1 ۱۔ہارُونؔ کے دو بیٹے خُداوند کے نزدیِک آئے اور مَر گئے تھے۔ اُن کی وفات کے بعد خُداوند مُوسیٰؔ سے ہمکلام ہُوا 2 ۲۔اور خُداوند نے کہا کہ اپنے بھائی ہارُونؔ سے کہہ کہ جب دِل چاہے پردہ کے پیچھے پاک ترین مقام میں کفّارہ کے سرپوش کے سامنے جو صندُوق پر ہے، نہ آیا کرے ورنہ وہ مَر جائے گا کیونکہ مَیں کفّارہ کے سر پوش کے اُوپر بادل میں ظاہر ہوتا ہُوں۔ 3 ۳۔ہارُونؔ پاک تریِن مقام میں آئے تو خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بِچھڑا اور سوختنی قُربانی کےلِئے ایک مینڈھا ساتھ لائے 4 ۴۔وہ کِتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اور اُس کے تن پر کتان کے زیر جامے ہوں اور اُس نے کتان کا پٹکا باندھا ہُوا ہو اور سر پر کتان کا عمامہ بندھا ہو۔ یہ مُقدّس لباس ہیں لٰہذا وہ اُنہیں پہننے سے پیشتر پانی سے نہائے۔ 5 ۵۔اور وہ اِسرائیلی جماعت سے خطا کی قُربانی کےلِئے دو بکرے اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لے۔ 6 ۶۔اور ہارُونؔ خُود اپنی خطا کی قُربانی کےلِئے اُس بَچھڑے کو پیش کرے تاکہ وہ اُس کے لِئے اور اُس کے گھرانے کے لِئے کفّارہ ہو۔ 7 ۷۔اور پِھر وہ اُن دونوں بَکروں کو لے کر خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر خُداوند کے حضُور میں کھڑا کرے۔ 8 ۸۔اور ہارُونؔ اُن دِنوں بَکروں پر قُرعہ ڈالے۔ ایک قُرعہ خُداوند کے لِئے اور دُوسرا قُرعہ عزازیلؔ کے لِئے 9 ۹۔اور ہارُونؔ اُس بَکرے کو جِس کا قُرعہ خُداوند کے نام نِکلے لا کر اُسے خطا کی قُربانی کے لِئے گُذرانے 10 ۱۰۔لیکن بذریعہ قُرعہ عزازیلؔ کے لِئے چُنے جانے والے بَکرے کو زِندہ ہی خُداوند کے حُضور میں لایا جائے تاکہ اُسے بیابان میں عزازیلؔ کے لِئے چھوڑ کر بطورِ کفّارہ اِستعمال کِیاجائے۔ 11 ۱۱۔اور ہارُونؔ خُود اپنی خطا کی قُربانی کے لِئے اُس بچھڑے کو لائے تاکہ اپنے لِئے اور اپنے گھرانے کے لِئے کفّارہ دے اور وہ اپنی خطا کی قُربانی کے لِئے اُس بچھڑے کو ذبح کرے۔ 12 ۱۲۔اور وہ ایک بخُور دان لے جِس میں خُداوند کے مذبح پر کی آگ کے انگارے بھرے ہوں اور اپنی دونوں مُٹّھیوں میں باریک پِسا ہُوا خُوشبودار بخُور لے کر اُسے پردہ کے پیچھے لے جائے۔ 13 ۱۳۔اور وہ اُس بخُور کو خُداوند کےحُضور آگ میں ڈال دے اور اُس بخُور کا دُھواں کفّارہ کے سر پوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چُھپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔ 14 ۱۴۔اور وہ بچھڑے کا کُچھ خُون لے کر اپنی اُنگلی سے اُسے کفّارہ کے سر پوش کے سامنے چِھڑکے اور پِھر اُس خُون میں سے کُچھ وہ اپنی اُنگلی سے سات بار کفّارہ کے سرپوش کے آگے چِھڑکے۔ 15 ۱۵۔پِھر وہ لوگوں کی خاطر خَطا کی قُربانی کے بکرے کو ذبح کرے اور اُس کے خُون کو پردہ کے پیچھے لے جاکر اُس سے بھی وہی کرے جو اُس نے بچھڑے کے خُون کے ساتھ کِیا تھا۔ وہ اُسے کفّارہ کے سر پوش پر اور اُس کے سامنے چِھڑکے۔ 16 ۱۶۔اِس طرح وہ بنی اِسرائیلؔ کی نجاست اور بغاوت کے سبب سے پاک ترین مقام کے لِئے کفّارہ دے اور ایسا ہی وہ خیمۂ اِجتماع کے لِئے بھی کرے جو اُن کی نجاست کے ساتھ اُن کے درمیان رہتا ہے۔ 17 ۱۷۔اور جب ہارُونؔ کفّارہ دینے کو پاک ترین مقام کے اندر جائے تو جب تک وہ اپنے اور اپنے گھرانے اور بنی اِسرائیلؔ کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے کر باہر نہ آجائے اُس وقت تک کوئی بھی خیمۂ اِجتماع کے اندر موجود نہ رہے۔ 