1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا 2 ۲۔جب کوئی کوڑھی رسمی طہارت کے لِئے کاہن کے پاس لایا جائے تو طہارت کی رسم کے قوانین یہ ہوں گے: 3 ۳۔کاہن لشکر گاہ کے باہر جاکر اُس کا معانیہ کرے۔اگر وہ شخص اپنی بیماری سے شِفا یاب ہو چُکا ہے 4 ۴۔تو کاہن حُکم دے کہ پاک قرار دئِیے جانے والے کے لِئے دو زِندہ پاک پِرندے اور دیودار کی لکڑی اور قِرمِزی رنگ کا سُوت اور زُوفہ لایا جائے۔ 5 ۵۔پِھر کاہن حُکم دے کہ اُن دونوں پِرندوں میں سے ایک پِرندے کو مِٹّی کے ایسے برتن میں جو بہتے ہُوئے پانی کے اُوپر رکھا ہو، ذبح کِیا جائے۔ 6 ۶۔پِھر وہ دُوسرے زِندہ پرندہ کو، دیودار کی لکڑی اور قِرمِزی سُوت اور زُوفہ کے ساتھ تازہ پانی کے اُوپر ذبح کِئے گئے پِرندہ کے خُون میں ڈبوئے 7 ۷۔اور اُس شخص پر جو کوڑھ کے مَرض سے پاک وصاف قرار دِیا جانے کو ہے سات بار چِھڑک کر اُسے پاک و صاف قرار دے اور پِھر وہ اُس زندہ پرندہ کو کُھلے میدان میں چھوڑ دے۔ 8 ۸۔اور اُس پاک وصاف قرار دِئیے جانے والے شخص کے لِئے لازم ہے کہ وہ اپنے کپڑے دھوئے، اپنے سارے بال مُنڈاوائے اور پانی سے نہائے۔ تب وہ رسمی طور پاک سمجھا جائےگا۔ اِس کے بعد وہ لَشکر گاہ میں آ سکتا ہے لیکن ضرُوری ہے کہ وہ سات دِن کے لِیئے اپنے خیمہ سے باہر ٹھہرے 9 ۹۔اور ساتویں دِن وہ اپنے سارے بال مُنڈوادے، یعنی وہ اپنا سر، داڑھی، اَبرو اور اپنے باقی بال ضرُور مُنڈوادے۔ لازم ہے کہ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ تب وہ پاک ہو گا۔ 10 ۱۰۔اور آٹھویں دِن وہ دو بے عیب نر بّرے اور ایک ایک سالہ بے عیب مادہ بّرہ اور نذر کی قُربانی کےلِئے ایفہ کے تیِن دہائی حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُوا مَیدہ اور لوج بَھر تیل لے۔ 11 ۱۱۔اور کاہن جو اُسے پاک قرار دے، اُس پاک قرار دِئیے جانے والے شخص اور اُس کی نذروں کو خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر خُداوند کو پیش کرے۔ 12 ۱۲۔پِھر وہ کاہن اُن نر بّروں میں سے ایک کو لوج بھر تیل کے ہمراہ جُرم کی قُربانی کے طور پر نذر بطور زِندہ پیش کرے اور اُن کو ہلانے کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے آگے ہلائے۔ 13 ۱۳۔اور وہ اُس بّرہ کو اُس پاک مقام پر ذبح کرے جہاں خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی کے جانوروں کو ذبح کِیا جاتا ہے۔ خَطا کی قُربانی کی طرح جُرم کی قُربانی بھی کاہن کا حِصّہ ہوتی ہے اور یہ نہایت ہی مُقدّس ہے۔ 14 ۱۴۔اور کاہن جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے کر پاک قرار دِئیے جانے والے شخص کے دہنے کان کی لَو پر، دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اور دہنے پاؤں کے اَنگُوٹھے پر لگائے۔ 15 ۱۵۔اور کاہن پِھر اُس لوج بھر تیل میں سے کُچھ تیل لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔ 16 ۱۶۔اور اپنی دہنی اُنگشتِ شہادت کو اپنی ہتھیلی کے تیل میں ڈبوئے اور اپنی اُنگلی سے اُس تیل کو سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔ 17 ۱۷۔