1 ۱۔پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے اور سب اِسرائیلیوں سے کہہ کہ خُداوند نے یہ حُکم دِیا ہے کہ 3 ۳۔بنی اِسرائیلؔ میں جو کوئی بَیل یا بّرہ یا بکرے کو لشکرگاہ کے اندر یا باہر قُربان کرے۔ 4 ۴۔بجائے اِس کے کہ اُسے خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر لا کر خُداوند کے مسکن کے آگے خُداوند کے حُضور میں بطور نذر پیش کرے توہ آدمی خُونی سمجھا جائے گا۔ اُس نے خُون کِیا ہے لٰہذا وہ اپنے لوگوں میں سے ضرُور کاٹ ڈالا جائے۔ 5 ۵۔یہ اِس لِئے ہے کہ نبی اِسرائیلؔ اپنی قُربانیاں جِنہیں وہ اَب کُھلے میدانوں میں کر رہے ہیں خُداوند کے حُضور میں لائیں۔ اُنہیں لازم ہے کہ وہ اُنہیں کاہن کے پاس یعنی خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر خُداوند کے حُضور لاکر رفاقت کی نذروں کے طور پر پیش کریں۔ 6 ۶۔اور کاہن اُس خُون کو خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر خُداوند کے مذبح کے مُقابل چِھڑکے اور چَربی کو خُداوند کے لِئے خُوشگوار خُوشبُو کے طور پر جلائے۔ 7 ۷۔اور وہ آیندہ کبھی بھی اُن بکروں کی مُورتوں کے لِئے جِن کے پیرو ہو کر وہ زنا کار ٹھہرے ہیں، اپنی قُربانیاں نہ پیش کریں یہ اُن کے اور اُن کی آیندہ نسلوں کے لِئے دائمی مذہبی فریضہ ہوگا۔ 8 ۸۔ اور اُن سے کہہ دے کہ اگر بنی اِسرائیلؔ کا کوئی آدمی یا کوئی پردیسی جو اُن کے درمیان رہتا ہے سوختنی قُربانی یا ذبیحہ پیش کرے 9 ۹۔اُسے خیمۂ اِجتماع کے مدخل پر خُداوند کے حضُور میں چڑھانے کو نہ لائے تو وہ آدمی اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ 10 ۱۰۔اگر بنی اِسرائیلؔ کا کوئی آدمی یا کوئی پردیسی جو اُن کے درمیان رہتا ہے، خُون کھائے تو میں اُس خُون کھانے والے کے خلاف ہُوں گا اور اُسے اُس کے لوگوں میں کاٹ ڈالُوں گا۔ 11 ۱۱۔کیونکہ جِسم کی جان اُس کے خُون میں ہوتی ہے اور اُسے میں نے تُمہیں اِس لِئے دِیا ہے کہ وہ مذبح پر تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔ یہ خُون ہی ہے جو کِسی جان کے لِئے کفّارہ دیتا ہے۔ 12 ۱۲۔اِس لِئے میں بنی اِسرائیلؔ سے کہتا ہُوں کہ تُم میں سے کوئی بھی خُون نہ کھائے اور نہ ہی کوئی پردیسی جو تُمہارے درمیان رہتا ہے، خُون کھائے۔ 13 ۱۳۔اگر بنی اِسرائیلؔ کا کوئی آدمی یا کوئی پردیسی جو تُمہارے درمیان رہتا ہو کِسی جانور یا پرندہ کو جو کھانے کے لائق ہو شِکار کرے تووہ اُس کا خُون نِکال کر اُسے مِٹّی سے ڈھانک دے۔ 14 ۱۴۔کیونکہ ہر جاندار کی جان اُس کے لہُو میں ہوتی ہے۔ اِس لِئے مَیں نے بنی اِسرائیلؔ سے کہا ہے کہ تُم کِسی جاندار کا خُون ہرگز نہ کھانا کیونکہ جاندار کا لہُو ہی اُس کی جان ہے اور جو کوئی اُسے کھائے وہ کاٹ ڈالا جائے۔ 15 ۱۵۔اور جوکوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی کِسی مُردار کویا کِسی درندہ کے پھاڑے ہُوئے جانور کو کھائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ اور وہ شام تک ناپاک رہے گا اور اُس کے بعد پاک ہوگا۔ 16 ۱۶۔لیکن اگر وہ اپنے کپڑے نہ دھوئے اور غُسل نہ کرے تواُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