1 ۱۔پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ سے کہہ کہ کوئی اِسرائیلی یا اِسرائیلؔ میں رہنے والا کوئی پردیسی جو اپنی اولاد میں سے کِسی کو مولکؔ کی نذر کرے وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔ جماعت کے لوگ اُسے سنگسار کریں۔ 3 ۳۔اور مَیں بھی اُس شخص کا مُخالف ہُوں گا اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے کاٹ ڈالُوں گا کیونکہ اُس نے اپنے بچّوں کو مولکؔ کی نذر کر کے میرے مَقدِس کو ناپاک کِیا ہے اور میرے پاک نام کی بے حُرمتی کی ہے۔ 4 ۴۔اور جِس وقت وہ آدمی اپنی اولاد میں سے کِسی کو مولکؔ کی نذر کرے اور جماعت کے لوگ چشم پوشی کر کے اُسے جان سے نہ ماریں 5 ۵۔تو مَیں اُس آدمی کا اور اُس کے گھرانے کا مُخالف ہو کر اُسے اور اُن سب کو جو اُس کی پیروی میں مولکؔ کے آگے جُھکیں گے، اُن کی قوم میں سے کاٹ ڈالوں گا۔ 6 ۶۔اور جو شخص عاملوں اور ارواح سے بات کرنے والوں کے آگے جِھکنے کے لِئے اُن کی طرف رجُوع کرے گا، مَین اُس کا مُخالف ہُوں گا اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔ 7 ۷۔لٰہذا تُم اپنی تقدیس کر کے پاک بنو کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 8 ۸۔اورتُم میرے احکام مانو اور اُن پر عمل کرو۔ مَیں خُداوند ہُوں جو تُمہیں مُقدّس کرتا ہُوں۔ 9 ۹۔اور اگر کوئی اپنے باپ یا ماں پر لعنت کرے وہ ضرُور جان سے مار ڈالا جائے۔ اُس نے اپنے باپ یا ماں پر لعنت کی ہے لٰہذا اُس کا خُون اُس کی گردن پر ہوگا۔ 10 ۱۰۔اور اگر کوئی آدمی کِسی دُوسرے آدمی کی بیوی یعنی اپنے پڑوسی کی بیوی سے زنا کرے تو زانی اور زانیہ جان سے مار دِئیے جائیں۔ 11 ۱۱۔اپنی سوتیلی ماں سے صُحبت کرنے والا آدمی اپنے باپ کے بدن کو بے پردہ کرتا ہے لٰہذا وہ مَرد اور عورت دونوں جان سے مار دِئیے جائیں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔ 12 ۱۲۔اور اگر کوئی آدمی اپنی بہو سے ہم بستر ہوتا ہے تو اُن دونوں کو جان سے مار دِیا جائے کیونکہ اُنہوں نے بڑا غلط کام کِیا ہے اور اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔ 13 ۱۳۔اگر کوئی آدمی کِسی مَرد سے صحبت کرے جیسے کہ عورت سے کی جاتی ہے تو اُن دونوں نے نہایت مکُروہ کام کیا ہے۔ لٰہذا وہ ضرُور جان سے مار دِئیے جائیں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔ 14 ۱۴۔اور اگر کوئی آدمی کِسی عورت اور اُس کی ماں دونوں کو رکھے تو یہ بڑی خباثت ہے۔ وہ تینوں آگ میں جلا دِئیے جائیں تاکہ تُمہارے درمیان خباثت نہ رہے۔ 15 ۱۵۔اور اگر کوئی مرد کِسی جانور سے جماع کرے تو وہ جان سے مار دِیا جائے اور اُس جانور کو بھی زِندہ نہ چھوڑا جائے۔ 16 ۱۶۔