اور کاہن اپنی ہتھیلی کے باقی تیل میں سے کُچھ پاک قرار دِئیے جانے والے کے داہنے کان کی لَو پر، اُس کے داہنے ہاتھ کے اَنگُوٹھے پر اور اُس کے داہنےپاؤں کے اَنگُوٹھے پر اور جُرم کی قُربانی کے خُون کے اُوپر لگائے۔ 18 ۱۸۔اور کاہن اپنی ہتھیلی کے باقی ماندہ تیل کو پاک قرار دِئیے جانے والے کے سر پر لگا دے اور خُداوند کے حُضور اُس کے لِئے کفّارہ دے۔ 19 ۱۹۔اور پِھر کاہن خَطا کی قُربانی پیش کرنے اور ناپاکی سے پاک قرار دِئیے جانے والے کے لِیئے کفّارہ دے۔ اُس کے بعد کاہن سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرے۔ 20 ۲۰۔اور اُسے نذر کی قُربانی کے ہمراہ مذبح پر چڑھا کر کفّارہ دے اور وہ پاک ٹھہرے گا۔ 21 ۲۱۔لیکن اگر وہ غریب ہو اور اُسے اِتنا مقدُور نہ ہو تو وہ اپنا کفّارہ دینے کی خاطر ہلانے کے لِئے جُرم کی قُربانی کے طور پر ایک نر بّرہ اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے دَسویں حِصّہ کے برابر تیل مِلا مَیدہ، ایک لوج تیل 22 ۲۲۔اور اپنے مقدُور کے مُطابق دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بَچّے لے جِن میں سے ایک خطا کی قُربانی کے لِئے اور دوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے ہو۔ 23 ۲۳۔آٹھویں دِن وہ اُنہیں اپنے پاک قرار دِئیے جانے کے لِئے خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر خُداوند کے آگے کاہن کے پاس لائے۔ 24 ۲۴۔اور کاہن جُرم کی قُربانی کے اُس برّہ کو اور لوج بھر تیل کے لے کر خُداوند کے آگے ہلانے کی قُربانی کے طور پر ہلائے۔ 25 ۲۵۔اور جُرم کی قُربانی کے لِئے برّہ کو ذبح کرے اور اُس کا کُچھ خُون لے کر پاک قرار دِئیے جانے والے شخص کے داہنے کان کی لَو پر، اُس کے داہنے ہاتھ کے اَنگُوٹھے پر اور اُس کے داہنے پاؤں کے اَنگُوٹھے پر لگائے۔ 26 ۲۶۔اور کاہن اُس تیل میں سے کُچھ تیل کو اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے 27 ۲۷۔اور اپنے داہنے ہاتھ کی انگشتِ شہادت سے اپنی ہتھیلی کے تیل کو سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔ 28 ۲۸۔اور اپنی ہتھیلی میں کے تیل میں سے کُچھ وہ اُن جگہوں پر لگائے جہاں اُس نے جُرم کی قُربانی کا خُون لگایا تھا یعنی پاک قرار دِئیے جانے والے کے داہنے کان کی لَو پر، اُس کے داہنے ہاتھ کے اَنگُوٹھے پر اور اُس کے داہنے پاؤں کے اَنگُوٹھے پر۔ 29 ۲۹۔اور کاہن اپنی ہتھیلی کے باقی تیل کو پاک قرار دِئیے جانے والے شخص کے سر پر لگا دے تاکہ خُداوند کے حُضور اُس کے لِئے کفّارہ دِیا جائے۔ 30 ۳۰۔پِھر وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں میں سے جِنہیں وہ لاسکے، ایک ایک کی قُربانی پیش کرے۔ 31 ۳۱۔ ایک کو خطا کی قُربانی کےلِئے اور دُوسرے کو نذر کی قُربانی کے ہمراہ سوختنی قُربانی کے لِئے۔ اِس طرح کاہن پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے لِئے خُداوند کے حضُور میں کفّارہ دے۔ 32 ۳۲۔جو کوئی جِلد کی متعدّی بیماری یعنی کوڑھ میں مُبتلا ہو اور اپنے پاک ہونے کے لِئے باقاعدہ نذر مُہیا نہ کر سکتا ہو، اُس کے لِئے قوانین یہی ہیں۔ 33 ۳۳۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ 34 ۳۴۔