باب۱۸

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ سے مُخاطب ہو اور اُنہیں بتا کہ مَیں خُداوند تُمہاراخُدا ہُوں۔ 3 ۳۔تُم ویسے کام ہرگِز نہ کرنا جیسے مِصرؔ میں کِئے جاتے ہیں جہاں تُم رہا کرتے تھے اور ویسے کام بھی نہ کرنا جیسے ملک کنعانؔ میں کِئے جاتے ہیں جہاں مَیں تُمہیں لے جارہا ہُوں اور نہ ہی اُن کی رسموں پر چلنا۔ 4 ۴۔تُم میرے احکام کی تعمیل کرنا اور میرے آئین کو مان کر اُن پر چلنا کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 5 ۵۔تُم میرے احکام اور قوانین پر عمل کرنا کیونکہ جو آدمی اُنہیں مانے گا وہ اُن کے باعث زِندہ رہے گا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 6 ۶۔تُم میں سے کوئی بھی جنسی تعلقات قائم کرنے کی غرض سے اپنے کِسی قریبی رِشتہ دار کے پاس نہ جائے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 7 ۷۔ تُم اپنی ماں کے بَدن کو بے پردہ کرکے اپنے باپ کی بے عزّتی نہ کرنا وہ تُمہاری ماں ہے۔ تُم اُس سے جنسی تعلقات پیدا نہ کرنا۔ 8 ۸۔تُم اپنے باپ کی بیوی کے بَدن کو بے پَردہ نہ کرنا کیونکہ اُس سے تُمہارے باپ کی بے حُرمتی ہو گی۔ 9 ۹۔تُم اپنی بہن کے بَدن کے بے پردہ نہ کرنا خواہ وہ تُمہارے باپ کی بیٹی ہو خواہ تُمہاری ماں کی بیٹی ہو اور چاہے وہ گھر میں پیدا ہُوئی ہو یا کہیں اور۔ 10 ۱۰۔ تُم اپنی پوتی یا اپنی نواسی کے بَدن کو بے پَردہ نہ کرنا کیونکہ اُس سے تُمہاری اپنی ہی بے حُرمتی ہوگی۔ 11 ۱۱۔تُم اپنے باپ کی بیوی کی بیٹی کے بَدن کو جو تُمہارے باپ سے پیدا ہُوئی ہے بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تُمہاری بہن ہے۔ 12 ۱۲۔تُم اپنی پُھوپھی کے بَدن کو بے پَردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تُہارے باپ کی قریبی رِشتہ دار ہے۔ 13 ۱۳۔تُم اپنی خالہ کے بَدن کو ے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تُمہاری ماں کی قریبی رِشتہ دار ہے۔ 14 ۱۴۔تُم اپنے باپ کے بھائی کی بے حُرمتی نہ کرنا یعنی اُس کی بیوی کے پاس مَت جانا کیونکہ وہ تُمہاری چچی ہے۔ 15 ۱۵۔تُم اپنی بہو کے بَدن کو بے پَردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تُمہارے بیٹے کی بیوی ہے۔ اُس جنسی تعلقات پیدا نہ کرنا۔ 16 ۱۶۔تُم اپنی بھاوج کے بَدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ اُس سے تُمہارے بھائی کی بے حُرمتی ہوگی۔ 17 ۱۷۔تُم کِسی عورت اور اُس کی بیٹی دونوں کو بے پردہ نہ کرنا اور نہ ہی اُس عورت کی پوتی یا نواسی کے بدن کو بے پردہ کرنا کیونکہ وہ اُس کی قریبی رشتہ دار ہیں۔ یہ بڑی خباثت ہے۔ 18 ۱۸۔جب تک تُمہاری بیوی زِندہ ہے، تُم اپنی سالی کو اپنی بیوی کی سوتن بنا کر اُس سے جِنسی تعلقات پیدا نہ کرنا۔ 19 ۱۹۔تُم عورت کے پاس اُس کے حِیض کے دِنوں یعنی اُس کی ناپاکی کے دِنوں میں صحبت کرنے کے لِئے نہ جانا۔ 20 ۲۰۔تُم اپنے کو نجِس کرنے کے لِئے اپنے ہمسایہ کی بیوی سے صُحبت نہ کرنا۔ 21 ۲۱۔تُم اپنی اولاد میں سے کِسی کو مولک کی خاطر آگ میں سے گُزارے جانے کے لِئے ہرگِز نہ دینا تاکہ تُمہارے خُدا کے نام کی بے حُرمتی نہ ہو۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 22 ۲۲۔تُم مَرد کے ساتھ صحبت نہ کرنا جیسے عورت سے کی جاتی ہے۔ یہ نہایت ہی مکُروہ فعل ہے۔ 23 ۲۳۔تُم کِسی جانور سے صُحبت کر کے اپنے آپ کو اُس کے باعث نجس نہ کرنا۔ اور لازم ہے کہ نہ ہی کوئی عورت کِسی جانور سے ہم صحبت ہونے کو اُس کے سامنے آئے کیونکہ یہ کَجروی ہے۔ 24 ۲۴۔تُم اِن طور طریقوں میں سے کِسی کو نہ اپنانا کیونکہ تُم نجس ہو جاؤگے کیونکہ جِن قوموں کو مَیں تُمہارے آگے پسپا کرنے والا ہُوں وہ اِسی طرح کے کام کر کے نجس ہو چُکی ہیں۔ 25 ۲۵۔یہاں تک کہ اُن کا مُلک بھی اُن کی نجاست سے آلُودہ ہوگیا۔ لٰہذا مَیں نے اُس کی بدکاری کی سزا اُسے دی اور اُس مُلک نے اپنے باشندوں کو اُگل دِیا۔ 26 ۲۶۔لیکن تُمہیں لازم ہے کہ میرے احکام اور آئین کو مانو اور تُم میں سے کوئی بھی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُمہارے درمیان رہتا ہے، اِن مکُروہ کاموں میں کوئی کام کبھی نہ کرے۔ 27 ۲۷۔کیونکہ اُن لوگوں نے جو پہلے اُس مُلک میں رہتے تھے یہ سب مکُروہ کام کرکے مُلک کو آلُودہ کر دِیا تھا۔ 28 ۲۸۔اور اگر تُم بھی اُس مُلک کی آلُودگی کا باعث ہو گے تووہ تُم کو بھی اُگل دے گا جیسے اُس نے اُن اقوام کو جو تُم سے پہلے تھیں، اُگل دِیا۔ 29 ۲۹۔اور ہر ایک جو اِن مکُروہ کاموں میں سے کوئی کام کرے وہ اور اُس ایسے تمام اَشخاص لازماً اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالے جائیں۔ 30 ۳۰۔اِس لِئے میری شریعت کو ماننا اور وہ مکُروہ رَسمیں جو تُم سے پیشتر رائج تھیں، تُم اُن مکُروہ رَسموں میں سے کِسی بھی رَسم کی پیروی کر کے اپنے آپ کو اُن سے آلُودہ نہ کرنا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