اگر کوئی عورت کِسی جانور سے جماع کرنے کے لِئے اُس کے پاس جائے تو اُس عورت اور اُس جانور دونوں کو مار ڈالنا۔ وہ ضرُور جان سے مارے جائیں۔ اُن کا خُون اُن کی اپنی ہی گردن پر ہوگا۔ 17 ۱۷۔اگر کوئی آدمی اپنی بہن سے شادی کر لے جو اُس کے باپ کی یا اُس کی ماں کی بیٹی ہو اور وہ مباشرت کریں تو یہ شرمناک بات ہے۔ لٰہذا وہ اپنے لوگوں کی آنکھوں کے سامنے قتل کِئے جائیں۔ اُس نے اپنی بہن کو بے عزّت کِیا۔ اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔ 18 ۱۸۔اگر کوئی آدمی کِسی عورت کے دورانِ حَیض اُس سے ہم بستر ہو اور اُس سے مُباشرت کرے تو اُس نے اُس کے خُون کے بہاؤ کو ننگا کِیا ہے اور اُس عورت نے بھی اُسے بے پردہ کِیا ہے۔ لٰہذا وہ دونوں اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالے جائیں۔ 19 ۱۹۔تُم اپنی خالہ یا پھُوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ اُس سے ایک نزدیکی رشتہ دار کی بے عزّتی ہوتی ہے۔ لٰہذا تُم دونوں کا گُناہ تُمہارے ہی سر لگے گا۔ 20 ۲۰۔ اور اگر کوئی آدمی اپنی چچی یا تائی سے ہم بستر ہو تو اُس نے اپنے چچا یا تاؤ کو رُسوا کِیا ہے۔ اُن کا گُناہ اُن ہی کے سر لگے گا اور وہ بے اولاد مَریں گے۔ 21 ۲۱۔اگر کوئی آدمی اپنے بھائی کی بیوی سے شادی کرے تو یہ نجاست ہے ۔ اُس نے اپنے بھائی کی رُسوائی کی ہے۔ اُن کے اولاد نہ ہوگی۔ 22 ۲۲۔لٰہذا تُم میرے تمام احکام اور قوانین کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا تاکہ وہ ملک جہاں مَیں تُمہیں بسانے کے لِئے لے جارہا ہُوں تُمہیں اُگل نہ دے۔ 23 ۲۳۔اور تُم اُن اقوام کے رسم و رواج پر جِنہیں مَیں تُمہارے آگے سے نکالنے کو ہُوں، مَت چلنا کیونکہ اُنہوں نے یہ سب کام کِئے ہیں۔ مُجھے اُن سے نفرت ہوگئی ہے۔ 24 ۲۴۔لیکن مَیں نے تُم سے کہا کہ تُم اُن کے ملک پر قابض ہو گے۔ وہ ملک جِس میں دُودھ او شہد بہتا ہے، مَیں اُسے بطور وراثت تُمہیں دُوں گا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جِس نے تُمہیں دِیگر اقوام سے الگ کِیا ہے۔ 25 ۲۵۔اِس لِئے تُم پاک اور ناپاک چوپایوں میں اور پاک اور ناپاک پِرندوں میں اِمتیاز کرنا۔ اور کِسی جانور یا پِرندے یا زمین پر رینگنے والے کِسی جاندار سے جِنہیں مَیں نے تُمہارے لِئے ناپاک ٹھہرا کر الگ کِیا ہے، اپنے آپ کو نجس نہ کرنا۔ 26 ۲۶۔تُم میرے لِئے پاک بنے رہنا کیونکہ مَیں جو خُداوند ہُوں، پاک ہُوں اور مَیں نے تُمہیں دیگر اقوام سے الگ کِیا ہے تاکہ تُم میرے ہی بنے رہو۔ 27 ۲۷۔تُمہارے درمیان وہ عورت یا مرد جو عامل ہو یا اَرواح سے بات کرانے کا دعویٰ کرتا ہو، ضرُور جان سے مار دِیا جائے۔ تُم اُنہیں سنگسار کرنا۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہوگا۔