1 ۱۔پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ کی ساری جماعت سے مُخاطب ہو اور اُن سے کہہ کہ تُم پاک بنو کیونکہ مَیں جو تُمہارا خُداوند خُدا ہُوں، پاک خُدا ہُوں۔ 3 ۳۔اور تُم میں سے ہر ایک اپنی ماں اور اپنے باپ کی تعظیم کرے اور تُم میرے سبتوں کو ماننا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 4 ۴۔تُم بُتوں کی طرف رجُوع نہ ہونا اور نہ ہی اپنے لِئے دھات سے ڈھالے ہُوئے دیوتا بنانا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 5 ۵۔اور جب تُم خُداوند کے حُضور رفاقت کا ذبیحہ پیش کرو تو اِس طرح پیش کرنا کہ وہ تُمہاری خاطر مقبُول ہو۔ 6 ۶۔اور جِس دِن وہ پیش کِیا جائے وہ اُسی دِن یا اَگلے دِن کھا لِیا جائے اور اگر تیسرے دِن تک کُچھ بچارہ جائے تو وہ ضرُور جلا دِیا جائے۔ 7 ۷۔اگر اُس میں سے کُچھ تیسرے دِن کھایا جائے تو وہ ناپاک ہو جانے کے باعث قبُول نہ ہوگا۔ 8 ۸۔اور جو کوئی اُسے کھائے گا اُس کا گُناہ اُس کے سر لگے گا کیونکہ اُس نے خُداوند کی پاک چیز کو نجس کِیا۔ لٰہذا اُس شخص کا بھی اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جانا ضرُوری ہے۔ 9 ۹۔اور جب تُم اپنی زمین کی پیداوار کی فصل کاٹو تو تُم اپنےکھیت کے اِنتہائی کناروں تک ساری کی ساری نہ کاٹنا اور نہ کٹائی کی گری پڑی بالوں کو چُن لینا۔ 10 ۱۰۔اور تُو اپنے انگُورِستان کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا اور نہ اپنے انگورِستان کے گرے ہُوئے دانوں کو جمع کرنا بلکہ اُنہیں غریبوں اور مُسافروں کے لِئے چھوڑ دینا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 11 ۱۱۔تُم چوری نہ کرنا اور نہ جُھوٹ بولنا اور نہ ایک دُوسرے کو دھوکا دینا۔ 12 ۱۲۔تُم میرا نام لے کر جُھوٹی قسم نہ کھانا جِس سے تُمہارے خُدا کے نام کی بے حُرمتی ہو۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 13 ۱۳۔تُم اپنے پڑوسی کو مَت ٹھگنا اور نہ ہی اُسے لُوٹنا اور نہ کِسی مزدُور کی مزدُوری رات بھر روکے رکھنا۔ 14 ۱۴۔تُو بہرے کو نہ کوسنا اور نہ اندھے کے آگے کوئی ایسی شَے رِکھنا جِس سے اُسے ٹھیس پہنچے۔ بلکہ اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 15 ۱۵۔تُم فیصلہ کرتے وقت بے اِنصافی مَت کرنا اور نہ تو غریب کی طرفداری کرنا اور نہ بڑے آدمی کا لحاظ بلکہ راستی سے اپنے ہمسایہ کا اِنصاف کرنا۔ 16 ۱۶۔تُو اپنے لوگوں میں اِدھر اُدھر افواہیں نہ پھیلاتے پِھرنا اور نہ اپنے پڑوسی کی زِندگی کو خطرے میں ڈالنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 17 ۱۷۔اور تُو اپنے دِل میں اپنے بھائی سے بُغض نہ رَکھنا۔ اپنے ہمسایہ کے کِسی جُرم میں شریک نہ ہونا بلکہ اُسے ڈانٹنا۔ 18 ۱۸۔اِنتقام نہ لینا اور نہ اپنی قوم کے کِسی شخص سے کیِنہ رکھنا بلکہ اپنے پڑوسی سے اپنی مانند مُحبّت کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 19 ۱۹۔میرے احکام کو ماننا۔ اپنے مویشیوں کو کِسی دوسری جنس کے مویشیوں سے جماع نہ کرنے دینا۔ اپنے کھیت میں دو قِسم کے بیج ایک ساتھ نہ بونا۔ ایسا کپڑا جِس میں دو قِسم کے مُختلف اجزا اِستعمال کِئے گئے ہوں، مَت پہننا۔ 20 ۲۰۔اگر کوئی آدمی کِسی ایسی کنیز سے جنسی تعلقات پیدا کر لے جو کِسی اور کی منگیتر ہو لیکن نہ تو اُس کا فِدیہ دِیا گیا ہو اور نہ ہی وہ آزاد کی گئی ہو تو کوئی مناسب سزا دینا ضرُوری ہے۔ تاہم اُنہیں جان سے نہ مارا جائے کیونکہ وہ عورت آزاد نہیں کی گئی تھی۔ 21 ۲۱۔اور وہ آدمی اپنے جُرم کی قُربانی کے لِئے خیمۂ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حُضور ایک مینڈھا لائے جو اُس کے جُرم کے بدلے میں قُربان کِیا جائے۔ 22 ۲۲۔اور کاہن قُربانی کے مینڈھے سے خُداوند کے حضُور اُس کے جُرم کا کفّارہ دے۔ تب جو خطا اُس نے کی ہے وہ اُسے معاف کی جائے گی۔ 23 ۲۳۔جب تُم اُس ملک میں داخل ہو اور وہاں کِسی قسم کا پھل دار درخت لگاؤ تو اُس کا پھل تُمہارے لِئے ممنوع ہوگا۔ تیِن سال تک تُم اُسے ممنوع سمجھنا اور اُسے ہرگز نہ کھانا۔ 24 ۲۴۔اور چوتھے سال اُس کا تمام پھل پاک ہوگا اور تُم اُسے خُداوند کے لِئے بطور نذرانۂ تمجِید مخصُوص کر دینا۔ 25 ۲۵۔لیکن پانچویں سال تُم اُس کا پھل کھا سکتے ہو۔ یُوں تُمہاری فصل بڑھے گی۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 26 ۲۶۔تُم کِسی چیز کو خُون سمیت نہ کھانا اور نہ جادُو ٹُونا کرنا، نہ شگُون نکالنا۔ 27 ۲۷۔تُم اپنے سر کے گوشوں کے بال دائرہ نُما مت کاٹنا اور نہ اپنی داڑھی کے کونوں کو تراشنا۔ 28 ۲۸۔تُم مُردوں کی خاطر اپنے جِسم کو زخمی نہ کرنا اور نہ اپنے اُوپر کُچھ نقوش گُدوانا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 29 ۲۹۔تُم اپنی بیٹی کو کِسبی بنا کر ذلیِل نہ کرنا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ سارا مُلک جِسم فرو شی کی طرف مائل ہو کر بدکاری سے بھر جائے۔ 30 ۳۰۔تُم میرےسبتوں کو ماننا اور میرے مُقدِس کی تعظیم کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 31 ۳۱۔تُم عاملوں اور اَرواح سے بات کرنے والوں کے طالب نہ ہونا کیونکہ وہ تُمہیں نجِس بنادیں گے۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 32 ۳۲۔عُمر رسیدہ اَشخاص کے سامنے اُٹھ کر کھڑے ہو جانا۔ بوڑھوں کا اَدب کرنا اور اپنےخُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 33 ۳۳۔ کوئی پردیسی تُمہارے ساتھ تُمہارے مُلک میں رہتا ہو تو اُس کے ساتھ بد سلُوکی نہ کرنا۔ 34 ۳۴۔جو پردیسی تُمہارے ساتھ رہتا ہو اُس سے دیسی جیسا برتاؤ کرنا بلکہ تُم اُس سے اپنے ہی مانند مُحبّت کرنا کیونکہ تُم بھی مِصؔر میں پردیسی تھے۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُداہُوں۔ 35 ۳۵۔تُم وزن، مقدار اور ناپ تول کے لِئے ناقص پیمانوں کو اِستعمال میں نہ لانا۔ 36 ۳۶۔اور ٹھیک ترازُو، ٹھیک باٹ (خُشک مقدار کے لِئے) پُورا ایفہ اور (مائعات کے لِئے) پُورا ہین اِستعمال کرنا۔ مَیں ہی تُمہارا خُداوند خُدا ہُوں جو تُمہیں مِصؔر سے نِکال کر لایا۔ 37 ۳۷۔میرے سب آئین اور سارے اَحکام کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