جب تُم ملکِ کنعانؔ میں جِسے میں تُمہیں تُمہاری ملکیت کے طور پر دے رہا ہُوں داخل ہو اور مَیں اُس ملک میں کِسی گھر میں پھیلنے والی کوئی پَھپھُوندی پیدا کرُوں 35 ۳۵۔تو لازم ہوگا کہ اُس گھر کا مالک جاکر کاہن کو بتائے کہ اُس نے اپنے گھر میں پَھپھُوندی کی سی کوئی چیز دیکھی ہے۔ 36 ۳۶۔تو کاہن اُس پَھپھُوندی کی جانچ کرنے کے لِئے جانے سے پیشتر اُس مکان کی خالی کرنے کا حُکم دے تاکہ اُس گھر کی کوئی چیز ناپاک نہ ٹھہرائی جائے۔ بعد اَزاں کاہن جاکر اُس گھر کا مُعاینہ کرے۔ 37 ۳۷۔ اور دیواروں پر اُس پَھپھُوندی کی جانچ کرے۔ اگر وہ سبزی مائل یا سُرخی مائل لکیروں کی طرح ہو جو دیوار کی سطح سے گہری دِکھائی دے 38 ۳۸۔تو کاہن اُس گھر کے دروازہ سے باہر جائے اور سات دِن کےلِئے اُسے بند رکھے۔ 39 ۳۹۔اور ساتویں دِن وہ اُس گھر کا مُعاینہ کرنے کے لِئے لَوٹے۔ اگر وہ پَھپھُوندی دِیواروں پر پھیل گئی ہو 40 ۴۰۔تو وہ حُکم دے کہ پھپھُوندی سے مُتاثرہ پَتھر نِکال کر قصبہ سے باہر کِسی ناپاک جگہ میں پھینک دِئیے جائیں۔ 41 ۴۱۔اور وہ حُکم دے کہ گھر کی تمام اَندُرونی دیواریں کُھرچی جائیں اور کُھرچن کو قصبہ سے باہر کِسی ناپاک جگہ کُوڑے کے ڈھیر پر ڈال دِیا جائے۔ 42 ۴۲۔اور پِھر وہ اُن پَتّھروں کی جگہ دُوسرے پَتھر لگائیں اور تازہ گارے سے اُس گھر کی لیپائی کریں۔ 43 ۴۳۔اور اگر وہ پھپھُوندی اُس گھر میں پتّھر نِکالنے، کُھرچنے اور لیپائی کرنے کے بعد دُوبارہ نمُودار ہو 44 ۴۴۔تو کاہن اَندر جاکر اُس کی جانچ کرے اور اگر وہ پھپھُوندی اُس گھر میں پھیل گئی ہو تو پھپھُوندی خطرناک ہے اور وہ گھر ناپاک ہے۔ 45 ۴۵۔اُسے ضرُور توڑ ڈالنا چاہیے اور اُس کے پتھر، لکڑیاں اور اُس کے لیپ کی مِٹّی کو قصبہ سے باہر کِسی ناپاک جگہ لے جانا چاہیے۔ 46 ۴۶۔اور ہر ایک جو اُس بند کِئے ہُوئے گھر میں جائے گا شام تک ناپاک رہے گا۔ 47 ۴۷۔اور جو کوئی اُس گھر میں سوئے یا کُچھ کھائے وہ اپنے کپڑے ضرُور دھولے۔ 48 ۴۸۔لیکن اگر کاہن اُس کا معاینہ کرنے آئے اور وہ پھپھُوندی اُس گھر کی لیپائی کرنے کے بعد پھیلی نہ ہو تو وہ اُس گھر کا پاک ٹھہرائے کیونکہ پھپھُوندی جا چُکی ہے۔ 49 ۴۹۔اور اُس گھر کو پاک کرنے کے لِئے وہ دو پرندے، دیودار کی لکڑی، سُرخ دھاگے اور زُوفہ لے 50 ۵۰۔ اور اُن پرندوں میں سے ایک کو بہتے پانی پر رکھے ہُوئے مِٹّی کے کِسی برتن میں ذبح کرے۔ 51 ۵۱۔اور پِھر وہ دِیوار کی اُس لکڑی، زُوفہ، سُرخ دھاگے اور اُس زِندہ پرندہ کو لے کر اُن کو اُس مُردہ پرندہ کے خُون اور بہتے پانی میں ڈبو کر سات بار اُس گھر میں چِھڑکے۔ 52 ۵۲۔اور وہ اُس گھر کو اُس پرندہ کے خُون، اُس بہتے پانی، اُس زِندہ پرندہ، دیوار کی لکڑی، زُوفہ اور اُس سُرخ دھاگے سے پاک کرے۔ 53 ۵۳۔پِھر وہ اُس زِندہ پرندہ کو قصبہ کے باہر کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے۔ اِس طریقہ سے وہ اُس گھر کے لِئے کفّارہ دے اور وہ گھر پاک ٹھہرے گا۔ 54 ۵۴۔جِلد کی ہر قسم کی متعدّی بیماری کے لِئے، خارِش کے لِئے، 55 ۵۵۔کپڑوں یا گھر میں پھپھُوندی کے لِئے، 56 ۵۶۔سُوجن، ورم یا چمکیلے داغ کے لِئے 57 ۵۷۔اور یہ جانچ کرنے کے لِئے کہ کب کوئی چیز پاک یا ناپاک ہے، قوانین یہ ہیں۔ جِلد کی متعدّی بیماریوں اور پھپھُوندی کے لِئے یہی قوانین ہیں۔