باب۱۵

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ سے کلام کرو اور اُن سے کہو کہ جب کوئی آدمی جِسمانی جریان میں مُبتلا ہو تووہ جریان ناپاک ہے۔ 3 ۳۔خواہ یہ اُس کے جِسم سے بہتا رہے یا بند ہو جائے یہ اُس کی ناپاکی کا باعث ہو گا۔ اُس کا جریان ناپاکی کا عث اِس طرح ہوگا: 4 ۴۔کہ جِس بستر پر جریان والا آدمی لیٹے گا وہ بستر ناپاک ہوگا اور جس چیز پر وہ بیٹھے گا وہ چیز ناپاک ہوگی۔ 5 ۵۔اور جو کوئی اُس کے بستر کو چُھوئے اُسے لازم ہے کہ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 6 ۶۔اور جو کوئی اُس چیز پر بیٹھے جِس پر جریان والا مَرد بیٹھا ہو وہ ضرُور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 7 ۷۔ اور جو کوئی جریان کے مریض کو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اور شام تک ناپاک رہے گا۔ 8 ۸۔ اور اگر جریان کا مریض کِسی دُوسرے آدمی پر جو پاک ہو، تھُوک دے تو وہ ضرُور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 9 ۹۔اور جب جریان کا مریض سواری کرے تو جِس کِسی چیز پر وہ بیٹھے گا وہ ناپاک ہو جائے گی۔ 10 ۱۰۔جو کوئی اُن چیزوں میں سے کِسی چیز کو جو اُس کے نیچے رہی ہوں، چُھوئے گا وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اور جو کوئی اُن چیزوں کو اُٹھاتا ہے وہ ضرُور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی غُسل کرے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 11 ۱۱۔ اور جریان کا مریض اپنے ہاتھ دھوئے بغیر جِس کِسی کو چُھوئے وہ ضرُور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اوروہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 12 ۱۲۔اور مِٹی کا برتن جِسے وہ آدمی چُھوئے ضرُور توڑ دِیا جائے اور اگر وہ لکڑی کا برتن ہو تو وہ پانی سے مِل کر دھو لیا جائے۔ 13 ۱۳۔اور جب کوئی مریض جریان سے شِفا یاب ہو جائے تو وہ رسماً پاک ٹھہرنے کے لِئے سات دِن گِنے، تب وہ اپنے کپڑے دھوئے اور بہتے ہُوئے پانی میں نہائے اور وہ پاک ہوگا۔ 14 ۱۴۔ اور آٹھویں دِن اُسے لازم ہے کہ دو قُمریاں یا کبوتر کے دو بچّے لے کر خیمۂ اِجتماع کے مدخل کی طرف خُداوند کے آگے آئے اور اُنہیں کاہن کو دے۔ 15 ۱۵۔کاہن ایک کو خطا کی قُربانی کے طور پراور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے طور پر گُذرانے اور یُوں وہ خُداوند کے آگے اُس آدمی کے لِئے اُس کے جریان کے سبب سے کفّارہ دے۔ 16 ۱۶۔جب کِسی مَرد کو اِنزال ہو تو اُسے لازم ہے کہ وہ پانی سے نہائے اور شام تک وہ ناپاک ہوگا۔ 17 ۱۷۔اور وہ کپڑا یا چمڑا جو نطفہ سے آلُودہ ہو جائے لازماً پانی سے دھویا جائے اور شام تک ناپاک سمجھا جائے۔ 18 ۱۸۔اور جب کوئی مَرد عورت سے ہم بِستر ہو اور اِنزال ہو جائے تووہ دونوں پانی سے نہائیں، وہ شام تک ناپاک رہیں گے۔ 19 ۱۹۔ جِس کِسی عورت کو حَیض کا خُون شُروع ہو جائے تووہ سات دِن تک ناپاک رہے گی اور جو کوئی اُسے چُھوئے گا، شام تک ناپاک رہے گا۔ 20 ۲۰۔اور حَیض کے دِنوں میں جِس چیز پربھی وہ لیٹے گی وہ ناپاک ہو جائے گی۔ 21 ۲۱۔ لٰہذا جو کوئی اُس بِستر کو چُھوئے اُسے لازم ہے کہ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 22 ۲۲۔اور جو کوئی اُس چیز کو جِس پر وہ بیٹھتی ہو چُھو لے تووہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 23 ۲۳۔ اور جِس چیز پر وہ بیٹھی ہو خواہ وہ بِستر ہا یا کوئی اور چیز، جب بھی کوئی اُسے چُھوئے گا وہ شام تک ناپاک رہےگا۔ 24 ۲۴۔اگر مَرد اُس کے ساتھ ہم بِستر ہو اور حَیض کا خُون اُسے لگ جائے تووہ سات دِن تک ناپاک رہے گا اور جِس بستر پر وہ لیٹے گا وہ بھی ناپاک ہو جائےگا۔ 25 ۲۵۔اور اگر کِسی عورت کو حَیض کے مُخصوص دِنوں کے علاوہ اور بھی بہت دِنوں تک لگا تار خُون آتا رہے یا حَیض کی مُدّت کے بعد بھی خُون جاری رہے تو وہ خُون کے جاری رہنے تک ناپاک رہے گی جیسی حَیض کے دِنوں میں رہتی ہے۔ 26 ۲۶۔اور جریانِ خُون کے دُوران جِس بستر پر وہ لیٹے گی تو وہ اُسی طرح ناپاک ہوگا جِس طرح اُس کا بستر ایّام حَیض کے دوران ناپاک ہوتا ہے۔ اور جِس چیز پر وہ بیٹھے گی وہ بھی حَیض کے دِنوں کی نجاست کی طرح ناپاک ہو گی۔ 27 ۲۷۔اور جو کوئی اُنہیں چُھوئے گا وہ ناپاک ہو جائے گا۔ لٰہذا اُسے لازم ہے کہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 28 ۲۸۔اور جب اُس کا جریانِ خُون رُک جائے تو اُسے لازم ہے کہ سات دِن گِنے اور اُس کے بعد وہ رسماً پاک ہوگی۔ 29 ۲۹۔اور آٹھویں دِن اُسے لازم ہے کہ وہ دو قُمریاں یا کبوتر کے دو بچّے لے اور اُنہیں خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر کاہن کے پاس لائے۔ 30 ۳۰۔اور کاہن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے اور یُوں وہ اُس کے جریان کی ناپاکی کے لِئے اُس کے واسطے خُداوند کے آگے کفّارہ دے۔ 31 ۳۱۔تُم بنی اِسرائیلؔ کو ناپاک کرنے والی چیزوں سے ہمیشہ دُور رکھنا تاکہ وہ میرے مَقدِس کو جو اُن کے درمیان ہے ناپاک کرنے کی وجہ سے اپنی نجاست میں ہلاک نہ ہُوں۔ 32 ۳۲۔اُس مَرد کے لِئے جِسے جریان ہو اور جو کوئی اَنزال کے باعث ناپاک ہو 33 ۳۳۔اور اُس عورت کے لِئے جِسے ماہواری حَیض آ رہا ہو اور اُس مَرد یا عورت کے لِئے جو جریان میں مُبتلا ہوں اور اُس مَرد کے لِئے جو رسماً ناپاک عورت سے ہم بستر ہو، قوانین یہی ہیں۔