڑے کی کِسی چیز میں پَھپُھوندی لگی ہو تو اُسے پاک یا ناپاک قرار دینے کے قوانین یہی ہیں۔