18 ۱۸۔پِھر وہ باہر نِکل کر اُس مذبح کے پاس جائے جو خُداوند کے آگے ہے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے۔ اور وہ اُس بچھڑے کا کُچھ خُون اور اُس بکرے کا کُچھ خُون لے کر مذبح کے سینگوں پر لگائے۔ 19 ۱۹۔اور اپنی اُنگلی سے کُچھ خُون سات بار اُس پر چِھڑک کر اُسے بنی اِسرائیلؔ کی نجاست سے پاک اور مُقدّس کرے۔ 20 ۲۰۔اور جب ہارُونؔ پاک ترین مقام، خیمۂ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے چُکے تو وہ زِندہ بکرے کو آگے لائے 21 ۲۱۔اور اپنے دونوں ہاتھ اُس کے سر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیلؔ کی ساری بد کرداری اور نافرمانی یعنی اُن کے تمام گُناہوں کا اِقرار کرے اور اُنہیں اُس بکرے کے سر ڈال دے اور وہ اُس بکرے کو کِسی مقرّر کردہ آدمی کے وسیلہ بیابان میں بھیج دے۔ 22 ۲۲۔وہ بکرا اُن کے تمام گُناہ اُٹھا کر اُنہیں کِسی ویرانہ میں لے جائے گا اور وہ آدمی اُس بکرے بیابان میں چھوڑ دے۔ 23 ۲۳۔پِھر ہارُونؔ خیمۂ اِجتماع میں جاکر کتان کے وہ کپڑے جو اُس نے پاکترین مقام میں داخل ہونے سے پیشتر پہنے ہُوئے تھے، اُتار دے اور اُنہیں وہیں چھوڑ دے۔ 24 ۲۴۔اور وہ کِسی پاک مقام پر پانی سے نہائے اور اپنے عام کپڑے پہن لے۔ اور پِھر باہر آکر اپنے لِئے سوختنی قُربانی پیش کر کے اور لوگوں کے لِئے سوختنی قُربانی پیش کرکے اپنے لِئے اور لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔ 25 ۲۵۔اور خطا کی قُربانی کی چَربی کو بھی مذبح پر جلائے۔ 26 ۲۶۔اور وہ آدمی جو اُس بکرے کو عُزازیلؔ کے لِئے چھوڑ کر آئے اُسےلازم ہے کہ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے۔ بعد اَزاں وہ آدمی لشکرگاہ میں آسکتا ہے۔ 27 ۲۷۔اور خطا کی قُربانیوں کے بَیل اور بکرے کو جِن کا خُون کفّارہ دینے کے لِئے پاک ترین مقام میں لایا گیا تھا اُنہیں لازماً لشکرگاہ سے باہر لے جایا جائے اور اُن کی کھالوں، گوشت اور اَنتڑیوں وغیرہ کو آگ میں جلا دِیا جائے۔ 28 ۲۸۔اور اُنہیں جلانے والے آدمی کو لازم ہے کہ وہ اپنے کپڑے دھوئے اورپانی سے نہائے بعداَزاں وہ لشکر گاہ میں آ سکتا ہے۔ 29 ۲۹۔اور تُمہارے لِئے ایک دائمی مذہبی فریضہ یہ ہوگا کہ تُم ساتویں مہینہ کی دَسویں تاریخ کو خُود اِنکاری کرنا اور کوئی بھی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُمہارے درمیان رہتا ہو کِسی طرح کا کام نہ کرے 30 ۳۰۔کیونکہ اِس دِن تُمہیں پاک کرنے کے لئے تُمہاری خاطر کفّارہ دِیا جائے گا۔ تب تُم خُداوند کے حُضور اپنے تمام گُناہوں سے پاک ٹھہرو گے۔ 31 ۳۱۔یہ آرام کا ایک سبت ہے لٰہذا تُمہیں لازم ہے کہ خُود اِنکاری کرو ۔ یہ دائمی مذہبی فریضہ ہے۔ 32 ۳۲۔اور وہی کاہن جو اپنے باپ کی جگہ سردار کاہن ہونے کے لِئے مَسح اور مُخصوص کِیا گیا ہو، کفّارہ دے اور مُقدّس کتانی لباس پہنے۔ 33 ۳۳۔اور پاک ترین مقام، خیمۂ اِجتماع اور مذبح اور کاہنوں کے لِئے اور جماعت کے تمام لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔ 34 ۳۴۔تمہارے لِئے ایک دائمی مذہبی فریضہ یہ ہوگا کہ سال میں ایک بار بنی اِسرائیلؔ کے تمام گُناہوں کا کفّارہ دِیا جائے ۔ اور جیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا اُس نے ویسا ہی کِیا۔